’کم قیمت پٹرول ملنے پر مجھے زیادہ خوشی ہوگی، یہ پِنک پمپ صرف ڈرامہ ہے‘


پٹرول پمپ
آپ کے ساتھ کتنی بار ایسا ہوا ہے کہ پٹرول کی لائن میں کھڑے ہوتے ہوئے آپ کو سروس پرسن نے آگے بلا لیا ہو تاکہ آپ کو بہت دیر انتظار نہ کرنا پڑے؟ اور کبھی ایسا بھی ہوا ہے کہ آپ کا دل کیا ہو کہ کاش خواتین کے لیے باقی جگہوں کی طرح یہاں بھی الگ لائن ہو؟

پاکستان میں اب بہت سے شعبوں میں خواتین کو فوقیت دینے کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی طرح کا ایک اقدام لاہور کے گرجہ چوک پر موجود پٹرول سٹیشن نے اٹھایا ہے۔ یہاں پر پٹرول ڈلوانے کی غرض سے آنے والی خواتین کے لیے الگ لائن مختص کردی گئی ہے۔

اس بات کا نوٹس لاہور کی رہائیشی علشبہ نے اس وقت لیا جب وہ خود پٹرول ڈلوانے پٹرول سٹیشن پہنچیں۔ ٹوئٹر پر اپنے فولوورز سے پٹرول سٹیشن کی تصویر شئیر کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ ’میں نے پہلی دفعہ کسی پٹرول سٹیشن پر خواتین کے لیے علیحدہ لائن دیکھی اور مجھ سے رہا نہیں گیا۔ میں نے اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا اور مجھے یہ دیکھ کر خاصی خوشی ہورہی ہے۔‘

ان کی ٹوئیٹ کے ساتھ لگی ہوئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹرول پمپ کے ایک باکس کو گلابی رنگ کردیا گیا ہے اور اس پر ایک ربن بھی لگائی گئی ہے۔  

https://twitter.com/alishbabrar/status/1611220671685693447?s=46&t=wiOFUUxpwIGBx5waNDKsoQ

ان کی ٹوئیٹ کے ساتھ لگی ہوئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹرول پمپ کے ایک باکس کو گلابی رنگ کردیا گیا ہے اور اس پر ایک ربن بھی لگائی گئی ہے۔  

ان کی اس پوسٹ کے نیچے متعدد خواتین نے یا تو خوشی کا اظہار کیا ہے یا پھر ایسا کرنے کے پیچھے کیا جواز یا منطق ہے کے بارے میں سوال کیے ہیں۔

مثال کے طور پر ایک لڑکی نے لکھا ہے کہ ’یہ تو میرے گھر سے بہت نزدیک ہے۔‘ جبکہ ایک اور صارف محمد نے لکھا ہے کہ ’خواتین کو بااختیار بنانا اپنی جگہ ایک بہت اہم ضرورت ہے، لیکن یہ خواتین کی لائن کے پیچھے کوئی منطق سمجھ نہیں آئی۔‘

اسی صارف کے جواب کے نیچے سلیمان اسلم نے لکھا ہے کہ ’پی ایس او کا یہ اقدام قابلِ تعریف ہے اور یہ ہر پٹرول پمپ پر ہونا چاہیے۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ’یہ تو کافی عرصے سے یہاں موجود ہے، اچھا آپ نے دیکھ لیا۔‘

جبکہ صائمہ نامی صارف نے لکھا ہے کہ ’کم قیمت پٹرول ملنے پر مجھے زیادہ خوشی ہوگی! یہ پِنک پمپ صرف ڈرامہ ہے۔ خواتین کو اپنا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اور ایسی چیزوں پر فدا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘

پاکستان میں پٹرول پمپ ان چند جگہوں میں سے ایک ہیں جہاں عموماً خواتین اور مردوں کی ایک ہی لائن ہوتی ہے۔ اور یہاں جنس کے لحاظ سے کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں برتا جاتا۔

پی ایس او کی جانب سے یہ اقدام کیوں اٹھایا گیا ہے اس کے بارے میں پی ایس او کے ترجمان سے رابطہ کرنے پر بات نہیں ہوسکی۔ لیکن پی ایس او کی ویب سائیٹ کے مطابق اس طرح کے اقدام سے خواتین کی خود اعتمادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ انھیں یہ احساس بھی دلانا ہے کہ وہ پی ایس او کی خاص کسٹمرز ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments