سرمائی اولمپکس میں جدت


چین میں بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 اور پیرا اولمپکس کے لیے کھیلوں کے مختلف مقابلے تین مقامات بیجنگ، یان چھینگ اور چانگ جا کھو میں منعقد ہوں گے۔ ان تینوں مقامات پر جدید سہولیات سے آراستہ سرمائی اولمپک ویلج قائم کیے گئے ہیں جو کھلاڑیوں، کوچز اور عہدیداروں کو خدمات فراہم کریں گے۔

بیجنگ میں سرمائی اولمپک ویلج نیشنل اسٹیڈیم ”برڈز نیسٹ“ کے قریب واقع ہے اور تقریباً 330000 مربع میٹر کے تعمیراتی رقبے پر پھیلی 20 عمارتوں پر مشتمل ہے۔ یہ اولمپکس کے 2338 شرکاء اور پیرا اولمپکس کے 1040 شرکاء کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے، اس میں میں کیٹرنگ اور طبی خدمات بھی شامل ہیں۔ سرمائی اولمپک ویلج میں قابل تجدید توانائی کے استعمال کے لیے انتہائی کم توانائی کی کھپت والی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔

کھلاڑیوں کی علاج گاہ کے طور پر استعمال ہونے والی ایک عمارت کے تعارف میں بتایا گیا ہے کہ یہ پولی کلینک عمارت، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو تقریباً بیالیس اعشاریہ چار ٹن سالانہ کم کر سکتی ہے، اور اسے سرمائی اولمپکس کے لیے ”سب سے زیادہ توانائی کی بچت والی عمارت“ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بیجنگ سرمائی اولمپک ویلج باضابطہ طور پر 27 جنوری 2022 کو کھولا جائے گا۔ اولمپک گیمز کے بعد یہ جگہ ٹیلنٹ اپارٹمنٹ کے طور پر استعمال ہوتی رہے گی۔

صوبہ حہ بے کا شہر چانگ جا کھو سرمائی اولمپکس کے لیے دو بڑے ایونٹس اور 51 چھوٹے ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔ تاحال یہاں تمام 76 سرمائی اولمپکس منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جن کا سخت معائنہ اور جانچ پڑتال کی گئی ہے۔ رواں ماہ کے اواخر میں یہاں نمائشی میچوں کی سیریز اور تربیتی مقابلے منعقد ہوں گے۔ سرمائی اولمپک گیمز کے دوران متعلقہ خدمات اور انسداد وبا کی ضمانت کے لیے، مقامی انتظامی کمیٹی نے ایک مکمل منصوبہ مرتب کیا ہے۔ کھلاڑیوں کے لئے کلوز لوپ مینجمنٹ پر عمل درآمد کیا جائے گا، جس کے مطابق سرمائی اولمپک ویلج میں رہائش، کھانے پینے اور نقل و حمل کے علاوہ بینک، پوسٹل سروسز، ڈرائی لانڈری، اسٹورز، اور فرنچائزنگ اسٹورز سمیت جامع خدمات کی سہولیات میسر ہوں گی تاکہ کھلاڑیوں کے روزمرہ امور زیادہ آرام دہ اور سہل ہو سکیں۔

اسی طرح یان چھینگ اولمپک ویلج میں بھی جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال سے سرمائی کھیلوں کو کامیاب بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ یہاں کا مرکزی ڈھانچہ ایک آرام دہ ماحول کے لیے انتہائی کم پاور ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گا جس میں اندرونی درجہ حرارت کو 20 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ تھرمل موصلیت میں بہترین کارکردگی کی بدولت یہاں کم توانائی صرف ہو سکے گی۔ یہ اولمپک ویلج نہ صرف ہائی ٹیک سے آراستہ ہے بلکہ فطرت سے بھی ہم آہنگ ہے بلکہ اسے فطرت دوست بھی کہا جا سکتا ہے۔ اولمپک ویلج کی تعمیر کے دوران اطراف کے قدرتی ماحول کا ممکنہ حد تک تحفظ یقینی بنایا گیا ہے۔

بیجنگ سرمائی اولمپکس کا انعقاد ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب دنیا میں بدستور وبا کی سنگینی جاری ہے۔ ان غیر معمولی حالات میں سرمائی اولمپکس کی میزبانی یقیناً ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے غیر روایتی حل تلاش کیے گئے ہیں۔ وبائی صورتحال نے منتظمین کو مجبور کیا کہ وہ لوگوں کو وبا سے بچانے کے لیے نئے طریقے تلاش کریں، اس ضمن میں روبوٹ ٹیکنالوجی کا کردار نہایت اہم ہو گا۔ اولمپک مقالوں کے دوران مخصوص روبوٹ کو جراثیم کشی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس روبوٹ کی خوبی یہ ہے کہ یہ صرف ایک منٹ میں 36 مربع میٹر کے علاقے کو جراثیم سے پاک کر سکتا ہے۔ روبوٹ کی لمبائی تقریباً 1.4 میٹر ہے، اور اس کے اندر موجود سینسر رکاوٹوں کے گرد گھومنے پھرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ یہ روبوٹ 16 لیٹر تک جراثیم کش مواد ذخیرہ کر سکتا ہے جبکہ اس کی بیٹری بھی چار سے پانچ گھنٹے تک چل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے روبوٹ بھی دیکھے جا سکیں گے جو انسانی رضا کاروں کی جگہ خدمات انجام دیں گے۔ یہ روبوٹ بغیر ماسک پہنے افراد کی باآسانی نشاندہی کر سکتے ہیں اور ان سے کہہ سکتے ہیں کہ جناب ماسک پہنیں۔ اس روبوٹ کی خوبی یہ ہے کہ یہ کانٹیکٹ لیس ہینڈ ڈس انفیکشن ڈیوائس سے لیس ہے۔

اس کے علاوہ کاغذی دستاویزات کی ترسیل سمیت، ذاتی سامان اور طبی آلات جیسی چیزوں کی فراہمی کے لیے روبوٹ کو استعمال کیا جائے گا۔ یہ ڈیلیوری روبوٹس 300 کلو گرام تک سامان لے جا سکتے ہیں۔ کافی تیار کرنے والا روبوٹ ایک ہی وقت میں مختلف اقسام کی کافی تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یوں یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ کافی کے ہر کپ کا ذائقہ ایک جیسا ہو۔

اولمپکس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کی بات کی جائے تو مقابلوں کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے کے لیے چائنا میڈیا گروپ کے اولمپک چینل کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ یہ واحد میڈیا پلیٹ فارم ہے جسے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی جانب سے اولمپک کے نام اور پانچ دائرے والا لوگو استعمال کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اولمپک چینل کی نشریات سات نومبر سے چین بھر میں دیکھی جا رہی ہیں جس سے تقریباً تیس کروڑ ناظرین محظوظ ہوں گے۔

اس کے علاوہ مقابلوں کی کوریج کے لیے 2500 سے زائد صحافیوں نے رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ یوں دنیا بھر سے صحافی بیجنگ سرمائی اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی کوریج کر سکتے ہیں اور دنیا کو جدت سے ہم آہنگ بیجنگ سرمائی اولمپکس کے حوالے سے بتایا جا سکے گا۔ موجودہ تیاریوں کی روشنی میں بیجنگ سرمائی اولمپکس کو سائنسی اور تکنیکی اختراعات سے ہم آہنگ ایک عظیم الشان ایونٹ قرار دیا جا سکے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments