کراچی: ’بیوی سے ناراض‘ شوہر نے اپنے بچے سمندر میں پھینک دیے، تلاش جاری


منوڑہ
کراچی میں مبینہ طور پر بیوی سے ناراض شخص نے دو نو عمر بچوں کو سمندر میں پھینک دیا جن کا 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔ 

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے تاہم تاحال کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ 

یہ واقعہ بدھ کی شام کراچی کے جزیرے منوڑہ میں پیش آیا۔ ایس ایچ او ماڑی پور غلام حسین کورائی نے بی بی سی کو بتایا کہ ملزم بدھ کی شام اپنے چھ اور نو سالہ بیٹوں کے ہمراہ منوڑہ پہنچا تھا اور پہاڑی سے اُنھیں سمندر میں پھینک دیا، اس نے خود نے بھی چھلانگ لگائی لیکن ریسکیو اہلکاروں نے اسے بچا لیا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ اس کے اپنی اہلیہ کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں تھے۔ 

جائے وقوعہ پر موجود لوگوں کی جانب سے بنائی گئی ملزم کی ویڈیو میں اس نے بتایا کہ اس نے بیوی کو فون پر کال کی لیکن وہ اس کی بات نہیں سن رہی تھی۔ 

’میں گھر سے آیا تھا اپنے بچوں کو لے کر، اپنی بیوی کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہیں تھے، بیوی کو کال کر رہا تھا کہ میری بات سنو، وہ میری بات نہیں سننا چاہ رہی تھی، اس کے ابو کو کال کی وہ فون نہیں اٹھا رہے تھے، اس کی بہن کو کال کی اور کہا کہ آپ کی بہن غلط کر رہی ہے، تو اس نے کہا کہ جو کرنا ہے کر لو۔‘

ملزم نے کہا کہ اس کی ’مردانگی ختم‘ ہو رہی تھی اور اسے ’اکسایا‘ جا رہا تھا۔

ملزم نے کہا کہ بچے ڈوبے نہیں ہیں بلکہ اس نے خود ڈبوئے ہیں۔ 

’میں نے سوچا کہ تینوں مرجائیں گے پھر اس کو آزادی مل جائے گی، اس کے بعد اس کو کرنا ہے کھلے دل سے کرے۔‘ 

جب ویڈیو بنانے والے لوگوں نے اس سے پوچھا کہ وہ خود کیوں نہیں ڈوبا تو اس نے کہا کہ وہ بھی ڈوبنے گیا تھا مگر ’پانی میں کافی آگے تک چلا گیا تھا۔‘

پولیس کے مطابق سورج ڈوب جانے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں دشواری پیش آئی۔ دوسرے روز بھی نیوی اور ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے تلاش جاری رکھی لیکن بچوں کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم میل نرس ہے، اس کی بیوی بی اے پاس اور خاتونِ خانہ ہے، دونوں کے درمیان مبینہ طور پر ناچاقی ہوئی تھی جس پر اس نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔ 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32296 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments