مولانا صاحب، عورت کیا کیا کر سکتی ہے؟


سوال یہ تھا کہ کیا عورت خوشبو لگا سکتی ہے؟ یہ سوال ایک اینکر پرسن نے پوچھا تھا۔ جواب میں مولانا نے فرمایا۔ عورت خوشبو لگا سکتی ہے مگر ایسی خوشبو جس کی مہک نہ ہو یعنی گزرے تو خوشبو نہ ہو۔ مطلب یہ کہ ایسی خوشبو لگائے جس میں خوشبو نہ ہو۔ ایسا عمدہ جواب سن کر اینکر پرسن نے فوراً سر ہلایا کہ بجا فرمایا۔ ویڈیو یو ٹیوب پر موجود ہے۔ افسوس کہ ویڈیو مختصر تھی اور فقط ایک ہی سوال پر مشتمل تھی۔ مگر کیا کیجیے کہ فکر رسا میں چند اور سوالات بھی گونج رہے تھے۔ اور جوابات دینے کے لیے حضرت موجود نہیں تھے چنانچہ اسی جواب کی روشنی میں چند سوالات اور ان کے ممکنہ جوابات ملاحظہ فرمائیے۔

سوال: کیا عورت موٹر سائیکل چلا سکتی ہے؟
جواب: بالکل چلا سکتی ہے بشرطیکہ وہ موٹر سائیکل نہ ہو۔ یعنی ایسی موٹر سائیکل جس میں موٹر سائیکل نظر نہ آئے۔

سوال: کیا عورت لپ اسٹک لگا سکتی ہے؟
جواب: جی ہاں لگا سکتی ہے۔ مگر ایسی لپ اسٹک جس میں رنگ نہ ہو۔ یعنی لگانے کے بعد لپ اسٹک نظر نہ آئے۔

سوال: کیا عورت گھر سے باہر نکل سکتی ہے؟
جواب: کیوں نہیں عورت گھر سے باہر نکل سکتی ہے لیکن اس صورت میں کہ جب وہ گھر سے نکلے تو باہر بھی گھر ہو۔ یعنی جب دروازے سے باہر قدم نکالے تو وہ قدم گھر کے کسی کمرے میں ہی ہو۔

سوال: کیا عورت شادی کے لیے اپنی مرضی کا اظہار کر سکتی ہے؟
جواب: بالکل کر سکتی ہے۔ اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ جب نکاح سے پہلے مولوی صاحب اس سے پوچھیں کہ کیا تمہیں قبول ہے تو وہ ”قبول ہے“ کہہ کر اپنی مرضی ظاہر کر سکتی ہے۔

سوال: کیا عورت اپنی پسند کے کپڑے پہن سکتی ہے؟
جواب: ہاں ہاں پہن سکتی ہے۔ مگر اس طرح سے پہنے کہ اس میں اس کی پسند نظر نہ آئے۔ مطلب یہ ہے کہ کپڑے نظر آئیں مگر پسند نظر نہ آئے۔

سوال: اگر کسی عورت کا شوہر اس پر تشدد کرتا ہو، اسے پاؤں کی جوتی سمجھتا ہو اور دوسری عورتوں سے ناجائز تعلقات رکھتا ہو تو کیا وہ طلاق لے سکتی ہے؟
جواب: طلاق کی حمایت تو نہیں کی جا سکتی لیکن ایسے حالات میں وہ طلاق لے سکتی ہے مگر اس طرح کہ طلاق نظر نہ آئے۔

سوال: کیا عورت گانا گا سکتی ہے؟
جواب: کیوں نہیں، بالکل گا سکتی ہے۔ مگر اس طرح سے گائے کہ سنائی نہ دے۔ یعنی گانا تو گائے مگر اس میں گانا نہ ہو۔

سوال: کیا عورت ہنس سکتی ہے؟
جواب: عورت کے ہنسنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ عورت ہنس سکتی ہے بس یہ خیال رہے کہ اس کے ہنسنے میں ہنسی نہ ہو۔

سوال: کیا عورت ٹی وی دیکھ سکتی ہے؟
جواب: عورت کے ٹی وی دیکھنے میں کوئی حرج نہیں۔ عورت جب چاہے ٹی وی دیکھ سکتی ہے۔ بس شرط یہ ہے کہ اس وقت ٹی وی آف ہو۔ پاور کیبل ساکٹ سے نکالنے کے بعد وہ جتنی دیر چاہے ٹی وی دیکھ سکتی ہے۔

سوال: کیا عورت منہ ہاتھ دھو سکتی ہے؟
جواب: بالکل دھو سکتی ہے بشرطیکہ اس میں منہ اور ہاتھ نہ ہو۔

سوال: کیا عورت اپنی ناک کھجا سکتی ہے؟
جواب: عورت اپنی ناک کھجا سکتی ہے لیکن اس میں کھجانا نہ ہو۔

سوال: کیا عورت قبرستان جا سکتی ہے؟
جواب:مر کر قبرستان تو جانا ہی پڑتا ہے لیکن زندگی میں بھی قبرستان جا سکتی ہے مگر جائے تو قبرستان نہ ہو۔

سوال: کیا عورت جانور ذبح کر سکتی ہے؟
جواب: عورت جانور ذبح کر سکتی ہے مگر اس میں جانور نہ ہو۔ یعنی جانور نظر نہ آئے۔

سوال: کیا عورت آئینہ دیکھ سکتی ہے؟
جواب: یوں تو دکھا بھی سکتی ہے۔ جہاں تک آئینہ دیکھنے کا سوال ہے تو بالکل دیکھ سکتی ہے مگر خیال رہے کہ جب دیکھے تو وہ آئینہ نہ ہو۔

سوال: کیا عورت رقص کر سکتی ہے؟
جواب: عورت کا رقص کرنا ممنوع نہیں ہے۔ عورت جب چاہے رقص کر سکتی ہے مگر اس میں رقص نہ ہو۔ یعنی جب وہ رقص کرے تو اس میں رقص نظر نہ آئے۔

سوال: کیا عورت سانس لے سکتی ہے؟
جواب: عورت کے سانس لینے کی ممانعت نہیں۔ عورت سانس لے سکتی ہے مگر جب وہ سانس لے تو اس میں سانس نہ ہو۔

سوالات تو ان گنت ہیں مگر امید ہے کہ آپ ان جوابات کی روشنی میں تمام سوالات کے جوابات پا جائیں گے۔ دعاؤں کی درخواست ہے۔

Facebook Comments HS