بنیادی سہولیات سے محروم رینالہ خورد کا ایک گاؤں


تحصیل رینالہ خورد کے پسماندہ گاؤں بیس دو ایل کی آبادی پانچ ہزار سے زائد افراد پر مشتمل ہے اور یہ گاؤں تحصیل کورٹس سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلہ پر رینالہ خورد بائی پاس پر واقع ہے۔ ترقی کے اس دور میں بھی گاؤں فراہمی آب اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ نکاسی آب کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے زیر زمین پانی نا قابل استعمال ہو چکا ہے۔ لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے دور دراز سے پانی لانا پڑتا ہے۔ گھروں سے نکلنے والا گندا پانی گاؤں کے چاروں اطراف جوہڑوں کی صورت میں کئی کئی ایکڑ تک جمع ہو چکا ہے۔ جس کی وجہ سے گاؤں کی اکثر آبادی ہیپاٹائٹس اور پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو چکی ہے۔

گاؤں کے نمبردار راجہ ظہیر احمد نے بتایا کہ نکاسی آب کا کوئی انتظام نہ ہونے سے گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ پانی جوہڑوں کی شکل میں جمع ہو چکا ہے۔ سیاست دانوں اور متعلقہ اداروں نے کبھی اس مسئلہ کی طرف توجہ نہیں دی۔ جس سے یہ گاؤں متعدد بیماریوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ نمبردار راجہ ظہیر احمد نے بتایا کہ اب پنجاب میں چوہدری پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے پر رکن صوبائی اسمبلی سید صمصام علی شاہ بخاری کی خصوصی کاوش سے گاؤں میں سات کروڑ روپے کی لاگت سے نکاسی آب کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ جسے پانچ ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا اور خالی ہونے والے جوہڑوں کی زمین پر خوبصورت پارک بنائے جائیں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر گاؤں کے نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ لیکن پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ باقی رہ جائے گا۔ جس کے لیے فلٹریشن پلانٹ لگانے کی اشد ضرورت ہے۔

فراہمی آب اور نکاسی آب جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے گاؤں کی کچھ بنیادی مشکلات کے خاتمے کی امید کی جا سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments