سابقہ فاٹا: سیاست یا خدمت!


سابقہ فاٹا کو مرہم پٹی کی ضرورت ہے نہ کہ مزید زخم دینے کی!

ایک بات جو میں شدت سے محسوس کر رہا ہوں اور اس کے بارے میں لکھنے کی کئی بار کوشش کی لیکن نہ لکھ پایا۔ وہ یہ کہ ہمارے علاقے خصوصاً وزیرستان عموماً سابقہ فاٹا میں ابھی سیاست کرنے وہاں سیاسی ریلیاں نکالنے کی ضرورت کم اور خدمت، عوام کے لئے سہولیات لانے، امن لانے کی زیادہ ضرورت ہے۔

ہمارے ان علاقوں اور ملک کے دوسرے ترقی پذیر شہروں میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ اگر ایک طرف سیالکوٹ، مردان، کوہاٹ، کوئٹہ ہیں جن میں سکول، ہسپتال، یونیورسٹیاں غرض ضروریات زندگی کی تمام سہولیات موجود ہیں، وہاں سیاست کرنا، عوام کو نعروں تقریروں میں الجھانا، بھڑکانا ایک فطرتی بات ہے، وہاں سیاست کرنے کی تک بنتی ہے۔

جبکہ دوسری طرف میران شاہ، باڑہ، ماکین، خار، پاڑہ چنار، لدھا وانہ ہیں، جہاں نہ تو ڈھنگ کا سکول ہے، نہ مریض کی مرہم پٹی کے لئے ہسپتال ہے، کالج غیر آباد یا تباہ حال ہیں، یونیورسٹیوں، اچھی لیبارٹریوں کی تو سوچ بھی نہیں۔

لہاذا ان شہروں کو ملک کے دوسرے شہر سمجھ کر وہاں سیاست کرنا، عوام کو روزانہ دھرنوں احتجاجوں میں الجھائے رکھنا، ان پر مخصوص سیاسی سوچ مسلط کرنا بہت بڑا ظلم ہے۔ ان علاقوں میں فی الحال اگلے پندرہ بیس سال تک سیاست کی جگہ خدمت کی ضرورت ہے۔ وہاں پر ضروریات زندگی، سہولیات لانے وہاں کاروبار لانے، عوام کو آباد کرنے، گرے ہوئے گھر بنانے، سب سے بڑھ کر امن لانے کا سوچنا چاہیے۔

جب یہ تمام چیزیں آ جائیں تو ان علاقوں کو ملک کے دوسرے شہروں کے برابر لانے کی کوششیں کرنی چاہیے۔ اس کے بعد اگر کوئی سیاست کرے گا، عوام کو اپنی سیاست چمکانے کے لئے استعمال کرے گا تو اس کی تک بھی بنے گی۔

لہاذا ان علاقوں سے جتنے بھی ممبران قومی اسمبلی ہیں، صوبائی اسمبلی و سینٹ ممبران ہیں، دوسرے بڑے پوسٹوں پر تعینات لوگ ہیں، وہ ان علاقوں میں فی الحال صرف خدمت کو اولین ترجیح بنائیں۔ جس سے بھی ہو، جہاں سے بھی ہو، جیسا بھی ہو، ان علاقوں کو ملک کے دوسرے علاقوں کے برابر لانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ کوئی ایک قدم ان علاقوں کی بہتری کے لئے اٹھائے دوسرا اور تیسرا قدم آپ فوراً اٹھاؤ!
بے شک خدمت میں ہی سکون و نجات ہے!

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments