عمران خان کا دورۂ لاہور، پنجاب کی سیاست میں نئی بساط بچھنے کو تیار


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — سابق وزیرِ اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان جمعرات کو لاہور کا اہم دورہ کریں گے جس کے دوران وہ پنجاب کابینہ میں وزرا کے ناموں پر مشاورت بھی کریں گے۔

عمران خان کے شیڈول دورے میں نئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملیں گے اور آئندہ انتخابات سے متعلق مشاورت بھی کریں گے۔

عمران خان کی چوہدری پرویز الہیٰ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو اس حوالے سے بھی اہمیت دی جا رہی ہے کہ اس کے دوران دونوں رہنما صوبائی کابینہ کے لیے ناموں پر تبادلۂ خیال کرنے سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کریں گے۔

نئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کواپنی کابینہ کے لیے وزرا سمیت اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے ناموں پر بھی مشاورت کرنی ہے۔

چوہدری پرویز الہیٰ کے وزیرِ اعلیٰ بننے کے بعد خالی ہونے والی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی نشست کے لیے دو نام زیرِ گردش ہیں۔ سبطین خان اور باسط قیوم اسپیکر اسمبلی کے لیے مضبوط ترین امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ عمران خان اور چوہدری پرویز الہیٰ کے درمیان ہونے والی مشاورت کے بعد سامنے آ سکتا ہے۔

پنجاب میں نئے وزیرِ اعلیٰ کے آنے کے بعد بھی سیاسی بحران موجود ہے۔ صوبے میں جہاں ایک جانب پرویز الہیٰ کو حکومت کے خاتمے کی دھمکیوں کا سامنا ہے وہیں کابینہ کی تشکیل کے لیے ناموں کا انتخاب بھی بڑا چیلنج ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں کہ پنجاب حکومت زیادہ عرصہ نہیں چل سکے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے مقامی نجی ٹی وی’ جیو نیوز ‘کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ نے 186 اراکین کی کابینہ بنائی تو پھر ان کے خلاف کارروائی کرنے میں ایک مہینہ لگے گا اور اگر 186 اراکین کی کابینہ نہ بنائی تو دوسرے یا تیسرے دن ایسے حالات ہوں گے کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر غور کیا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور جمعیت علماء اسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے عمران خان خبردار کیا تھا کہ ان کی حکومت کو زمین بوس کر دیا تھا اور اب وہ پنجاب حکومت کی خیر منائیں جو آئندہ چند روز کی مہمان ہے۔

پنجاب کی سیاسی صورتِ حال اور آئندہ کی حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اہم اجلاس بھی جمعرات کو ہو گا جس میں پنجاب کی سیاست پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ایوانِ صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد بھی عمران خان سے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان لاہور میں ہونے والی ملاقات دو روز کے دوران دوسری ملاقات ہو گی۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments