کسی کو اپنے ملک میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دیں گے: انڈیا کی فوج کے سربراہ


انڈین آرمی کے سربراہ جنرل منوج پانڈے نے کہا ہے کہ انڈین فوج نے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول ( ایل اے سی) پر صورتحال کو تبدیل کرنے کی چینی کوششوں کا مناسب جواب دیا ہے۔

نئے آرمی چیف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایل اے سی پر صورتحال اب معمول پر ہے۔

جنرل منوج پانڈے انڈین فوج کے 29ویں سربراہ مقرر ہوئے ہیں۔

جنرل پانڈے نے کہا کہ ’ہمارے مخالف کی جانب سے موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنے کے لیے یکطرفہ اور اشتعال انگیز کارروائی کی گئی، جس کا میرے خیال میں مناسب جواب دیا گیا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیئے

لداخ: ’فوج پیچھے ہٹانے کے معاہدے میں انڈیا نے کچھ نہیں کھویا‘

انڈیا اور چین کے تعلقات: ایک طرف سرحدی کشیدگی دوسری طرف ریکارڈ تجارت

چین نے گذشتہ برس ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تصدیق آٹھ ماہ بعد کیوں کی؟

آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں فوج نے خطرے کا اندازہ لگایا ہے اور اپنی افواج کو دوبارہ منظم کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’جہاں تک ایل اے سی کی موجودہ صورتحال کا تعلق ہے، ہمارے سپاہی اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وہاں موجود ہیں کہ موجودصورتحال میں کوئی تبدیلی نہ آئے۔‘

جنرل منوج پانڈے کہتے ہیں کہ ’فوج کی توجہ آپریشنل اور لاجسٹک ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی پر ہے۔‘

یاد رہے کہ مشرقی لداخ میں ہندوستان اور چین کے فوجیوں کے درمیان خونریز جھڑپ کے بعد سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp