پنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ کے 657 رنز، امام الحق اور عبداللہ شفیق کی سنچری شراکت


Pindi test
پاکستانی بولرز اگرچہ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی چھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے لیکن وہ رنز کی رفتار کو پھر بھی نہ روک سکے اور پانی ان کے سر سے اوپر جاچکا تھا۔

انگلینڈ نے 657 رنز بناکراطمینان کا سانس لیا جو ٹیسٹ کرکٹ میں اس کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا سکور ہے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا پاکستان کے خلاف پانچواں سب سے بڑا سکور بھی ہے۔

اس بڑے سکور کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کی آزمائش شروع ہوچکی تھی جن کے سامنے پہلا سب سے بڑا چیلنج فالوآن سے خود کو بچانا ہے۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 181 رنز بنالیے تھے۔ امام الحق اور عبداللہ شفیق نے ُپراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے آنے والے بیٹسمینوں کے حوصلے بھی بلند کردیے تھے۔

امام الحق 90 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔ انھوں نے اس اننگز کے دوران ٹیسٹ کریئر میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ یہ ان کا 17 واں ٹیسٹ ہے۔

فالوآن سے بچنے کے لیے پاکستان کو اب بھی 276 رنز بنانے ہیں۔
عبداللہ شفیق 89 رنز بناکر کریز پر تھے۔
ان دونوں نے اسی سال پنڈی ہی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ کی یاد دلادی، جس کی دوسری اننگز میں انھوں نے 252 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تھی جس میں دونوں کی ناقابل شکست سنچریاں شامل تھیں۔

Pindi test

پلے سٹیشن والا گیم کھیلنا

پنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن جب انگلینڈ کے بیٹسمین تیز رفتاری سے رنز بنارہے تھے تو سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اس سیریز میں کمنٹری کرنے والے بازید خان نے ٹوئٹ کی کہ اتنا تو پلے سٹیشن پر بھی نہیں ہوتا۔

انگلینڈ کے بیٹسمینوں کی مثبت سوچ میں دوسرے دن کے پہلے سیشن میں بھی کوئی فرق نہیں آیا اور انھوں نے سکورر حضرات کو کسی بھی موقع پر آرام سے نہیں بیٹھنے دیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے دن جب بیٹنگ شروع کی تو سکور چار وکٹوں پر 506 رنز تھا اور جب اس کی آخری وکٹ گری تو وہ صرف 26 اوورز میں151 رنز کا اضافہ کرچکی تھی، یعنی اس نے فی اوور پانچ سے بھی زیادہ رنز کی رفتار برقرار رکھی۔

UK

ہیری بروک سپیشل ٹیلنٹ

انگلینڈ کی اننگز میں پہلے ہی دن چار سنچریاں بن چکی تھیں اور دوسرے دن دلچسپی اس بات میں تھی کہ کیا مزید کوئی بیٹسمین تین ہندسوں کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوسکے گا؟ اگرچہ ایسا نہ ہو سکا لیکن ہیری بروک اپنے گذشتہ روز کے سکور میں 52 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ہیری بروک نے پہلے دن سعود شکیل کے ایک ہی اوور کی چھ گیندوں پر چھ چوکے لگائے تھے۔ دوسرے دن زاہد محمود ان کی زد میں آگئے جن کے ایک اوور میں انھوں نے دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے27 رنز اسکور کرڈالے۔ آخری گیند پر تین رنز بنے۔ یہ 27 رنز ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کے کسی بھی بیٹسمین کے ایک اوور میں بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔

ہیری بروک کی شکل میں انگلینڈ کو سپیشل ٹیلنٹ ملا ہے۔ اس نوجوان بیٹسمین کی صلاحیتیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اس سال کی پی ایس ایل میں ظاہر ہوچکی ہیں اور اب اپنے دوسرے ٹیسٹ میں سنچری کے بعد ان کا ٹیسٹ کریئر بھی روشن دکھائی دیتا ہے۔

دوسرے دن کے کھیل میں گرنے والی انگلینڈ کی پہلی تین وکٹیں فاسٹ بولر نسیم شاہ کے حصے میں آئیں جنھوں نے کپتان بین سٹوکس کو بولڈ کیا اور ہیری بروک اور لیئم لونگ سٹون کے کیچ سعود شکیل کے ہاتھوں میں محفوظ ہوئے۔

Cricket

زاہد محمود کا ناپسندیدہ ورلڈ ریکارڈ

یہ بھی پڑھیے

پنڈی ٹیسٹ: کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن چار بیٹسمینوں کی سینچریاں

پنڈی کی پچ: ’اس سے بہتر ہے ٹیموں کو نیشنل ہائے وے پر ٹیسٹ میچ کِھلا دیا کریں‘

پاکستان ٹیم میں شامل’مسٹری سپنر‘ ابرار احمد جن کی ’انگلیوں میں بہت جان ہے‘

اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے لیگ سپنر زاہد محمود نے اگرچہ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں لیکن انھوں نے33 اوورز کی بولنگ میں 235 رنز دے ڈالے۔

یہ کسی بھی بولر کی اولین ٹیسٹ میں سب سے مہنگی بولنگ کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔ اس سے پہلے انگلینڈ کے لیگ سپنر عادل رشید نے سنہ 2015 میں پاکستان کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 163 رنز دیے تھے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملی تھی۔ تاہم وہ دوسری اننگز میں 64 رنز کےعوض 5 بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

زاہد محمود سے قبل پاکستان کے پانچ بولرز ٹیسٹ کی ایک اننگز میں دو سو یا اس سے زیادہ رنز دے چکے ہیں جن میں خان محمد، فضل محمود، حسیب احسن، ثقلین مشتاق (دو مرتبہ) اور یاسر شاہ (تین مرتبہ) شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32488 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments