پرویز الہٰی برطرف، ہائی کورٹ کا لارجر بینچ کچھ دیر میں سماعت کرے گا


پنجاب: چیف سیکریٹری نے گورنر کے حکم پر پرویز الہی کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

چیف سیکریٹری پنجاب عبداللہ سنبل نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پرویز الہی کو بطور وزیراعلی اور صوبائی کابینہ کی برطرفی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے۔

اس کے تحت نئے وزیر اعلیٰ کی آمد تک پرویز الہی قائم مقام وزیر اعلی رہیں گے۔

حکومت میں آئے تو گورنر پنجاب کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کریں گے: ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی ترجمان مسرت چیمہ نے کہا کہ گورنر پنجاب نے آئین و قانون کو پیروں تلے روند کر پی ڈی ایم کی نوکری کو ترجیح دی ہے۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جمعہ کے روز صبح ہی گورنر کا یہ غیر آئینی کام عدالت سے مسترد ہو جائے گا۔

البتہ گورنر کا یہ قدم ان کو آرٹیکل چھ کی طرف لے جاتا ہے اور ہم وفاق میں آ کر اس کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا گورنر کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کی جانب سے خود کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

چوہدری پرویز الہی کی جانب سے دائر درخواست پانچ صفحات پر مشتمل ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر کو اختیار نہیں کہ وہ غیر آئینی طور پر وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کر سکیں۔ انھوں نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے اجلاس نہ بلانے پر وزیر اعلیٰ اور کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر آئینی ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے وزیراعلیٰ کو خط نہیں لکھا بلکہ سپیکر پنجاب اسمبلی کو لکھا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے ایک اجلاس کے دوران گورنر دوسرا اجلاس طلب نہیں کر سکتے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت گورنر پنجاب کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز رات گئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکامی پر وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کو عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیا تھا، گورنر نے رات گئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا آرڈر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیا تھا۔

چوہدری پرویز الٰہی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر لارجر بنچ تشکیل، سماعت کچھ دیر میں

گورنر پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہی کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کےلیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے۔ لارجر بینچ کچھ دیر بعد سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز رات گئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکامی پر وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ کو عہدے سے ہٹا تھا۔ گورنر پنجاب نے رات گئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا آرڈر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیا تھا۔

چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر پنجاب کی جانب سے خود کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ سپیکر کے اجلاس نہ بلانے پر وزیر اعلیٰ اور کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر آئینی ہے۔

درخواست میں گورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور چیف سیکریٹری فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سپیکر کو وزیر اعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس بلانے کا کہا تھا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے اجلاس نہ بلانے پر وزیر اعلیٰ اور کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر آئینی ہے، سپیکر کے کسی اقدام پر وزیر اعلیٰ کے خلاف کارروائی نہیں ہو سکتی۔

درخواست میں لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت گورنر کا نوٹفکیشن کالعدم قرار دے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp