ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ: نوجوان کھلاڑیوں پر محیط انڈیا اور پاکستان کی ٹیموں کا میچ ایک ایک گول سے برابر

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


ہاکی
انڈونیشیا کے شہر جکارتا میں شروع ہونے والے گیارہویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا ہے۔

دو روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں انڈیا نے تیسرے پنیلٹی کارنر پر سلوا کارتھی کے گول کے ذریعے سبقت حاصل کرلی تھی۔ یہ کارتھی کا پہلا انٹرنیشنل میچ بھی تھا۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم کو میچ برابر کرنے کے دو مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ جبکہ تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان کے افراز اور اعجاز نے گول کرنے کے مواقع ضائع کر دیے۔

دوسری جانب انڈیا کی ٹیم نے دباؤ قائم کرتے ہوئے چار پنیلٹی کارنرز حاصل کیے لیکن وہ بھی ضائع گئے۔

پاکستانی ٹیم نے میچ ختم ہونے سے کچھ دیر قبل گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ یہ گول پنیلٹی کارنر کے ری باؤنڈ پر رانا عبدالوحید نے کیا۔

اس میچ میں انڈین ٹیم نے آٹھ پنیلٹی کارنرز حاصل کیے جن پر وہ ایک گول کر سکی جبکہ پاکستانی ٹیم کو چار پنیلٹی کارنرز ملے جن میں سے ایک کے ری باؤنڈ پر وہ گول کرنے میں کامیاب ہو سکی۔

ہاکی

پہلے روز کھیلے گئے دیگر میچوں میں جاپان نے انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں نو گول سے ہرا دیا۔ ملائشیا نے عمان کو سات صفر سے شکست دی جبکہ جنوبی کوریا نے بنگلہ دیش کے خلاف چھ ایک سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ منگل کے روز انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ ایشیا کپ میں حصہ لینے والی پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں میں زیادہ تر نئے کھلاڑی شامل ہیں۔

انڈیا نے اس ٹورنامنٹ کے لیے جس ٹیم کا انتخاب کیا ہے اس میں دس کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل انٹرنیشنل ہاکی نہیں کھیلے۔ ٹیم کی قیادت تجربہ کار کھلاڑی بریندرا لاکڑا کر رہے ہیں۔ انڈین ٹیم کے ہیڈ کوچ سابق اولمپیئن سردار سنگھ ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ ہیں جبکہ ہیڈکوچ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ایکمین ہیں۔ پاکستان نے اپنے حالیہ دورۂ یورپ میں آٹھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا تھا تاہم ہالینڈ، بیلجیئم اور سپین میں کھیلے گئے ان میچوں کو انٹرنیشنل درجہ حاصل نہیں تھا۔

انڈیا اس وقت ہاکی کی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان کی عالمی رینکنگ 18ہے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ سے پہلے آخری مرتبہ گذشتہ سال بنگلہ دیش میں منعقدہ ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں مدمقابل ہوئی تھیں۔ اس کے لیگ میچ میں انڈیا نے ایک کے مقابلے میں تین گول سے اور پھر کانسی کے تمغے کے میچ میں تین کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

ہاکی

ایشیا کپ کون کون جیتا ہے؟

انڈیا ایشیا کپ کی دفاعی چیمپیئن ٹیم ہے۔ اس نے سنہ 2017 میں ڈھاکہ میں ہونے والے ایشیا کپ کے فائنل میں ملائیشیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے تیسری پوزیشن کے میچ میں جنوبی کوریا کو تین کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا تھا۔

پاکستان اور انڈیا تین تین مرتبہ ایشیا کپ جیت چکے ہیں۔ پاکستان نے ایشیا کپ کے ابتدائی تین ٹورنامنٹس یعنی سنہ 1982، 1985 اور 1989 میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد اگرچہ اس نے مزید تین بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا لیکن تینوں مرتبہ اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

سب سے زیادہ چار مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز جنوبی کوریا کو حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیے

49 سال قبل جب پاکستان ہاکی کا عالمی چیمپیئن بنا

’ڈاک ٹکٹ والے‘ اسد ملک: اولین ہاکی ورلڈ کپ جیتنے والے لیفٹ ان انتقال کر گئے

اولمپک گولڈ میڈل جس نے ہاکی کو پاکستان کا قومی کھیل بنا دیا

ہاکی: ’اس طرح ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا باوقار نہیں‘

ورلڈ کپ کوالیفائر

ایشیا کپ کا فارمیٹ کچھ اس طرح کا ہے کہ شریک آٹھ ٹیموں کو دو گروپس میں رکھا گیا ہے۔ پول اے میں پاکستان، انڈیا، جاپان اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ پول بی جنوبی کوریا، ملائیشیا، عمان اور بنگلہ دیش پر مشتمل ہے۔

دونوں گروپس میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی چار ٹیمیں دوسرے مرحلے میں لیگ مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کو ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ بھی حاصل ہے۔

اس ایشیا کپ میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والی ٹیمیں عالمی کپ میں جگہ بنائیں گی۔ انڈیا کی ٹیم ایشیا کپ میں پہلی تین پوزیشن حاصل نہ کرنے کے باوجود میزبان کی حیثیت سے ورلڈکپ کھیلے گی۔

15واں ہاکی ورلڈ کپ آئندہ سال 13 سے 29 جنوری تک اڑیسہ کے دو شہروں بھونیشور اور راؤرکیلہ میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments