پاکستان سپر لیگ 7: پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں، میدان کے باہر دلچسپ پلے کارڈ
پاکستان میں یوں تو غیر روایتی موسموں کی بازگشت سال میں کئی ایک مرتبہ سنائی دیتی ہے۔ بسنت پر پابندی لگنے سے پہلے ملک کے کئی حصوں میں یہ بھی ایک موسم کا درجہ رکھتا تھا، وہیں کوک سٹوڈیو کو بھی ایک موسم قرار دیا جاتا ہے وہیں گذشتہ کئی برسوں سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) بھی ایک موسم ہی بن چکا ہے۔
ایک ماہ پر محیط پاکستان سپر لیگ کا ساتواں ایڈیشن آج پاکستان کے سب بڑے شہر کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہونے جا رہا ہے۔
سنہ 2016 میں شروع ہونے والی اس لیگ میں چھ شہروں سے منسوب ٹیمیں یعنی کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈیئٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔
اس مرتبہ پاکستان سپر لیگ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے راؤنڈ رابن مرحلے کے پہلے 15 میچ کراچی جبکہ اسی مرحلے کے بقیہ 15 میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کا ناک آوٹ مرحلہ اور فائنل بھی لاہور میں ہو گا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی کی جانب سے میچوں کے دوران 25 فیصد تماشائیوں کو میدان میں آنے کی اجازت دی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ یہ تمام تماشائی ویکسین شدہ ہوں گے۔
اب تک اس ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کو فتح حاصل نہیں ہو سکی ہے جبکہ اس کے علاوہ تمام ہی ٹیمیں ایک ایک مرتبہ جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ دو مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
گذشتہ دو برسوں سے پی ایس ایل کورونا وائرس کے باعث تعطل کا شکار رہا ہے۔
اس دوران سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ ٹیموں کے لیے گذشتہ برس سے سبق سیکھتے ہوئے سخت بائیو سکیور ببل بنایا گیا ہے۔
جمعرات کو میچ شروع ہونے سے قبل ہی شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ کے باہر رنگے برنگے لباس پہنے لائنوں میں لگے ہوئے تھے۔
سٹیڈیم کے باہر موجود شائقین نے طرح طرح کے پوسٹ کارڈ بھی اٹھائے ہوئے تھے جن میں سے ایک مقبول فنکار چارلی چیپلن کے انداز میں ملبوس شخص نے ایک پوسٹ کارڈ اٹھایا تھا جس پر درج تھا ’لڑکی نہیں میچ دیکھو‘۔
یہ بھی پڑھیے
وزیِراعظم کے اشتہار کے بعد ’جو نہیں بھی دیکھتا تھا وہ بھی دیکھے گا۔۔۔ واہ کیا زبردست مارکیٹنگ ہے‘
’لیگوں‘ کے دور میں ’کچھ الگ‘ سی پی ایس ایل
پی ایس ایل 7: کس ٹیم میں کون کون شامل اور ٹکٹوں کا حصول کیسے ممکن؟
سپاٹ فکسنگ، عدالتی معاملات اور بند فائل: مگر پھر سیٹی ایسی بجی کہ پی ایس ایل دلوں میں بس گئی
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب بھی اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے جس میں پی ایس ایل کا ترانہ ’آگے دیکھ‘ بھی گایا گیا، اور کچھ روز قبل عمران خان اور رمیز راجہ کی ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں عمران خان پی ایس ایل کے باقاعدہ افتتاح کر رہے ہیں۔

