پاکستان، انڈیا کرکٹ میچ کے دن اگر بارش ہو گئی تو کیا ہو گا؟


پاکستان، انڈیا
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 23 اکتوبر کو آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا مقابلہ ہونے کی ’توقع‘ ظاہر کی جا رہی ہے۔

’توقع‘ اس لیے اور یقینی اس لیے نہیں کیونکہ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 23 اکتوبر کو میلبرن میں بارش کا امکان 70 فیصد سے بھی زائد ہے۔

اسی طرح نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 22 اکتوبر کے لیے سڈنی میں طے شدہ میچ میں بھی 80 فیصد سے زیادہ بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، بالخصوص شام کے اوقات میں۔

واضح رہے کہ پاکستانی وقت کے مطابق انڈیا اور پاکستان کا میچ دوپہر ایک بجے ہو گا، یعنی وہ وقت جب آسٹریلیا میں شام کے سات بج رہے ہوں گے۔

پاکستان اور انڈیا کا میچ برِصغیر پاک و ہند کی ڈیڑھ ارب آبادی سمیت دنیا بھر میں رہنے والے ان ممالک کے افراد اور دوسری اقوام کے کرکٹ شائقین کے لیے بھی بہت دلچسپی کا حامل ہوتا ہے کیونکہ روایتی حریفوں کے درمیان یہ کھیل کھیل نہیں بلکہ جنگ کا سماں پیدا کرنے لگتا ہے۔

اب ایسے میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ان میچز کے درمیان بارش ہو گئی تو پھر کھیل کا کیا بنے گا؟

آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر بارش کی وجہ سے میچ بالکل بھی نہ ہو سکا تو دونوں ہی ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔

گروپ میچز کے لیے کوئی ایسا ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا جس دن بارش سے متاثر ہونے والا میچ دوبارہ منعقد کر دیا جائے، تاہم یہ سہولت سیمی فائنلز اور فائنل مقابلوں کے لیے رکھی گئی ہے۔

تاہم اگر میچ ہو گیا اور کوئی ایک ٹیم جیت گئی تو جیتنے والی ٹیم کو دو پوائنٹس ملیں گے اور ہارنے والی ٹیم کو کچھ بھی نہیں ملے گا۔

یہ بھی پڑھیے

جے شاہ کے بیان سے انڈیا میں ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں: پی سی بی

وہ حکمتِ عملی جو مداحوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے قریب لے آئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل انڈیا میں ’کوہلی کو گرفتار کرو‘ کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر ایک ٹیم نے مکمل بیٹنگ کر لی تو دوسری ٹیم کو کم از کم پانچ اوورز کھیلنے ہوں گے تبھی ڈک ورتھ لوئس قواعد کے ذریعے فاتح ٹیم کا تعین ہو گا۔

ڈک ورتھ لوئس میتھڈ ایک ریاضیاتی فارمولا ہے جس کے ذریعے بارش یا خراب لائٹنگ کی وجہ سے متاثر ہونے والے اوورز کا ازالہ کر کے دوسری اننگز کھیلنے والی ٹیم کے لیے ہدف کا دوبارہ تعین کیا جاتا ہے۔

اس کے لیے جن چیزوں کو مدِ نظر رکھا جاتا ہے وہ یہ کہ کتنے اوورز کا نقصان ہوا ہے اور یہ کہ دوسری ٹیم کے پاس کتنی وکٹیں دستیاب ہیں۔

اس کی بنا پر دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے ہدف گھٹ بھی سکتا ہے اور بڑھ بھی سکتا ہے۔

تاہم اگر پانچ اوورز بھی نہیں کھیلے گئے تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کا اطلاق نہیں ہو گا اور یہ میچ ’واش آؤٹ‘ قرار پائے گا، نتیجتاً دونوں ٹیموں کے درمیان پوائنٹس تقسیم ہو جائیں گے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp