کراچی ٹیسٹ: ابرار، نعمان کی چار چار وکٹیں، انگلش ٹیم 354 رنز بنا کر آؤٹ
کھیل کا دن ختم ہونے سے کچھ ہی دیر قبل پاکستان نے اپنی دوسری اننگز شروع کی اور عبداللہ شفیق اور شان مسعود کریز پر آئے جنھوں نے کُل 21 رنز بنائے اور انگلینڈ کی 50 رنز کی برتری کو کم کر کے 29 رنز کی برتری میں تبدیل کر دیا۔
واضح رہے کہ تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے پہلے دن اپنی اننگز میں 304 رنز بنائے تھے اور اس کی پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی تھی۔
کراچی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے سات رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو بین ڈکٹ اور اولی پوپ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور بآسانی مزید 51 رنز جوڑ کر سکور کو 58 تک پہنچا دیا تاہم اسی اسکور پر نعمان کی گیند پر 26 رنز بنانے والے ڈکٹ ایل بی ڈبلیو قرار دیے گئے۔
تاہم انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اگلی ہی گیند پر جو روٹ بھی سلپ میں کیچ دے بیٹھے اور انگلینڈ کی ٹیم یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔
دوسرے اینڈ سے اولی پوپ نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 98 کے مجموعی اسکور پر ابرار احمد کی خوبصورت گیند پر وہ اپنی وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ سکور ہیری بروک نے کیا جنھوں نے 150 گیندوں پر 111 رنز بنائے۔ اپنی اننگز میں اُنھوں نے تین چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی۔
یہ قابلِ ذکر ہے کہ ہیری بروک کی 111 رنز کی اننگز محمد وسیم جونیئر کے ہاتھوں ختم ہوئی جنھوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی وکٹ حاصل کی۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1604421016410783748
دوسرے دن کے کھیل میں انگلینڈ نے ڈرنکس کے پہلے وقفے تک تین وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا لیے تھے اور اس کے کھلاڑی اولی پوپ اور ہیری بروک کریز پر موجود تھے۔
ایک ناکام ریویو کے بعد ہیری بروک نے رفتار پکڑی اور چائے کے وقفے تک وہ 108 رنز بنا چکے تھے مگر کچھ ہی گیندوں بعد وہ آؤٹ ہو گئے۔
جب میچ کے دوسرے دن چائے کا وقفہ ہوا تو انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے تھے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لیے مزید محض 50 رنز درکار تھے۔
https://twitter.com/TheRealPCB/status/1604436564905525248
بعد ازاں ہیری بروک 111 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بین فوکس 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک کے علاوہ بین فوکس نے سب سے قابلِ ذکر سکور بنایا۔ اُنھوں نے 121 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ ان کی وکٹ نعمان علی نے لی جن کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے وہ عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس وقت تک پاکستان نے انگلینڈ کو نو وکٹوں کے نقصان پر 324 تک محدود کر دیا تھا۔ تاہم انگلینڈ کے بولرریحان احمد، مارک ووڈ اور اولی روبنسن بھی ٹیم کو مجموعی طور پر 65 رنز فراہم کر گئے جبکہ جیک لیچ نو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نعمان علی نے چار چار، اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پیر کو تیسرے روز کا میچ جاری رہے گا۔

