’سزا کے طور پر تمباکو نوشی‘: ڈاکٹر کا سگریٹ کی طلب ترک کرنے کا سادہ سا نسخہ
آندرے بیرنتھ - بی بی سی نیوز برازیل

یہ ان ہدایات میں سب سے اہم ہے جو دل کے امراض کی ماہر جیکلین شولز ان سگریٹ نوشوں کو دیتی ہیں جو سگریٹ نوشی ترک کرنے کے لیے ان کے پاس آتے ہیں۔
جیکلین شولز یونیورسٹی آف ساؤ پاؤلو کے سکول آف میڈیسن میں پروفیسر ہیں اور انسٹیٹیوٹ ڈو کاراکاؤ کے تمباکو نوشی کی لت سے نجات پانے کے ایک پروگرام کی ڈائریکٹر ہیں۔
شولز کہتی ہیں کہ انھیں ’سزا کے طور پر تمباکو نوشی‘ کی تکنیک کا خیال 2015 میں ایک مریض کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے آیا تھا۔
وہ کہتی ہیں کہ میرے ’مریض نے میری طرف دیکھا اور کہا کہ ڈاکٹر تم نے میرے پیسے دوائیوں پر لگوا دیے اور ساتھ یہ بھی کہا کہ میں سگریٹ نوشی ترک کر دوں گا، مگر ایسا نہیں ہوا۔‘
’میرے ذہن میں اسی وقت یہ خیال آیا۔ میں کرسی سے اٹھی، دوسری طرف دیکھا اور کہا کہ میں تمہیں کھڑے ہو کر، بس دیوار کی طرف منہ کر کے سگریٹ نوشی کا مزہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہوں۔‘
یہ سادہ طریقہ گذشتہ سال ایک سائنسی جریدے میں شائع ہونے والے مضمون کا موضوع تھا۔
اس تحقیق میں مریضوں کے ایک گروہ کو چنا گیا جنھوں نے سٹینڈرڈ طریقے (دوائیوں اور کونسلنگ) کی مدد سے سگریٹ نوشی ترک کرنے کی کوشش کی تھی جبکہ دوسرے گروہ کو روایتی تھیراپی کے علاوہ سزا کے طور پر سگریٹ نوشی کا کہا گیا۔
اس کے نتائج بڑے حیرت انگیز تھے۔ پروگرام شروع کرنے کے 12 ماہ بعد پہلے گروہ کے 34 فیصد شرکاء مکمل طور پر تمباکو نوشی چھوڑ چکے تھے۔ تاہم سزا کے طور پر تمباکو نوشی کرنے کے والوں کی تعداد 65 فیصد تھی، یعنی کامیابی کی شرح میں 31 فیصد کے قریب اضافہ۔

یہ تکنیک کیوں کام کرتی ہے؟ اور یہ کس طرح تمباکو نوشی ترک کرنے کی خواہش رکھنے والوں کی دوسرے دستیاب ذرائع کے ساتھ مدد کرتی ہے، جیسا کہ ادویات اور کونسلنگ وغیرہ۔
شولز کہتی ہیں کہ تمباکو نوشی ترک کرنے کے روایتی علاج کا انحصار ایک دوا ورنیسلین پر ہوتا ہے۔
آسان زبان میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ یہ دوا دماغ کے خلیوں میں نکوٹین ریسیپٹرز کے ساتھ جڑ جاتی ہے۔ اس سے تمباکو نوشی چھوڑنے والے افراد میں اس کی طلب کی شدت میں کمی آتی ہے۔ یاد رہے کہ تمباکو میں موجود مادوں میں نکوٹین سب سے اہم مادہ ہے۔ اس کا تعلق خوشی اور خیر و عافیت کے احساس سے ہے، لیکن اس کی عادت پڑ جاتی ہے۔ اسی وجہ سے سگریٹ نوشی ترک کرنا اتنا مشکل کام ہے۔

جن مریضوں پر ورنسلین اچھی طرح اثر نہیں کرتی تو ان پر دوسری ادویات استعمال کی جاتی ہیں، جیسا کہ اینٹی ڈیپریسنٹس اور نکوٹین کے پیچز۔
ادویات کے علاوہ تمباکو نوشی ترک کرنے کے علاج میں طبی فالو اپ کیے جاتے ہیں، کونسلنگ سیشن ہوتے ہیں اور بنیادی ہدایات دی جاتی ہیں جیسا کہ کب اور کیسے تمباکو نوشی کو ترک کرنا ہے۔
حدود اور مواقع
علاج کا یہ طریقہ چند مریضوں پر تو اثر دکھاتا ہے، لیکن دوسرے جو اپنی لت چھوڑنا چاہتے ہیں یہ ان پر اچھی طرح اثر نہیں کرتا۔
دماغ کے رسیپٹرز اور رویے میں تمام تبدیلیوں کے باوجود، سگریٹ اب بھی ان کے لیے خوشی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
شولز کہتی ہیں کہ ’ہم جانتے ہیں کہ تمباکو نوشی کی لذت کا تعلق یادوں سے ہے، اور ایسی کوئی ادویات نہیں ہیں جو ان پہلوؤں پر کام کرتی ہوں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ ’ان کے لیے، سگریٹ ایک خوشگوار تجربے کو بار بار دہرانا ہے، چاہے نیکوٹین ریسیپٹرز بند ہی ہوں۔‘
دوسرے لفظوں میں، تمباکو نوشی اب بھی اس فرد کی زندگی میں بہت سی دوسری اچھی چیزوں سے متعلق ہے، جیسے کام سے وقفہ، دوستوں کے ساتھ بات کرنا، کافی پینا، یا کھانے سے پہلے یا بعد کے لمحات۔
یہ بھی پڑھیئے
تمباکو نوشی کا متبادل ’ای سگریٹ‘ کتنے محفوظ ہیں
تمباکو نوشی سے خواتین کو دل کے عارضے کا خطرہ زیادہ
’سگریٹ نوشی اندھے پن کا باعث بن سکتی ہے‘
’سگریٹ نوشی کی کوئی محفوظ حد نہیں‘
اور بالکل اسی جگہ تمباکو نوشی سے سزا دینے کا خیال آتا ہے: کھڑے ہو کر سگریٹ پینا، جب آس پاس کوئی نہ ہو اور دیوار کی طرف منہ ہو، انسان تمباکو سے وابستہ تمام خوشگوار محرکات بھول جاتا ہے۔
ادویات اور کنٹرول کے ساتھ ساتھ، یہ مشق تمباکو نوشی سے وابستہ لذتوں کو مزید کم کر سکتی ہے۔
امید افزا نتائج
سزا کے طور پر سگریٹ نوشی کی تکنیک کا جائزہ لینے کے لیے، شولز نے ماہرین صحت کی ایک ٹیم کو اکٹھا کیا اور ان مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جو 2011 اور 2018 کے درمیان کلینک آئے تھے۔
پہلا گروپ جو 324 تمباکو نوشوں پر مشتمل تھا، اسے معیاری علاج مہیا کیا گیا جس میں دواؤں کے علاوہ، اس عادت کو مکمل طور پر ترک کرنے کی تاریخ کا تعین کرنے کی حکمت عملی بھی شامل تھی۔
دوسرے گروہ کو، جس میں 281 مریض شامل تھے، ویرینسلین اور دیگر دوائیں دی گئیں، لیکن پھر انھیں اچانک ادویات کو چھوڑنے کا کہا گیا: انھیں کہا گیا کہ وہ جتنا چاہیں سگریٹ نوشی کر سکتے ہیں، جب تک کہ وہ تکنیک کے بنیادی اصولوں کا احترام کرتے رہیں گے، جو کہ الگ تھلگ کھڑے ہو کر، ایک دیوار کی طرف دیکھ کر سگریٹ پینا تھا۔
تین ماہ کے بعد، گروپ 1 کے 45 فیصد شرکاء نے سگریٹ نوشی ترک کر دی تھی، جبکہ گروپ 2 میں یہ شرح 75 فیصد تھی۔
فالو اپ شروع ہونے کے تقریباً ایک سال بعد، یہ شرح بالترتیب 34 فیصد اور 65 فیصد تھی۔

گروپ کی ایک اور تحقیق، جو ابھی تک شائع نہیں ہوئی، یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ یہ تکنیک ایک شخص کے روزانہ پینے والے سگریٹوں کی تعداد کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔
اگرچہ یہ تحقیق تکنیک کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے، اس کی تاثیر کو ثابت کرنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر شولز بتاتی کہ بہت سے لوگ یہ بھی نہیں جانتے کہ تمباکو نوشی ایک دائمی بیماری ہے اور اس کے سائنسی طور پر توثیق شدہ علاج کا پروٹوکول ہے۔
وہ کہتی ہیں کہ ’بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے صرف قوت ارادی کی ضرورت ہوتی ہے، ایسا نہیں ہوتا۔‘
’یقینا حوصلہ افزائی اہم ہے، لیکن ہمارے پاس دوسرے وسائل ہیں۔‘
ماہر امراض قلب بتاتی ہیں کہ کسی بھی شخص کو اس کی ضرورت نہیں کہ وہ مدد کے لیے سگریٹ سے صحت کا مسئلہ پیدا ہونے کا انتظار کرے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا تخمینہ ہے کہ تمباکو ہر سال 8 ملین سے زیادہ اموات کا سبب بنتا ہے۔
اس مادے کے استعمال سے 15 سے زیادہ مختلف قسم کے کینسر نشوونما پاتے ہیں۔ مایوکارڈیل انفریکشن کے علاوہ اس کا تعلق فالج، کرونک آبسٹرکٹیو پلمونری ڈیزیز (COPD)، تپ دق، سانس کے انفیکشن، پیٹ اور آنتوں کے السر، نامردی جنسی بانجھ پن اور آنکھوں کے موتیے سے بھی ہے۔
- سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل: موسے والا قتل کیس میں نامزد لارنس بشنوئی کے خلاف ایک اور ایف آئی آر درج - 20/03/2023
- وہ شخص جو عراق جنگ کو روک سکتا تھا: ’واشنگٹن پہلے سے ہی نائن الیون کے انتقام کا منصوبہ رکھتا تھا‘ - 20/03/2023
- ’مجھے اپنا آپ ناپاک محسوس ہوا، گھر جا کر میں نے غسل کیا‘: جنسی ہراسانی سے نمٹنے کا ہتھیار سیفٹی پن - 20/03/2023

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).