مہیب آواز والا بلند مسند نشین جب نیچے اترا


جنگل میں ایک دن رات کی تاریکی میں ایسی مہیب آواز بلند ہوئی کہ پاس سے گزرنے والا خرگوش خوفزدہ ہو کر وہیں جم گیا۔ کچھ دیر بعد دم میں دم آیا تو سر پر پاؤں رکھ کر بھاگ نکلا۔ پھر وہاں سے ایک ہرن کا گزر ہوا۔ خوفناک آواز ایسے زور سے گونجی کہ اس کے اوسان خطا ہو گئے اور وہ الٹے پاؤں واپس ہوا۔

پھر ایسا ہوا کہ وہاں سے ایک بھیڑیے کا گزر ہوا۔ ایسی زور کی آواز آئی کہ وہ ڈر کر واپس اپنے بھٹ میں جا چھپا۔ کچھ دیر بعد وہاں سے ایک چست چالاک چیتے کا گزر ہوا۔ تاریکی میں یکایک وہ مہیب آواز بلند ہوئی تو چیتے نے سوچا کہ یہاں تو کوئی شیر سے بھی بڑی بلا ہے۔ وہ جان بچا کر بھاگا۔ پھر شیر اپنے راؤنڈ پر نکلا۔ تاریکی سے آتی اس بلند آواز نے اسے بھی ہیبت زدہ کیا کہ ایسی خوفناک آواز ہے تو یہ مجھ سے بھی بڑا درندہ ہو گا۔ اس نے اپنا راستہ بدل لیا۔ پھر ہاتھی تالاب کی سمت جاتے ہوئے اس آواز کا نشانہ بنا۔ وہ گھبرا گیا کہ ایسی بلند آواز ہے کہ مجھ سے بھی بڑا جانور ہو گا۔

تاریکی ختم ہوئی۔ دن کی روشنی پھیلنے لگی۔ مہیب آواز والا اپنی بلند مسند سے نیچے اترا۔ اور پھر گرجا۔ ایک ننھی سی پیلی چڑیا اس پر جھپٹی اور اسے اپنی چونچ میں پکڑ کے درخت کی شاخ پر جا بیٹھی۔ ارے یہ کیا۔ یہ اونچی مسند پر بیٹھا اپنی بلند اور مہیب آواز سے سب کو خوفزدہ کرنے والا تو ایک ننھا سا جھینگر تھا۔ چڑیا نے جھینگر کو چونچ میں زور سے دبایا اور پھر نیچے پھینک دیا۔

پھر ایک دوڑ شروع ہوئی۔ کوئی جانور ایک طرف سے آتا کوئی دوسری طرف سے اور جھینگر کو مسل دیتا۔ وہ بچارا کراہتا اور دہائی دیتا۔ جھینگر کی کمزور سی آواز اب بھی سنائی دیتی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ وہ میں نہیں تھا جو یوں بلند مسند پر بیٹھ کر گرجتا تھا۔ لیکن لوگ حلف اٹھا کر اس کے قصے بیان کرتے ہیں۔ اس کی بدقسمتی کہ کسی جانور نے اس کی آواز ریکارڈ کر لی تھی۔ اب وہ ریکارڈ شدہ آواز سناتا ہے اور جنگل کے تمام جانور ہنستے ہیں اور جھینگر کا ٹھٹھا اڑاتے ہیں۔

الو نے یہ دیکھا تو کہا کہ تاریکی چھائی ہو اور نشست بلند ہو تو جھینگر ایک مہیب بلا ہے جو ہر چرندے پرندے درندے کو خوفزدہ کر دیتا ہے لیکن جب تاریکی چھٹ جائے تو جھینگر کی آواز نہیں اس کی اصل شخصیت سب کے سامنے آ جاتی ہے۔ پھر اوپر بیٹھ کر وہ ہاتھی شیر کو ڈرانے والا سب کی ہنسی مذاق کا نشانہ بن جاتا ہے کہ یہ تو اتنا چھوٹا بندہ تھا۔

Facebook Comments HS

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1544 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar

One thought on “مہیب آواز والا بلند مسند نشین جب نیچے اترا

  • 23/11/2021 at 11:53 صبح
    Permalink

    نثار آپ کی تحریر پر

Comments are closed.