’سنیما کا کوہ نور‘ اور ’ہیروز کے ہیرو‘ دلیپ کمار اپنی چار فلموں کی روشنی میں


برصغیر کے ہر دلعزیز اداکار دلیپ کمار اگر زندہ ہوتے تو آج پورے 100 سال کے ہوتے لیکن گذشتہ سال 99 سال کی عمر میں وہ وفات پا گئے۔

اس کے باوجود ان کے مداح یا فلم انڈسٹری انھیں بھولی نہیں، اور ان کی یاد میں فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن انڈیا کے 27 شہروں میں دلیپ کمار کی فلموں کا ایک دو روزہ شو منعقد کرا رہی ہے جس میں ان کی چار فلمیں دکھائی جائيں گی۔

اس کا اعلان فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے سرپرست اور دلیپ کمار کے مداح امیتابھ بچن نے خود ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا۔

امیتابھ بچن نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن میرے آئیڈل کا 100واں یوم پیدائش 10 اور 11 دسمبر کو 27 شہروں کے پی وی آر اور آئنوکس سنیما گھروں میں سب سے بڑے فلمی میلے ’دلیپ کمار-ہیرو آف ہیروز‘ کے تحت منا رہا ہے۔ عظیم ترین انڈین اداکار کو بڑی سکرین پر پھر سے دیکھیں۔‘

امیتابھ بچن نے دلیپ کمار کو اس سے قبل بھی برملا کئی بار اپنا آئیڈل کہا۔ ایک بار جب کسی نے ان دونوں کا مقابلہ کیا تو انھوں نے کہا کہ اگر وہ (امیتابھ) ایک اداکار ہیں تو دلیپ صاحب اداکاری کا ادارہ ہیں۔

بہر حال دلیپ کمار کو عوام نے بھی سر آنکھوں پر بٹھایا جبکہ انڈیا کے پہلے وزیر اعظم تو ان کے بڑے مداح تھے۔

انھیں عوام نے ’اداکاری کا بادشاہ‘ کہا تو فلم انڈسٹری نے انھیں ’ٹریجڈی کنگ‘ کے لقب سے یاد کیا جبکہ دنیائے اردو نے انھیں ’شہنشاہ جذبات‘ کے خطاب سے نوازا۔ انھیں ان کی فلم ’کوہ نور‘ کی مناسبت سے ’انڈین سنیما کا کوہ نور‘ بھی کہا گیا۔

آج بالی وڈ میں امیتابھ بچن کو ’شہنشاہ‘ اور شاہ رخ خان کو ’بادشاہ‘ کہا جاتا ہے لیکن یہ دونوں خطابات دلیپ کمار کو ان سے کہیں پہلے دیے جا چکے ہیں۔

https://twitter.com/SrBachchan/status/1600739738993901574

دلیپ کمار نے اپنی سوانح حیات میں ’دلیپ کمار: دی سبسٹینس اینڈ شیڈو‘ میں بتایا ہے کہ وہ بچپن میں انتہائی خوبصورت تھے کہ انھیں گھر سے نہیں نکلنے دیا جاتا تھا اور ان کے بال منڈا کر رکھے جاتے تھے کہ وہ خوبصورت نہ نظر آئیں اور نظر بد کا شکار نہ ہوں۔‘

اس کے ساتھ انھوں نے ایک پیشگوئی کا بھی ذکر کیا، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ لڑکا نام روشن کرے گا۔

دلیپ کمار کی خوبصورتی پردۂ سیمیں پر بھی ابھر کر آئی لیکن اس سے کہیں زیادہ ان کی اداکاری نے ایک عہد کو ان کا گرویدہ بنا دیا اور آنے والے اداکاروں کے لیے روشنی کا منارہ اور تقلید کا معیار ثابت ہوا۔

دلیپ کمار کے 100ویں جنم دن کے موقع پر ہم ان چار فلموں کے حوالے سے بات کرتے ہیں، جو فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے شوز میں دکھائی جا رہی ہیں۔

فلم ’آن‘

اگرچہ دلیپ کمار کی پہلی فلم ’جوار بھاٹا‘ تھی لیکن انھیں بعد کی فلموں سے پزیرائی ملی جبکہ ان کی پہلی کامیاب فلم ’جگنو‘ تھی۔

اس کے بعد ان کی دیگر فلمیں جیسے ’انداز، امر اور ترانہ‘ آئیں اور پھر سنہ 1952 میں فلم ’آن‘ آئی جو کہ انڈیا کی پہلی رنگین (ٹیکنیکلر) فلم بھی تھی۔

’آن‘ انڈیا کی وہ پہلی فلم بھی تھی جو دنیا کے 28 ممالک اور 17 زبانوں میں سب ٹائٹلز کے ساتھ ریلیز ہوئی تھی۔

یہ اپنے زمانے کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ٹھہری اور اس کا ریکارڈ بعد میں بھی کئی برسوں تک قائم رہا۔

یہ ایک رومانٹک ایکشن فلم تھی جس میں دلیپ کمار انتہائی مغرور شہزادی کو سدھانے کی کوشش میں نظر آتے ہیں۔

اس فلم میں دلیپ کمار ایک الگ ہی انداز میں نظر آئے۔ ان کے ساتھ اداکارہ نادرہ، نمی اور اداکار پریم ناتھ فلم کی کاسٹ میں شامل تھیں۔

اس میں نادرہ کے کردار کے لیے پہلے اداکارہ نرگس کو آفر ملی تھی پھر دلیپ کمار اس میں مدھوبالا کو لانا چاہتے تھے لیکن پھر ہدایت کار اور فلم ساز محبوب خان نے نئی اداکارہ نادرہ کو متعارف کرایا۔

دیوداس

دلیپ کمار

دیوداس

دوسری فلم ’دیوداس‘ ہے جو انڈین فلمی تاریخ کی آئیکونک فلم ہے۔ اس موضوع اور اس نام پر کم از کم چار فلمیں بن چکی ہیں جن میں دلیپ کمار کو ہی لوگوں نے دیوداس کا مرتبہ دیا۔

نئی نسل کے ناظرین کو شاہ رخ خان کی دیوداس بھی بہت پسند آئی تھی۔

دلیپ کمار نے فلم میں دیوداس کی اداسی اور تنہائی کو مجسم کر دیا۔ یہ فلم شروع میں تو مالی اعتبار سے بہت زیادہ کامیاب نہیں رہی لیکن یہ بعد کے برسوں میں بھی خوب کمائی کرتی رہی اور پزیرائی حاصل کرتی رہی۔

یہ بھی پڑھیے

بالی وڈ میں بڑا اداکار کون۔۔۔ دلیپ، راج یا امیتابھ؟

دلیپ کمار کی زبان ایک عہد کی زبان تھی جو ان کے ساتھ ہی رخصت ہو گئی

یوسف خان کا فلمی نام دلیپ کمار کب اور کیسے پڑا؟

فلم مبصرین کا کہنا ہے کہ اسی سال دلیپ کمار کی تین مزید فلمیں ’آزاد، اڑن کھٹولا اور انسانیت‘ بھی ریلیز ہوئی تھی اور یہی وجہ تھی کہ ’دیوداس‘ فلم مالی طور پر زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی۔

لیکن مشہور میگزن فوربز نے ’25 گریٹسٹ ایکٹنگ پرفارمنسز ان انڈین سنیما‘ کی جو فہرست فراہم کی، اس میں دیوداس کا بھی ذکر ہے۔

رام اور شیام

فلم ’رام اور شیام‘ میں دلیپ کمار نے بیک وقت دو کردار ادا کیے اور پھر یہ فلم، انڈسٹری میں ایک میل کا پتھر ثابت ہوئی۔

دلیپ کمار نے یوں تو پہلے بھی کئی فلموں میں ہلکا پھلکا مزاحیہ انداز اپنا رکھا تھا جیسا کہ ہم ’کوہ نور‘ میں دیکھتے ہیں لیکن فلم ’جوگن، داغ، دیدار، سنگ دل، شکست، فٹ پاتھ اور دیوداس‘ کے بعد ان کی شبیہ ’ٹریجڈی کنگ‘ کی بن گئی تھی اس لیے جب فلم ’رام اور شیام‘ آئی تو لوگوں نے دلیپ کمار کے اس نئے اوتار کو بہت پسند کیا اور انھیں اس فلم کے لیے بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

یہ فلم اس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔

دلیپ کمار نے اس فلم کو پسند کرنے کی وجہ ایک بار یہ بتائی تھی کہ اس کے سکرپٹ نے انھیں بے انتہا تحریک دی۔

اس فلم کے بہت سارے قصے مشہور ہیں کہ دلیپ کمار کے مداحوں کے درمیان اس بات کا فیصلہ مشکل تھا کہ دلیپ کمار نے رام کا کردار زیادہ اچھی طرح نبھایا یا پھر شیام کا۔

رام ایک خوفزدہ، بزدل اور خود میں سمٹا ہوا انسان ہے جبکہ شیام چنچل شوخ، رنگین مزاج اور چیلنج قبول کرنے والا نوجوان ہے۔

اس فلم میں وحیدہ رحمان، ممتاز اور پران کے ساتھ ناظر حسین، نروپار رائے اور مقری کے اہم کردار ہیں۔

شکتی

فلم ’شکتی‘ میں بیک وقت تین عہد کے اداکار ہیں۔ دلیپ کمار ایک انصاف پرور پولیس افسر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ امیتابھ بچن ایک نارض بیٹے کا اور یہ کہانی دلیپ کمار اپنے پوتے کو سنا رہے ہوتے ہیں جو مختصر کردار انیل کپور نے ادا کیا۔

یہ تین لوگ گویا فلم انڈسٹری کی تین نسلوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

فلم ’شکتی‘ دیکھ کر دلیپ کمار کے دوست، معاصر اور معروف اداکار راج کپور نے انھیں بنگلور سے فون کیا اور کہا کہ ’آج فیصلہ ہو گیا کہ تم آج تک کے سب سے عظیم فنکار ہو۔‘

یہ فلم اس سال کی سب سے کامیاب فلم رہی اور امیتابھ بچن اور دلیپ کمار دونوں کو بہترین اداکار کے لیے نامزدگیاں ملیں لیکن انعام دلیپ کمار کی جھولی میں آیا۔

اگر دلیپ کمار کے 100 ویں جنم دن کے موقع پر منعقدہ شو کا نام ’ہیروز کے ہیرو‘ رکھا گیا ہے تو ہر اعتبار سے درست نظر آتا ہے کیونکہ انھوں نے نہ صرف اپنے زمانے کے اداکاروں کو متاثر کیا بلکہ آنے والی نسلوں کو بھی بہت متاثر کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments