شاردہ پیٹھ – قدیم ادوار کی درسگاہوں میں عظیم درسگاہ


یہ شاردہ پیٹھ ہے، لفظ ( شاردہ) دراصل سنسکرت لفظ شردہ سے نکلا ہے اس کا معنی موسم خزاں سے محبت کرنے والی دیوی کے ہیں اور ہندومت میں اس کا اصلی نام سرسوتی ہے۔ لفظ ( پیٹھ) کا مطلب بیٹھنے کی جگہ ہے یعنی ( سروسوتی دیوی کے بیٹھنے کی جگہ)

شاردہ پیٹھ کے آس پاس پورا قصبہ آباد ہے جو شاردہ کے نام سے ہی جانا جاتا ہے، زمانہ قدیم میں شاردہ پیٹھ کو کافی اہمیت حاصل تھی جس کا ذکر البیرونی نے اپنی کتاب ( کتاب الہند) کے باب ( ہندوستانی مذاہب کی عظیم عبادت گاہیں ) میں کیا ہے اور لکھا ہے، سری نگر کے شمال کی جانب شاردہ کی درسگاہ واقع ہے جس کو اہل ہند بہت متبرک تصور کرتے ہیں اور ہر سال خزاں کے موسم میں یہاں کا رخ کرتے ہیں

شاردہ پیٹھ عبادت گاہ ہونے کے ساتھ درسگاہ بھی تھی جو برصغیر میں بڑی اہمیت کی حامل تھی جس کا ذکر بہت سے تاریخ دانوں نے اپنی تصانیف میں کیا ہے

اس درسگاہ میں ایک بڑا طاقچہ بھی موجود ہے جو بڑے چراغ کے لئے بنایا گیا تھا زمانہ قدیم میں یہاں ہر سال کئی زائرین عبادت کے لئے آیا کرتے تھے جس کے نشانات موجود ہیں مگر بلندی پر ہونے کے باعث موسم کی سختیوں نے اس تاریخی ورثے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اس باقیات میں سے فقط 35 فیصد حصہ اس وقت موجود ہے یہیی وجہ ہے یہاں عبادت کرنے والوں نے تقریباً آنا چھوڑ دیا ہے مگر گاہے گاہے ہندوستان سے اس درسگاہ کو بحال کرنے پر زور دیا جاتا رہتا ہے مگر شاید کے ائندہ سالوں میں یہ بھی نا رہے۔ جو لوگ تاریخ سے گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور اس طرح کی جگہوں کو وزٹ کرنے کا شوق رکھتے ہیں وہ اس خوبصورت پیٹھ کو ضرور دیکھیں اور کچھ دیر یہاں ٹھہرنے کے ارادے سے آنکھیں بند کر کے 760 عیسوی کو محسوس کریں۔

چاندنی رات میں مرکزی طاقچہ میں رکھے بڑے چراغ سے نکلتی روشنی پوری درسگاہ پر اپنے نقش چھوڑ رہی ہے آسمان پر نظر دوڑائیں، ستاروں سے آسمان روشن ہے چہار جانب طالب علم آرام کر رہے ہیں گہری خاموشی کا سکوت توڑتے ہوئے کوئی راہب آپ کا نام پیار سے پکارتا ہے اور پیچھے دیکھنے کا کہتا ہے یہاں بلندی پر خوبصورت تالاب کے نیلے پانی میں چمکتے چاند کا عکس آپ کو محو حیرت کر رہا ہے اور ذرا اوپر نگاہ جاتے ہی آپ کی نظر سامنے شاندار عمارت جو انجینئرنگ کا شاہکار ہے نظر آتی ہے جس میں دیوی سروستی کی مورتی اپنے خوبصورت مسکراہٹ کے ساتھ تخت پر براجمان ہے آپ اس چاندنی رات کو حیرت سے دیکھتے ہوئے آنکھیں کھولتے ہیں تو سامنے یہ ویران اور شکستہ حالت میں مندر آپ کے سامنے موجود ہوتا ہے آپ کے پاس افسوس اور دوبارہ اسی تخیل میں جانے کی خواہش کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔