ایک گناہ گار جاۓ نماز کی آپ بیتی


اگلے وقتوں میں مجھے بنانے والے بھی باوضو رہا کرتے تھے، نمازی اپنی آنکھوں کے چشموں سے میرے جسم پر بنے کھجور کو سیراب کرتے تھے۔ آنکھوں کا یہ نمکین پانی میرے کھجوری جسم پر پھاہے کا کام کرتا تھا۔ میرے خاص دوست جب کسی غلطی کے کفارے کے لیے سر بہ سجدہ ہوتے تو گاہے میں انھیں خبردار کرتی کہ ”ترا دل تو ہے صنم آشنا تجھے کیا ملے گا نماز میں“ تو وہ مجھ سے لپٹ کر اپنے آقا سے رو رو کر ہم کلام ہوتے، جب وہ اٹھ جاتے تو مجھے یقین ہوجاتا کہ آقا نے معاف کر دیا ہے۔

مجھے بنانے والے جب تک کلمہ گو تھے، تب ان کی روزی میں اتنی ہی برکت تھی جس قدر آج کوچہ گرد اشتراکیوں کی روزی وسیع ہے (کبھی یہی اشتراکی پریشاں روزگار اور آشفتہ مغز ہوا کرتے تھے مگر دیکھو میری برکت سے وہ آج دنیا کے دوسرے بڑے حاکم ہیں )

میں لرز جاتا ہوں جب کوئی کلمہ گو خدائے واحد سے گفتگو کے لیے مجھے آسرا بناتا ہے کیوں کہ ”پہلو میں کوئی اور خیال اور کسی کا“ کے مصداق ان کا مخاطب کوئی ہوتا ہے جب کہ دل لیلائے دنیا کے تعاقب میں بھٹک رہا ہوتا ہے۔

اگلا دن تو میرے لیے کسی قیامت صغرٰی سے کم نہ تھا جب ایک ملازم کو اس کے مالک نے عین موقع پر ایک خاتون کے ساتھ بند کمرے میں پا لیا۔ دروازہ کھٹکھٹایا گیا، نہیں کھولا گیا، دوبارہ کھٹکھٹانے پر کھولا گیا تو اس نامراد ملازم نے اس خاتون کو فوری طور پر میری پیٹھ پر کھڑا کر دیا۔ میں نے نہ چاہتے ہوئے اسے سہارا دے دیا، میں ہمیشہ سے ”گناہ گاروں“ کا سہارا ہوں۔ مالک کو بتایا گیا کہ خاتون نماز پڑھ رہی تھی۔ مالک نے اپنی کاروباری ساکھ بچانے کے لیے چپ سادھ لی مگر اس کے دل کی پکار میں نے سن لی جب وہ کہہ رہا تھا کہ ”مقفل کواڑ اپنی چیخ سے باہر والوں کو اندر کی خبر دے دیتے ہیں۔ بند کمروں میں بھی بھلا کوئی نیک کام ہوتے ہیں؟“

مزے کی بات یہ ہے کہ یہی مالک اپنی دکان میں میرے سینے پر دو زانو بیٹھ کر گاہک سے جھوٹ بول رہا ہوتا ہے۔ جاپان کا بتا کر چین کی چیزیں دے دیتا ہے ”جتنے میں آیا ہے، اتنے کا ہی آپ کو دے رہا ہوں“ کہہ کر مجھے تکلیف دے رہا ہوتا ہے۔

میرے دوسرے بہن بھائیوں تسبیح، مسواک، ٹوپی، دوپٹے اور نقاب کا نوحہ سننے کی آپ تاب نہیں لا سکیں گے اس لیے ان کی کہانی ان ہی کی زبانی سن لیں تو زیادہ بہتر ہو گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments