حسن نثار! جواب حاضر ہے


چونکہ حسن نثار نے پوری پاکستانی قوم کو مصلی کہا ہے اور ساتھ  یہ بھی کہا ہے کہ جو کوئی بھی جمہوریت کا نام لے تو اسے فائرنگ سکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے اڑا دینا چاہیے اور گولیوں کا خرچہ بھی اس کے خاندان ہی سے وصول کیا جائے۔

میرا تعلق و تعارف چونکہ پاکستانی شہری کی حیثیت سے ہے اس لئے ان بائیس کروڑ "مصلیوں ” میں سے ایک میں بھی ہوں جنہیں اس خطاب سے نوازا گیا ۔

دوسری بات یہ کہ ایک پڑھے لکھے اور اپنے ذاتی مفادات کی سطح سے اوپر اٹھ کر ملک و قوم کے لئے سوچنے اور لکھنے والے صحافی کی حیثیت سے جمہوریت کا شدید حامی اور آمریت کا سخت مخالف بھی ہوں، اس لئے فائرنگ سکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے اڑا دینے کا حسن نثاری فتویٰ بھی بے گناہی کے باوجود اپنے خلاف ہی سمجھتا ہوں ۔

اس لئے حسن نثار کی تحقیر اور فتوے کا جواب دینا مجھ پر فرض بھی ہے اور لازم بھی کیونکہ میری خوش قسمتی ہے کہ قدرت نے سوچنے کے ساتھ ساتھ لکھنے کا سلیقہ بھی عطا کیا ہے۔

پہلی بات یہ ہے کہ کہ اگر مجھے صحافتی گینگسٹر حسن نثار نے تحقیر کے لہجے میں مصلی کہا ہے تو میں اسے اپنے ظرف کے مطابق تحقیر کی بجائے ایک اعزاز سمجھتا ہوں کیونکہ مصلی میرے معاشرے کا وہ بے بس لیکن قابل تکریم طبقہ ہے جس نے صدیوں خدمت کے حوالے سے سب سے زیادہ ڈلیور کیا ہے۔

دوسری بات فائرنگ سکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے اڑا دینے کی ہے، تو بےشک ایسا ھی کریں لیکن میرا حق بنتا ہے کہ پہلے مجھے میرا جرم تو بتا دیا جائے۔

کیا میرا جرم یہ ہے کہ میں ایک جاہل بن کر آمرانہ ٹاوٹوں کے اس غلیظ بیانیئے کی بیعت کرنے سے انکاری ہوں جس کے سبب اس ملک پر مسلسل بد نصیبی کی نحوست برس رھی ہے ۔

 کیا میرا جرم یہ ہے کہ میرے ذہن کی تخلیق اور اٹھان مطالعہ پاکستان اور حسن نثار کی بجائے تاریخی حقائق گرد و پیش کے معاملات سے باخبری، ضمیر کی آواز پر لبیک  کہنے، ملک و قوم کے لئے پر خلوص جذبے اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر جمہوریت کی ثمرات سے آگاہی اور قلمی جدوجہد سے ترتیب پائے۔

یہی وہ پس منظر ہے جو مجھے آمریت کا شدید مخالف اور جمہوریت کا حامی بنا رہا ہے اور میں ایسا کرتا بھی رہوں گا۔ کیونکہ میرا دین میرا قانون اور میرا آئین مجھے اس کی اجازت بھی دے رہے ہیں اور میرا ضمیر میرے ذہن کو تھپکی بھی دے رہا ہے ۔

لیکن حسن نثار یہ بتاؤ کہ تم کون ہو جو مجھے فائرنگ سکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے اڑا دینے کا فتوی صادر کر رہے ہو۔

یہ بات ٹھیک ہے کہ اس بدبودار نظام اور بدنصیب وطن میں فی الحال حسن نثار جیسے لوگ فتوی بازی کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں جس سے کسی کا بیلی پور فارم ہاؤس اگ آیا تو کسی کا بیدیاں فارم ہاؤس لیکن انہی بے ضمیروں کے شرمناک کردار کے باعث اس وطن کی ایک بے خبر اور معصوم خلقت کو اس "کولہو” میں گھان بچہ کیا گیا جس کی مٹھاس پر صرف اس نظام کے "جاگیرداروں ” کا حق ہے۔

گو کہ حسن نثار جیسے لوگوں کا کام محض "ایندھن ” اکٹھا کرنا اور اس کے بدلے "اجرت ” وصول کرنا ہے لیکن اس ملک کے تمام با ضمیر اور بیدار مغز دانشوروں صحافیوں وکلاء سیاسی کارکنوں طالبعلموں اور پڑھے لکھے طبقات پر لازم ہے کہ حسن نثار جیسے بہروپیوں کے مقابل کھڑے رہیں اور قابل اطمینان بات یہ ہے کہ اب کے بار ایسا ہو بھی رہا ہے تبھی تو ان بے ضمیروں کو دن بدن اپنی حرام کی کمائی سے بنائے گئے فارم ہاؤسز تک محدود ہونا پڑ رہا ہے ۔

اہم سوال یہ ہے کہ ایک اخلاق باختہ شخص کو یہ حق کہاں سے حاصل ہوا کہ وہ فائرنگ سکواڈ کے سامنے کھڑا کر کے اڑا دینے والے فیصلے سناتا پھرے لیکن ہمیں جن حالات اور نظام کا سامنا ہے وہاں ہمیشہ حسن نثار جیسے "جج ” ھی فیصلوں کے مجاز ہوتے ہیں۔

کھبی انہیں مذہب کے جبہ و دستار میں کھبی لبرل کے لبادے میں کبھی دانشور کے روپ میں اور کبھی کسی سیاسی رہنما کی شکل میں سامنے لایا جاتا ہے جو ایک مخصوص ٹاسک کو آگے بڑھانے میں مدد اور تعاون فراہم کر کے بدلے میں ذاتی مفادات کی تکمیل کرتے ہیں اور رہے کروڑوں خاک نشین تو وہ اور ان کی نسلیں ساری عمر اپنی ان حماقتوں اور جذباتیت کی سزائیں پاتے ہیں جنہیں ایک مخصوص منصوبے کے تحت حسن نثاروں کے ذریعے پروان چڑھایا جاتا ہے۔

اس کی تازہ ترین مثال موجودہ حکومت اور بد ترین بحران کا سامنا کرتے ہوئے وہ عوام ہیں جن کے ذہنوں میں ٹی وی چینلوں اور ڈی چوکوں کے ذریعے چور ڈاکو کا بے مقصد بیانیہ ٹھونسا گیا تھا۔

رھی بات حسن نثار کی ذات کے حوالے سے تو اسے یقینا یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے "حاتم صاحب ” کےلئے مزید فارم ہاؤسز اور بیلی پور بنائے لیکن اگر ایسا وہ ھماری تحقیر اور حقوق سے محرومی کی بنیاد پر کرے تو پھر یاد رکھیں کہ ہم تھوڑے سے پڑھے لکھے ہی سہی لیکن مزاج سے ایک سادہ دیہاتی کی فطری سادگی اور حق بات پر ڈٹنے کی روایت ہرگز نہیں اتری ۔

اور ضروری تو نہیں کہ ہر پختون صحافی ایسا ہی ہو جو "بعض مجبوریوں” یا منافقت کی وجہ سے حسن نثار جیسوں کو اپنا سینیئر اور گرو کہتا پھرے۔ (سوچ لیں کہ جن کا گرو ایسا ہو تو ان کے چیلے کس قماش کے ہوں گے)۔

زیادہ تلخی میں جانے سے فی الحال گریز کر رہا ہوں تا کہ حسن نثار آئندہ ایسی غلطی کرنے پر قابو پائے کیونکہ وہ غصیلا بہت ہے۔

یہ الگ بات کہ مجھے مدتوں پہلے یہ سمجھ آ گئی تھی کہ باطل پرست اور دغا باز لوگ خود کو بچانے کے لئے ہمیشہ اپنے اوپر غصے کا ایک مصنوعی خول چڑھائے رکھتے ہیں جو نا سمجھ لوگوں کے بیچ بہت کام آتا ہے۔

اور حسن نثار جیسے ڈرامہ باز خواہ صحافت میں ہو یا کہیں اور… ان کا ٹارگٹ نا سمجھ لوگ ہی ہوتے ہیں۔

Facebook Comments HS