وطن عزیز ہر آن کسی نہ کسی بحران سے گزر رہا ہے۔ اور ہر دن مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے، جہاں بہت سارے دنیاوی معاملات میں ہم پستی کا سفر کر رہے ہیں اور روبہ زوال ہیں، وہاں دینی شعبے بھی بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں۔ پچھلے کچھ عرصے میں ناموس رسالت ﷺ کے نام پر قتل و غارت گری کا جو بازار گرم ہے، اس کی وجوہات کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے تو دو چار چیزیں سامنے آتی ہیں :

1؛ مذہبی طبقات کو جن جدید چیلنجز کا سامنا ہے، ان کا حل قرآن و سنت کی روشنی میں جس طریقے سے پیش کیا جانا چاہیے، اس طرح سے پیش نہیں کیا جا رہا ، اگر کیا جا رہا ہے تو بہت چھوٹی سطح پر ہے، جس سے مذہبی عوام روشناس نہیں ہے، جس کے نتیجے کے طور پر اس وقت مذہبی معاشرہ ”شناخت کے بحران“ کا شکار ہوتا چلا جا رہا ہے۔ جب اپنی ذات کے بقاء کا مسئلہ درپیش ہوتو پھر بعض دفعہ بہت معمولی سطح کی چیزیں بھی اہمیت اختیار کر لیتی ہیں، بجائے اس کہ ”ناموس رسالت“ جیسا مسئلہ ہو۔

2؛ دوسری وجہ جو پہلی کا تتمہ ہے، کہ عوام ٹھنڈے پیٹوں مسائل کو حل کرنے کے لیے تیار نہیں ہے، بلکہ ان کو وہی نعرے اپیل کرتے ہیں، جن میں جلاؤ گھیراؤ، اشتعال، جذباتیت اور وقتی حل کی بات ہو۔ اگر ہماری مذہبی قیادت اس حقیقت کو سمجھ لے، تو بہت سارے ایسے واقعات جو ہو رہے، ان میں کمی واقع ہو جائے گی۔

3؛حکومتیں اپنی رٹ قائم کرنے میں ناکام ہیں، اگر قانون پر صحیح عملدرآمد ہو تو ان واقعات میں انتہائی کمی واقع ہو سکتی ہے۔

4؛جو سب سے اہم بات ہے وہ یہ کہ ہمارے ملک کی جماعت ساز ”فیکٹریوں“ کو اب اپنا طور طریقہ بدلنا ہو گا۔ ذاتی مفاد کے لیے مذہب کا استعمال انتہائی غلط، اور نتائج کے اعتبار سے انتہائی بھیانک ہے۔ نواز شریف کے دور میں ذاتی مفادات کے لیے جو جماعت ترتیب دی گئی تھی، اس کے لیے جماعت ساز فیکٹری کو بھی تیار رہنا چاہیے۔ ایسی آگ بھڑک اٹھی ہے جو ان کے گھر کو بھی خاکستر کر کے چھوڑے گی۔