پاکستانی عوام کے لیے دکھ اور رنج کے دن ختم ہوئے


زیادہ دن نہیں گزرے جب نیوزی لینڈ نے پاکستان آ کر پہلے میچ سے کچھ لمحے قبل اچانک سیریز چھوڑ کر واپس جانے کا اعلان کر دیا۔ ایک طرف یہ فیصلہ اخلاقی پستی اور گھٹیا پروفیشنلزم کا عملی نمونہ تھا تو دوسری طرف سیکیورٹی رسک کا کہہ کر پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو تاریک کرنے کی بھرپور کوشش بھی تھی۔ ان لمحوں میں ایسا لگ رہا تھا کہ شاید ہمیں بہت لمبے عرصے تک ان نیچ لوگوں کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ جائے۔ ان خدشات کو تب مزید ہوا ملی جب انگلینڈ نے بھی اپنا دورہ کینسل کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستانی عوام کے لیے دکھ اور رنج سے بھرے وہ دن بہت تکلیف دہ تھے۔ پاکستان کرکٹ کے سی ای او وسیم خان کی وہ تصویر پوری قوم کی ترجمان تھی جس میں آنکھوں میں آنسو اور چہرے پہ بے بسی رقم تھی۔

لیکن شکر ہے خدا کا کہ اس دفعہ یہ تاریکی زیادہ دیر ٹک نہیں سکی۔ خدا نے ان دکھوں کا بہترین مداوا عطا کیا۔ پاکستان نے اس سخت اور پریشان کن وقت کے فوراً بعد اپنے پہلے ہی میچ میں بھارت کو بدترین شکست دے کر اس بات کا اعلان کیا کہ ہم قائم و دائم ہیں اور قائم و دائم رہیں گے۔

(انشاءاللہ)

اگلے ہی میچ میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر تمام پاکستانیوں کے من کو شانتی بخشی گئی اور پھر باقی میچز میں فتح کے ساتھ ساتھ اپنی اتھارٹی ثابت کرتی پاکستانی ٹیم نے ہمارے سارے برے خدشات ختم کر دیے۔ پاکستان ٹورنامنٹ کی واحد ٹیم بنی جو بغیر کوئی میچ ہارے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ ایک طرف تو میدان کے اندر یہ معاملات اتنے خوش کن ہو چکے ہیں اور دوسری طرف میدان سے باہر کے معاملات بہتر سے بہترین ہوتے چلے جا رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی خواتین کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں کرکٹ میچز کھیل رہی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی مردانہ کرکٹ ٹیم نے اگلے ماہ پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے آنا ہے۔ اس سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی کھیلے جائیں گے۔

آسٹریلیا نے چوبیس سال بعد پاکستان میں آ کر سیریز کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سیریز میں ایک ٹی ٹونٹی کے علاوہ تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ اور یہ تینوں ٹیسٹ میچز مختلف شہروں میں ہوں گے جو کہ پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے بھرپور طریقے سے پیش کریں گے۔

وہی انگلینڈ جس نے دو ٹی ٹونٹی کھیلنے سے انکار کیا تھا، اب ستمبر میں پاکستان میں آ کر سات ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کا اعلان کر چکا ہے۔

یہ سارے معاملات پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش کرنے والوں کے لیے کسی طمانچے سے کم نہیں۔

اور ان سب معاملات کے ساتھ پاکستانی ٹیم کی شاندار فتوحات ان سب کے زخموں پہ نمک کا چھڑکاؤ کر رہی ہیں۔

خدا سے دعا ہے کہ پاکستان کو ایسے ہی ہر معاملے میں ہمیشہ سربلند اور کامیاب و کامران رکھے (آمین)

Facebook Comments HS