تاثر


تعاون کے عقب میں اگر یہ محسوس ہو کہ اس کے مقاصد دراصل کچھ اور ہے تو ایسے تعاون سے کنارہ کشی اختیار کی جاتی ہے اور اگر یہ احساس جاگزیں ہو کے اس کے مقاصد صرف اور صرف عوامی اتحاد کو مضبوط کرنا ہو تو اس کی جانب دوڑ پڑا جاتا ہے۔ سفارتکاری میں جب چینی سفارتکار اس جانب بڑھتے ہیں تو باہمی اعتماد میں بس مزید اضافہ ہی ہوتا ہے کہ اس میں کوئی شک و شبے کی گنجائش سرے سے موجود ہی نہیں ہے کہ دونوں ممالک کی عوام ایک دوسرے کے کسی اقدام کو شک کی نظر سے نہیں دیکھتے ہیں اور قوموں کا یہ باہمی تعاون پر تعاون کی سبیل پیدا کرتا چلا جاتا ہے۔

اور اس سے قومی سلامتی کے مضبوط ہونے کا تاثر قائم ہو جاتا ہے جب سے سی پیک کی ابتدا ہوئی اس وقت سے شہری زندگی میں چین کے تعاون سے مختلف نوع کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ اوکاڑہ میں اسی نوعیت کے ایک پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی غرض سے لاہور میں متعین چینی قونصل جنرل نے اپنے ساتھ چلنے کی دعوت دی اور اس میں خوشگوار حیرت کا یہ امر شامل تھا کہ چینی قونصل جنرل نے جس منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنا تھی اس کے میزبان حزب اقتدار کے اراکین اسمبلی کی بجائے مسلم لیگ نون کے ایم پی اے چودھری منیب تھے۔

حزب اختلاف میں رہتے ہوئے اپنے لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر اس راستے کو اختیار کرنا بہرحال معاملہ فہمی کی نشانی ہے جب ہم لوگ اوکاڑہ میں داخل ہوئے تو استقبال منتظر تھا اور بہت بڑے پیمانے پر لوگ موجود تھے جن کے ہاتھوں میں چینی صدر شی اور پاکستان کے زیر عتاب رہنما نواز شریف کی تصاویر تھی جو یہ ثابت کرتی تھی کہ کسی کو زیر عتاب کر دینے سے اس کی مقبولیت کو ماضی نہیں بنایا جا سکتا ہے بلکہ اس کے حامیوں میں مزید پختگی آتی چلی جاتی ہے۔

اوکاڑہ میں جس منصوبے میں تعاون کیا گیا ہے اس کا تعلق زراعت سے ہے جو پنجاب کی پہچان ہے اور اس کو پاکستان چین فرینڈ شپ فارم کا نام دیا گیا ہے۔ اس کی حیثیت علامت کے طور پر موجود ہے کہ اس کے حوالے سے مزید کام ہو رہا ہے جو کہ درکار بھی ہے۔ بہرحال یہ ایک ایسا اقدام ہے کہ اس کو اگر باقاعدہ منصوبہ بندی سے آگے بڑھایا جائے تو اس صورت میں پاکستان اور چین کے مابین اس شعبے میں مزید ترقی کی بہت ساری راہیں منتظر ہے۔

میرے خیال میں باہمی اعتماد صرف پاکستان کا چین کے ساتھ ہی نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسی نوعیت کا اعتماد امریکہ اور دیگر بڑی معیشتوں کے ساتھ بھی قائم ہونا چاہیے کیونکہ دوست بڑھانا ہی کسی بھی قوم کے مفاد میں ہوتا ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ طویل عرصے سے دونوں ممالک کے مابین اعتماد کے گہرے فقدان کی موجودگی موجود ہے۔ ابھی حال ہی میں امریکی اراکین کہ جب دورہ پاکستان کی بات ہوئی تو اس وقت بھی یہ ہی بات کی کہ اس موجودہ صورتحال جو افغانستان میں اشرف غنی حکومت کے زوال کے بعد قائم ہو گئی ہے کم ازکم اس کو سمجھنے اور اس میں سے کوئی ایسا مثبت راستہ تلاش کرنے کی کوشش کی جائے کہ جو تمام فریقین کے لئے مثبت ہی ہو۔

کیونکہ صرف الزام تراشی ایک دوسرے کی ضروریات کو نہ سمجھنا یا نہ سمجھنے کی کوشش کرنا کسی بھی مسئلے کو ماسوائے مزید طویل کرنے کے اور کچھ بھی نتیجہ نہیں دے سکتا ہے۔ اس لیے اس نوعیت کی ملاقاتیں جب پاکستانی سیاستدانوں سے کی جائے یا حکام سے گفتگو ہو تو ان تمام عوامل کو ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ صرف نشستن گفتن برخاستن کی بجائے بامقصد گفتگو تعمیر بھی کرے گی اور باہمی اعتماد بھی قائم کرے گی۔ کیونکہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بنیادی طور پر جو معاملہ سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے وہ یہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بجائے شبہ بڑے پیمانے پر موجود ہے۔ اور یہ شک ہے کہ یہ ہر اقدام کو ریاستی سطح سے لے کر عوامی سطح تک آلودہ کر دیتا ہے۔ یہ طے شدہ بات ہے کہ ریاستیں ایک دوسرے سے مفاد صرف باہمی اعتماد سے حاصل کر سکتی ہے افغانستان کا تجربہ سب کے سامنے ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments