کامیابی کیسے حاصل کریں؟


اگر آپ اب تک ناکام ہوتے آئے اور کامیاب ہونا چاہتے ہیں اس کی پہلی شرط یہ ہے دنیا کی باتوں پر کان لگانا چھوڑ دیں۔ اس کی پہلی وجہ تو یہی ہے کہ دنیا والے ہر روز ایک نئی بات اور نصیحت کرتے ہیں ہر بات کو پلے سے باندھ لیا جائے تو ایک دن کمر بوجھ سے دہری ہو جائے گی اور سفر مزید مشکل ہو جائے گا۔ ( آپ چاہیں تو اس مضمون میں دی گئی نصیحتوں پر بھی کان مت دھریں لیکن یہ مت بھولیے گا کہ اس صورت میں آپ اپنا ہی نقصان کریں گے۔ ) دوسری اور اہم ترین وجہ یہ ہے کہ دنیا والوں نے کامیابی کے جو نسخے بھی بتائے ہیں وہ گمراہ کن ہیں اور اکثر نسخوں میں اہم اجزا مفاد کو یقینی بنانے کے لئے چھپا لیے جاتے ہیں۔

آپ نے سنا ہو گا ”محنت میں عظمت ہے“ یہ بالکل غلط بات ہے۔ محنت میں عظمت ہوتی تو گدھے کا مقام جانوروں میں کم از کم کتے سے تو زیادہ ہی ہوتا۔ حالانکہ گدھا صبح سے شام تک بلا چوں چرا کیے بوجھ اٹھانے کو تیار ہے۔ اس کے باوجود اس کے حصے میں ڈنڈا اور دودھ دینے والے جانوروں کا جوٹھا چارہ آتا ہے۔ ایسا کیوں ہے؟ اس کے سمجھنے کے لیے کوئی راکٹ سائنس نہیں چاہیے۔ گدھا جو بوجھ اٹھاتا ہے وہ اس کا نہیں کسی دوسرے کا ہوتا ہے۔ اسی طرح کچھ انسان بھی دنیا کی باتوں میں آ کر دوسروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں نتیجتاً ان کے حصے میں صرف تھکن اور دوسروں کے حصے میں کامیابی آتی ہے۔ کامیابی کا یہ نسخہ بھی دنیا والوں نے اپنے مفاد کے لئے سادہ لوح حضرات کے ہاتھ میں تھمایا ہوا ہے تاکہ ان کے حصے کا کام یہ شریف النفس بھی اپنے ذمہ لے لیں۔

اس مثال سے یہ تو واضح ہو چکا ہو گا کہ کامیابی کے مروجہ کتابی نسخے کار آمد نہیں۔ کامیابی کے لیے صرف محنت نہیں بلکہ صحیح وقت، صحیح سمت اور دیانتداری جیسے مسالے بھی درکار ہیں۔ ان مسالوں کا متناسب استعمال کامیابی کی لذیذ ہانڈی تیار کرنے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ لیکن ان پرانے مسالوں میں ایک قباحت ہے، وہ یہ کہ وقت بہت لیتے ہیں اور ان پر عمل کرنے والے کچھ نہ کچھ حاصل تو کر لیتے ہیں مگر تیز رفتاری سے بڑھتی ہوئی دنیا سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔

ایسے میں ممکن ہے کچھ دوستوں کی طبیعت ان ”دیسی مسالوں“ سے مطمئن نہ تو فکر کی کوئی بات نہیں کھانے پینے کے مسالوں کی طرح کامیابی کے لیے بھی برانڈڈ مسالے بازار میں دستیاب ہیں۔ ان مسالوں میں خوشامد، چاپلوسی، موقع پرستی اور طوطا چشمی جیسے اجزا شامل ہیں جن کے استعمال کرنے والوں نے کم وقت میں بہترین نتائج پانے کی اطلاع دی ہے۔

البتہ ان مسالوں کے باہمی تناسب کے حوالے سے کچھ تکنیکی امور ہیں جو ڈیل کارنگی کی کتابوں کی بجائے سینہ با سینہ محفوظ ہیں۔ یہ تکنیکی مہارتیں فائیو اسٹار ہوٹلوں میں کام کرنے والے کاریگروں کی طرح کامیاب لوگوں نے اس احتیاط سے چھپا رکھی ہیں کہ کسی کو بھنک بھی نہیں پڑنے دیتے۔ خیر، جب تک یہ تکنیکی امور سرعام دستیاب نہیں ہوتے آپ لوگ مسلسل تجربہ کریں وقت کے ساتھ ساتھ کچھ نہ کچھ آپ خود بخود سیکھ ہی جائیں گے۔ لیکن آج سے یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ کامیابی کے لیے صرف محنت شرط ہے ورنہ ہمیشہ ناکام ہوتے رہیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments