ریلوے پینشن: خط بنام جناب عزت مآب چیف جسٹس صاحب


سپریم کورٹ اسلامی جمہوریہ پاکستان
السلام علیکم و رحمة اللہ وبرکاۃ‎
جناب اعلٰی۔

فدوی محمد انور ولد قطب الدین ریٹائرڈ سپر وائزر ٹرین پاکستان ریلوے ساکن پنوعاقل ضلع سکھر سندھ آپ کی خدمت میں درخواست گزار ہے کہ فدوی کی پنشن جو کہ یکم مارچ کو ملنی تھی وہ تا حال فدوی کو نہیں ملی ہے۔

جناب اعلٰی فدوی کا اس پنشن کے علاوہ اور کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے۔ فدوی کے تمام تر گھریلو اخراجات کا دار و مدار اور گزر اوقات اس ماہانہ پنشن پر ہی ہے۔ اس طرح اس ماہ کی پنشن ابھی تک نا ملنے کے سبب فدوی انتہائی مالی مشکلات اور ذہنی دباوٴ کا شکار ہو چکا ہے۔ فدوی تمام گھریلو ضروریات کے ساتھ ساتھ تمام یوٹیلٹی بل ادا کرنے سے بھی قاصر ہے۔ اگر چند روز مزید پنشن کی ادائیگی نا کی گئی تو فدوی کے گھر کا چولہا بجھ جائے گا۔ اس سبب فدوی کا کنبہ فاقہ کشی کا شکار ہو جائے گا۔

حضور اعلٰی فدوی آپ جناب کی خدمت میں درخواست گزار ہے کہ میرے ان تمام حالات اور مالی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ ریلوے کو احکامات صادر فرمائے جائیں کہ محکمہ ریلوے میری پنشن کو باقاعدگی کے ساتھ اور بروقت ادائیگی کو ممکن بنائے۔

جیسا کہ فدوی پہلے ذکر کرچکا ہے کہ میرا اس پنشن کے علاوہ اور کوئی ذریعہ معاش نہیں ہے۔ اگر اسی طرح مجھے پنشن کی ادائیگی محروم رکھا گیا تو فدوی کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی چارائے کار نہیں ہے کہ یا تو فدوی اپنے اہل و اعیال کے ساتھ بھیک مانگنے پر مجبور ہو جائے یا پھر میں اپنے کنبہ کے ساتھ اجتماعی خودکشی یا پھر خود سوزی کر لے۔

سر میں بہت مجبور ہوں خدارا انسانی ہمدردی کے ناتے اس سلسلے میں میری مدد فرمائیں جناب کی عین نوازش ہوگی۔

العارض
فدوی
محمد انور ولد قطب الدین
ریٹائرڈ سپر وائزر ٹرین
ساکن پنوعاقل ضلع سکھر سندھ

Facebook Comments HS