پرتھ سٹیڈیم جہاں آج پاکستانی فینز بھی انڈیا کی جیت کی دعا کریں گے


پاکستان، انڈیا، فینز
’پاکستان بھی اپنا میچ جیت جائے اور انڈیا بھی تاکہ پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچنے میں آسانی ہو۔‘

آج (اتوار) پرتھ کرکٹ سٹیڈیم میں انڈیا پاکستان کا میچ تو نہیں لیکن گراؤنڈ کے مناظر گذشتہ اتوار کو ایم سی جی میں ہونے والے میچ جیسے ہی ہونے کا امکان ہے۔

یہاں آسٹریلیا کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے پاکستان اور نیدرلینڈز کی ٹیموں کا سامنا ہو گا جبکہ شام سات بجے گروپ بی کا اہم میچ انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

سٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے اس ’ڈبل ہیڈر‘ کے لیے شائقین کو ایک میچ کے ٹکٹ پر دونوں ہی میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے باعث گراؤنڈ میں انڈیا اور پاکستان دونوں کے شائقین بڑی تعداد میں موجود ہوں گے۔

لیکن پاکستانی شائقین جو گذشتہ اتوار کو انڈیا کی ہار کے لیے بے تاب تھے آج پاکستان کی فتح کے ساتھ ساتھ انڈیا کی فتح کے لیے بھی دعائیں کریں گے کیونکہ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں انڈیا کی فتوحات اہم کردار ادا کریں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی زمبابوے سے اپ سیٹ شکست کے بعد ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے امکانات ایک مرتبہ پھر نیٹ رن ریٹ اور دوسری ٹیموں کے مقابلوں کے نتائج پر منحصر ہیں۔

پاکستان کو زمبابوے نے ایک رن سے شکست دے کر اس ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے دوران دوسرا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ اس سے قبل آئرلینڈ نے انگلینڈ کو بارش سے متاثرہ میچ میں پانچ رن سے شکست دی تھی۔

اس وقت اکثر پاکستانی مداح امید بھی چھوڑ چکے ہیں کیونکہ ان کے نزدیک اب پاکستان کے لیے سیمی فائنل تک رسائی بہت مشکل ہے۔

اس ضمن میں 30 اکتوبر کو ہونے والے تینوں میچ اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔ پہلے بنگلہ دیش اور زمبابوے کی ٹیمیں ہوبارٹ میں آمنے سامنے ہوں جہاں پاکستان کو بنگلہ دیش کی فتح کی امید ہو گی۔

پھر پرتھ میں پاکستان کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہو گا جس میں پاکستان کی بھاری مارجن سے فتح اس کے نیٹ رن ریٹ میں بہتری لا سکتی ہے جبکہ پرتھ میں ہی شام کو انڈیا اور جنوبی افریقہ آمنے سامنے ہوں گی، جہاں پاکستان کے لیے انڈیا کی فتح اہم ہو گی۔

پاکستان، انڈیا، فینز

’جتنی دعائیں ہو سکتی ہیں اتنا بہتر ہے‘

سنیچر کو پاکستان ٹیم نے واکا سٹیڈیم جبکہ انڈین ٹیم نے پرتھ سٹیڈیم میں پریکٹس کی جس میں اکثر نامور انڈین کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی۔

تاہم اس پریکٹس سیشن کے دوران جہاں انڈین شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی وہیں پاکستانی شائقین بھی ویک اینڈ پر بڑے شوق سے انڈیا کی پریکٹس دیکھنے کے لیے آئے تھے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی عظمیٰ اور ان کے شوہر ورن، جن کا تعلق انڈیا سے ہے، یہاں پاکستان اور انڈیا دونوں کی شرٹس سے مل کر بنی ایک چھوٹی سی شرٹ لے کر آئے ہوئے تھے۔

اس شرٹ پر انھوں نے پاکستان کے کھلاڑیوں سے تو آٹو گراف لے لیے تھے تاہم اب انھیں انڈیا کے کھلاڑیوں سے بھی آٹو گراف لینا تھے۔

یہ شرٹ دراصل ان کی نومولود بیٹی کے لیے ہے جسے وہ دونوں ایسی شرٹ پہنانا چاہتے ہیں۔

عظمٰی نے کہا کہ ’دل سے دعائیں یہی ہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں جائے اور ہم دعا کریں گے کہ پاکستان اور انڈیا دونوں ہی اپنا اپنا میچ جیتیں۔‘

اس پر ان کے شوہر ورن نے کہا کہ ’جتنی دعائیں ہو سکتی ہیں اتنا بہتر ہے، جنوبی افریقہ بہت ہی اچھی ٹیم ہے۔ ہم تو چاہتے ہیں کہ انڈیا ہمیشہ جیتے اور ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ انڈیا پاکستان کا دوبارہ مقابلہ ہو۔‘

پاکستان، انڈیا، فینز

یہیں انڈیا سے تعلق رکھنے والی شالی بھی موجود تھیں اور ان کا بھی یہی کہنا تھا کہ ’انڈیا کے جیتنے سے اگر پاکستان کو فائدہ ہوتا ہے تو یہ بھی اچھا ہے، ہماری نیک تمنائیں پاکستان کے ساتھ ہیں۔‘

یہیں موجود اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سمیع پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے امکانات کے بارے میں خاصے پُرامید تھے۔

انھوں نے کہا کہ ’پاکستان ایسی ہی جگہوں سے ٹورنامنٹ میں واپسی کرتا ہے اور ایسے ہی موقعوں پر آپ ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، امید ہی کر سکتے ہیں بس۔‘

آئیے جانتے ہیں کہ وہ کون سے عوامل ہیں جن کے ذریعے پاکستان کی اگلے مرحلے تک رسائی ممکن ہو سکتی ہے؟

یہ بھی پڑھیے

کیا پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی اب بھی ممکن ہے؟
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ڈائری: پاکستان انڈیا میچ کے بعد ’کہیں خوشی تو کہیں غم‘
پاکستان بمقابلہ انڈیا: محمد نواز کے آخری اوور میں نو بال اور فری ہٹ پر بحث: ’اس پر نظرثانی ہونی چاہیے‘

پاکستان، انڈیا، فینز

پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے اگر۔۔۔

1۔ پاکستان اپنے تمام میچ جیت جائے

سب سے پہلے تو پاکستان کو اپنے تمام میچ جیتنے ہوں گے، کسی بھی اور میچ میں شکست پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دے گی۔

پاکستان کا اگلا میچ پرتھ میں آج (30 اکتوبر) کو نیدرلینڈز کے خلاف ہے، اس کے بعد پاکستان نے سڈنی میں تین نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف گروپ 2 کا اہم میچ کھیلنا ہے اور پھر ایڈیلیڈ میں پاکستان اور بنگلہ دیش مدِ مقابل ہوں گے۔

پاکستان کو نہ صرف یہ میچ جیتنے ہوں گے بلکہ انھیں بڑے مارجن سے بھی جیتنا ہو گا تاکہ اگر بات نیٹ رن ریٹ پر آئے تو پاکستان کو برتری حاصل ہو۔

2۔ انڈیا گروپ 2 میں سرِ فہرست رہے

پاکستان کو اب ساتھ ہی ساتھ گروپ 2 کی ٹیموں سے یہ امید رکھنی ہو گی کہ وہ مخصوص ٹیموں کے خلاف اپنے میچ جیتیں۔

اس وقت پاکستان کی دوڑ بظاہر گروپ میں دوسری پوزیشن کے لیے ہو گی کیونکہ پاکستان زیادہ سے زیادہ تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس حاصل کر سکتا ہے۔

انڈیا، پاکستان

اس لیے پاکستان چاہے گا کہ نہ صرف انڈیا جنوبی افریقہ کو ہرائے بلکہ وہ زمبابوے اور بنگلہ دیش کو بھی شکست دے۔

انڈیا کا جنوبی افریقہ سے میچ آج، پاکستان اور نیدرلینڈز کے میچ کے بعد ہے جبکہ انڈیا اور زمبابوے کے درمیان میچ چھ نومبر کو ہے۔

3۔ زمبابوے اپنے بقیہ تین میں سے دو میچ ہارے

زمبابوے کی جانب سے جس طرح کی کرکٹ گذشتہ چند ماہ میں کھیلی گئی ہے اور ان کے فاسٹ بولرز نے پاکستان کے خلاف جتنی اچھی بولنگ کی ہے اس کے بعد آسٹریلیا کی پچز پر وہ ایک خطرناک ٹیم بن گئی ہے۔

اس کے علاوہ زمبابوے کا اپنے بقیہ تین میں سے دو میچ ہارنا بھی اہم ہے۔ یعنی زمبابوے کو انڈیا کے علاوہ بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز میں سے کسی ایک ٹیم سے شکست ہو گی تو پاکستان کے لیے صورتحال بہتر ہو گی۔

بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان میچ 30 اکتوبر کو ہی برسبین میں کھیلا جائے گا جبکہ زمبابوے اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں دو نومبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp