رانا شمیم کی نوازشریف سے ملاقات ہوئی، عدلیہ پر حملے کا منصوبہ لندن میں بنا: شہزاد اکبر


مشیرداخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاداکبر نے دعویٰ کیا ہے کہ جسٹس (ر) رانا شمیم کی لندن میں نوازشریف سے ملاقات ہوئی اور عدلیہ پر حملہ آور ہونے کیلئے لندن میں بیٹھ کرمنصوبہ سازی کی گئی۔

نجی ٹی وی کو ایک انٹرویومیں شہزاد اکبر نے کہا کہ بیان حلفی میں جس فیملی کا ذکر کیا گیا، ان کے دو لوگ بھی لندن گئے، عدلیہ پرحملہ آورہونے کیلئے لندن میں بیٹھ کر منصوبہ سازی کی گئی۔ مریم نواز کا کیس جب بھی لگتا ہے، عدلیہ کو براہ راست ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔ 17 نومبر کو مریم نواز کا کیس ہے اور 15 نومبر کو عدلیہ کے خلاف خبر لگا دی گئی۔ رانا شمیم پی سی او جج رہے، حیرت ہے نوازشریف کو پی سی او جج کا سہارا لینا پڑا۔ خواجہ آصف نے ہائیکورٹ کا نام لے کراعلیٰ عدلیہ کی توہین کی ہے۔ خواجہ آصف کی پریس کانفرنس عدلیہ پر تنقید کے لئے تھی، نوٹس لیناچاہیے۔

انہوں نےکہا کہ جسٹس(ر) رانا شمیم قابل بھروسہ گواہ نہیں۔ اعلیٰ عدلیہ پربراہ راست حملہ کیا گیا۔ شریف خاندان پورا مافیا ہے۔ پاکستان میں لاقانونیت لانا چاہتاہے۔ یہ چاہتے ہیں پاکستان میں طاقتور شخص قانون سے بالاتر ہو۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ اکتوبرکے آخرمیں رانا شمیم امریکا گئے۔ واپسی پر لندن میں نوازشریف سے ملاقات کی اطلاعات ہیں۔ منصوبہ سازی لندن میں کی گئی اور یہاں سے بھی سہولت کار گئے۔ خبرمیں جن لوگوں کا ذکر کیا گیا ہے اس فیملی کے 2 ممبران یہاں سے گئے۔

Facebook Comments HS