تحریک انصاف کے 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور، 30 نے استعفی نہیں دیا


سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی فرخ حبیب نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرلئے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے استعفوں کی منظوری کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کو 123 اراکین قومی اسمبلی کے استعفی منظور کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے گزٹ آف پاکستان میں اشاعت کے لیے خط لکھ دیا۔ فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ استعفوں کی منظوری کے باعث ملک میں عام انتخابات ناگزیر ہوچکے ہیں۔

قائم مقام اسپیکر قاسم سوری نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ مجھے 125 اراکین کے استعفی موصول ہوئے، جن میں سے 2 اراکین کے استعفوں کی تصدیق نہ ہو سکی، لہذا 123 اراکین کے استعفی قبول کرلیے ہیں۔

جن کے استعفوں کی تصدیق نہ ہو سکی ان میں این اے 12 سے منتخب پرنس محمد نواز اور این اے 47 سے منتخب جواد حسین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت پی ٹی آئی اراکین نے قومی اسمبلی سے استعفے دے دیے تھے

Facebook Comments HS