سادہ دل عمران خان


میرا ہمیشہ سے یہی موقف رہا ہے کہ عمران خان نے کرکٹ سے شوکت خانم ہسپتال اور سیاست سے وزارت عظمی تک صرف اپنے ذاتی مفادات کی جنگ ہی لڑی ہے اور آس سلسلے میں اس نے دوسروں کی احسان مندی عزت حق اور میرٹ کا خیال رکھنے کی بجائے ایک بے رحمی کے ساتھ ہمیشہ اس کے پرخچے اڑا کر رکھ دیئے۔

سب سے پہلے ہم 1992 میں جھانکتے ہیں۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں صرف آٹھ ٹیمیں حصہ لے رھی تھیں، پاکستان نے فائنل جاوید میانداد، وسیم اکرم اور عاقب جاوید کی شاندار کارکردگی کی بدولت جیت لیا لیکن ٹرافی عمران خان نے خلاف روایت اپنے پلیئرز کی تعریف کئے بغیر اُٹھائی کیونکہ کپتان وہ تھا تاہم یہ ٹرافی کلائیولائیڈ اپنے ملک ویسٹ انڈیز اور رکی پونٹنگ اپنے ملک آسڑیلیا کے لئے بحیثیت کپتان دو دو بار اُٹھا چکے ہیں۔

(جاوید میانداد کو کپتانی سے ہٹانے اور دوسرے کھلاڑیوں کو ساتھ ملا کر خود کیپٹن بننے کا معاملہ الگ ہے.)

1983 کا ورلڈ کپ بھارتی کپتان کپل دیو اس حالت میں جیت چکا تھا جب پوری بھارتی ٹیم پسپا ہو چکی تھی لیکن کپل دیو نے تن تنہا مخالف ویسٹ انڈیز کی مضبوط ٹیم کے پرخچے اُڑا کر رکھ دئیے تھے۔

ایلن بارڈر، رانا ٹونگا، دھونی، سٹیو وا، اور مائیکل کلارک بھی بحیثیت کپتان کرکٹ ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، لیکن ان میں سے کسی ایک نے بھی اپنی جیت کو سیاسی سٹنٹ نہیں بنایا نہ اس کا کوئی سیاسی یا سماجی فائدہ اُٹھایا کیونکہ یہ لوگ نہ صرف اچھے سپورٹس مین تھے بلکہ سپورٹس مین سپرٹ سے آگاہ بھی تھے جبکہ دوسری طرف عمران خان اس کامیابی کو شوکت خانم ہسپتال، چندوں، (جس سے فارن فنڈنگ کیس برآمد ہوا) دولت، سیاست دھرنوں، جلاؤ گھیراؤ، مارو پیٹو تک بھی لے کر آئے۔ اور آخر میں وزارت عظمی کی کرسی تک بھی پہنچے

!اب آتے ہیں شوکت خانم ہسپتال کی طرف

یہ یقینًا عمران خان کا ایک بڑا کارنامہ ہے لیکن کیا یہ کارنامہ اس نے اکیلے سرانجام دیا؟

پشاور کا ایک معذور نوجوان مجھے بتا رہا تھا کہ جب میں پانچویں کلاس میں تھا تو میں سارا دن سکول میں بھوکا پیاسا رہتا کیونکہ ڈیڑھ مہینے تک گھر سے ملنے والا پاکٹ منی میں شوکت خانم ہسپتال کو چندہ دینے کے لئے بچا رہا تھا اور جس دن عمران خان نے ہمارے سکول کا وزٹ کیا تو میں نے وہ سارے پیسے اس کے ہاتھ پر رکھ دئیے۔ اس ہسپتال کے لئے زمین پنجاب حکومت اور پیسے عوام اور پنجاب حکومت نے دیے لیکن اپنے سوا کسی اور کا نام لینا تو درکنار شکریہ تک ادا نہیں کیا گیا، گویا جاوید میانداد، وسیم اکرم اور عاقب جاوید کی تاریخ یہاں بھی دہرائی گئی۔

اب آتے ہیں 1996 میں .

عمران خان نے تحریک انصاف کی بنیاد رکھی لیکن یہ یوسفِ بے کارواں اکیلا ہی پھرتا رہا یہاں تک کہ چھ سال بعد دو ھزار دو میں اس کے ہاتھ بمشکل قومی اسمبلی کی ایک سیٹ ہاتھ آئی۔

پاکستان کا سیاسی مزاج یہ ہے کہ کوئی پارٹی اپنے قیام کے ساتھ ہی عوامی مقبولیت حاصل نہ کرے تو سمجھ لینا کہ ناکامی ہی مقدر ہے (پیپلز پارٹی، نون لیگ، اس حوالے سے کامیابی جبکہ مصطفٰے جتوئی کی نیشنل پیپلز پارٹی اور فاروق لغاری کی ملت پارٹی ناکامی کے حوالے سے بڑی مثالیں ہیں۔) لیکن اپنے قیام کے سولہ سال بعد اکتوبر دو ھزار گیارہ کے ایک جلسے نے اچانک گلی گلی “انقلابی “ پیدا کئے۔

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سولہ سال سے صاف چلی شفاف چلی تحریک انصاف بھی موجود تھی اور اس کا ڈٹ گیا کپتان بھی پھر یہ “انقلابی کارکن“ کس غنودگی میں چلے گئے تھے جو تیس اکتوبر 2011ء کی رات اچانک نمودار ہو گئے، لیکن چلو یہ سوال تاریخ پر چھوڑ دیتے ہیں۔

لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ جاوید میانداد وسیم اکرم اور عاقب جاوید والی تاریخ یہاں بھی دھرائی گئی کیونکہ تحریک انصاف کے بانی اراکین میں سے احسن رشید اور نعیم الحق کے جنازوں پر نہیں جاتا۔ حفیظ اللہ نیازی سے دشمنی اس حد تک لے کر جاتا ہے کہ اس کے جواں سال بھائی کی وفات پر تعزیت تک نہیں کرتا جبکہ نوابزادہ محسن علی خان کو گمنامی میں دھکیل دیتا ہے.

اب آتے ہیں موجودہ منظرنامے کی طرف ! ایک عمومی تاثر یہ ہے کہ عمران خان کو بعض قوتوں نے اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا اور اس کے ذریعے طاقتور سیاسی اور جمہوری قوتوں کو پیچے دھکیل دیا لیکن جب ہم معاملات کا باریک بینی کے ساتھ غیر جذباتی انداز میں جائزہ لیتے ہیں تو چونک جاتے ہیں کیونکہ معاملہ عمومی تاثر کے برعکس ہے یعنی عمران خان استعمال نہیں ہوا بلکہ اس نے خود دوسروں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کیا۔

کیسے؟

2013ء کے الیکشن میں عمران خان کے بھاری بھر کم اور طوفانی جلسوں سے یہ تاثر لیا جارہا تھا کہ وہ الیکشن جیت جائے گا اس لئے اس کے “سر پرست” سائیڈ لائن پر کھڑے صرف تماشا دیکھتے رہے یا بالفاظ دیگر عمران خان کی جیت کا انتظار کرتے رھے۔ لیکن الیکشن کے نتائج آتے ہی سب حیران و پریشان تھے کیونکہ اٹک سے رحیم یار خان تک نواز شریف پورے پنجاب میں صفایا کر چکا تھا۔

اب عمران خان کو یہ بات سمجھ آنے لگی تھی کہ نواز شریف سے الیکشن جیتنا اس کے بس کی بات نہیں اس لئے اس نے نئے “راستوں“ کا انتخاب کیا۔

سو ایک طرف اس نے اپنے کارکنوں اور عوام کو باور کرایا کہ میرے علاوہ باقی لیڈرز چور اور کرپٹ ہیں اس لئے جوں ھی میں اقتدار سنبھال لوں تو آپ لوگوں کی زندگی میں شاندار تبدیلی آ جا ئیگی اور سادہ لوح عوام بہت حد تک ان وعدوں سے بہل بھی گئے. دوسری طرف وزیراعظم اور مقتدر طبقے کو ایک دوسرے کے مقابل لانا تھا.

نواز شریف چونکہ اسٹیبلشمنٹ کے روایتی حلیف رہے ہیں اور یہ دونوں (نواز شریف اوراسٹیبلشمنٹ) اختلافات کے باوجود بھی کسی نہ کسی حد تک ایک دوسرے کے لئے قابل قبول تھے، مثلاً نواز شریف نے فوجی سربراہ جہانگیر کرامت کو برطرف کیا تھا لیکن فوج نے برداشت بھی کیا تھا اور مان بھی لیا تھا اسی طرح مشرف کے ہاتھوں نواز شریف حکومت کا خاتمہ اٹک جیل اور جلا وطنی بھی نواز شریف کو پوائینٹ آف نو ریٹرن پرکھبی بھی نہیں لے کر گئی بلکہ اس نے اپنی سیاسی گولہ باری ھمیشہ پرویز مشرف کی ذات تک محدود رکھی تھی۔ لیکن اس کے باوجود بھی وہ ھمیشہ اسے مشرف صاب کہہ کر پکارتے رھے

2013 کا الیکشن جیتنے کے صرف دو دن بعد آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی متوقع وزیراعظم کو مبارک باد اور بریفنگ دینے رائے ونڈ بھی گئے اور متوقع وزیراعظم اور فوجی سربراہ کے درمیان ایک خوشگوار ملاقات بھی ہوئی تھی اب چاہیے تو یہ تھا کہ وزیر اعظم ھاؤس اور پنڈی کے درمیان اعتماد بڑھتا اور معاملات اثبات کی طرف چل پڑتے لیکن عمران خان سیاسی ٹمپریچر انتھائی غیر فطری انداز سے بڑھا کر منتخب وزیر اعظم کا امیج درھم برھم کرنے لگے۔ بد قسمتی سے عمران خان کو مخصوص منطقوں سے تھپکی بھی ملنے لگی اس تھپکی کو عمران خان نے بہت مہارت کے ساتھ اپنے “منصوبے” کے لئے استعمال کیا۔

اور پھر وہ وقت آیا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ اور نواز شریف جنھوں نے اختلاف کے دراڑ کو انتہائی مشکل حالات میں بھی ایک حد سے بڑھنے نہیں دیا تھا (حتٰی کہ آرمی چیف کی برطرفی اٹک جیل اور جلاوطنی جیسے پر آشوب حالات میں بھی)۔ لیکن عمران خان کی “مہارت “ اور “چابکدستی “ کی داد دیجئے کہ ایک طرف خادم رضوی کا شرمناک دھرنا جوتے اور سیاہی پھنکنے تک، واقعات ہونے لگے تو دوسری طرف نواز شریف ایک خوفناک بیانیہ لے کر سڑکوں پر نمودار ہوئے اور پھر آنکھوں نے وہ منظر بھی دیکھے کہ پنجاب جیسے صوبے میں بھی وہ نعرے لگنے لگے جو وزیرستان میں لگتے رہے، لیکن اھم سوال یہ ہے کہ اس سارے کھیل میں نقصان کس کا ہوا اور فائدہ کس نے اُٹھایا۔

نقصانات کی فہرست تو طویل بھی ہے اور خوفناک بھی لیکن فائدہ صرف ایک شخص نے اُٹھایا اور اس کا نام عمران خان ہے جو وزیراعظم ھاؤس میں بیٹھا اور بیٹھتے ہی مخصوص ٹائمنگ کے ساتھ ایسٹبلشمنٹ کے اس مورچے کی طرف بڑھا جہاں مقتدر قوتوں کی اصل طاقت پوشیدہ ہے .

گویا اپنے نئے “محسنوں ” کے ساتھ بھی حسب فطرت سلوک شروع کر کے با وقار منصبوں کو گلی کوچوں کا موضوع بنا چکا.

لیکن کیا کریں کہ اب بھی بعض لوگ بضد ہیں کہ عمران خان بہت سادہ آدمی ہے اتنا سادہ کہ اس کی قمیض میں دو دو موریاں ہوتی ہیں اور ھاتھ میں تسبیح بھی.

حماد حسن
Latest posts by حماد حسن (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments