پی ٹی آئی کارکنوں کی جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ


عمران خان کی گرفتاری قانونی ہے یا غیر قانونی؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

عمران خان کی گرفتاری قانونی یا غیر قانونی ہونے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

** پی ٹی آئی کارکنوں کی جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ
شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پی ٹی آئی کارکن راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے باہر موجود
پی ٹی آئی کارکن راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے باہر موجود

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن راولپنڈی میں فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچ گئے ہیں۔

اس حوالے سے بی بی سی کو موصول ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل مظاہرین گیٹ نمبر ایک کے باہر توڑ پھوڑ کرتے ہیں اور اس کے پھر گیٹ کو زبردستی کھول کر اندر داخل ہو جاتے ہیں۔

موقع پر موجود صحافی خالد چوہدری کے مطابق اس مقام پر فی الحال مظاہرہ ابھی جاری ہے جبکہ مری روڈ پر واقع حمزہ کیمپ کے باہر موجود سکیورٹی چوکی کو بھی نذر آتش کیا گیا ہے۔

کور کمانڈر ہاؤس
لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے

دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے خلاف لاہور میں بھی احتجاج جاری ہے، جہاں بڑی تعداد میں مظاہرین لاہور کینٹ میں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود ہیں۔

بی بی سی کے فرقان الہی کے مطابق مظاہرین نے یہاں موجود گاڑیوں کو آگ بھی لگائی ہے جبکہ مظاہرین نے لاہور کینٹ میں موجود چند پولیس وینز کو بھی آگ لگا دی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری: مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔

پشاور میں چند مظاہرین کی جانب سے ایف سی ہیڈ کورٹر کے سامنے نعرہ بازی کی گئی ہے جبکہ ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے۔

عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی قیادت میں لاہور کے مال روڈ پر مظاہرین پہنچے ہیں اور انھوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے پولیس کو پیچھے ہٹنا پڑا۔

بی بی سی کے نامہ نگار فرقان الہی کے مطابق اس وقت مال روڈ پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp