ملکہ الزبتھ کو بیلمورل کاسل میں طبی نگہداشت میں رکھا گیا ہے
بیان میں کہا گیا ہے ’آج صبح مزید جائزہ لینے کے بعد ملکہ کے ڈاکٹر اُن کی صحت کے بارے میں فکرمند تھے اور انھوں نے ملکہ کو طبی نگہداشت میں رکھنے کا مشورہ دیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ملکہ آرام سے ہیں اور بیلمورل میں ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
ملکہ برطانیہ کی وہ ’بےتکلف‘ تصاویر جو پہلے کبھی سامنے نہیں آئیں
نوجوان الزبتھ کو کب احساس ہوا کہ وہ ایک دن ملکہ بن جائیں گی؟
ملکہ برطانیہ کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آ گیا
شہزادہ چارلس بھی بیلمورل پہنچ گئے ہیں، جو سکاٹ لینڈ میں ملکہ الزبتھ کی رہائشگاہ ہے۔ ڈچز آف کارن وال بھی وہاں پہنچ گئی ہیں جبکہ ڈیوک آف کیمبرج شہزادہ ولیم بھی وہاں روانہ ہو گئے ہیں۔
96 برس کی ملکہ برطانیہ کو بدھ کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انھیں پرائیوی کونسل کی میٹنگ میں شرکت سے روک دیا گیا تھا۔
ملکہ الزبتھ کی صحت سے متعلق کافی زیادہ تشویش ہے جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔
ان قیاس آرائیوں کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے کہ وہ گر گئیں تھیں۔ منگل کو وہ اپنے پیروں پر کھڑی تھیں اور ان کی ایک تصویر بھی جاری کی گئی جس میں وہ نئی وزیر اعظم کا تقرر کرنے کے بعد مسکرا رہی ہیں۔
تاہم سینیئر وزرا کے ساتھ پرائیوی کونسل کی ایک آن لائن میٹنگ کی منسوخی کے بعد ملکہ کی صحت سے متعلق نازک صورتحال کا اندازہ ہوتا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم لز ٹرس نے کہا ہے کہ اس خبر کے باعث پورے ملک میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’میری اور پورے ملک کی نیک تمنائیں ملکہ اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔‘
ملکہ الزبتھ نے لندن کا سفر کرنے کے بجائے بیلمورل کاسل ہی سے نئی وزیراعظم کا تقرر کیا۔
اپنے 70 برس کے دورِ اقتدار میں ملکہ عام طور پر لندن کے بکنگھم پیلس میں وزیر اعظم کا تقرر کرتی ہیں۔
وہ جولائی کے مہینے سے سکاٹ لینڈ میں گرمیوں کی چھٹیوں پر ہیں۔
لیبر پارٹی کے رہنما سر کیئر سٹارمر نے بھی اپنی گہری تشویش اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔


