ایک سیاسی پارٹی میں اتحاد، اتفاق اور احترام کی اہمیت


سیاست ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی حصہ ہے۔ اور ہماری دنیا کی ہر چیز پر اثرانداز ہوتی ہے۔ بلاشبہ، لفظ سیاست کا مطلب مختلف لوگوں کے لیے مختلف ہو سکتا ہے۔ لیکن سیاست کو اکثر تمام علوم کی ماں کہا جاتا ہے۔ کیونکہ یہ انسانی زندگی کے تقریباً تمام پہلوؤں اور شعبوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔ اس میں معاشیات، سماجیات، نفسیات، قانون، تاریخ، علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات، سیاحت، ماحولیات، تعمیر و ترقی، حکومت، مواصلات غرض ہر شعبہ شامل ہے۔ سیاست معاشروں کی تشکیل، عوامی پالیسیوں کے تعین، تنازعات کو حل کرنے اور افراد اور برادریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ انسانی معاملات پر اس کے وسیع دائرہ کار اور اثرات نے اسے ”ماں“ یا بنیادی نظم و ضبط کا خطاب دیا ہے۔

سیاست انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ حکومتوں کو بنیادی انسانی حقوق اور آزادیوں بشمول شہری، سیاسی، اقتصادی اور سماجی حقوق فراہم کرنے کا پابند بناتی ہے۔ انسانی رویے، طاقت کی حرکیات، اور سماجی ڈھانچے کے بارے میں سمجھ اور آگہی پیدا کرتی ہے۔

سیاست حکمرانی، طاقت، فیصلہ سازی، اور عوامی پالیسی سے متعلق پیچیدہ مسائل کو سمجھنے، تجزیہ کرنے اور ان کو حل کرنے کے لیے ان شعبوں میں مسلسل جدت پسندی اور جدیدیت کو فروغ دینے کا باعث بنتی ہے۔ اسی لئے کہتے ہیں کہ اگر آپ کو سیاست سے دلچسپی نہیں ہے۔ تو سیاست خودبخود آپ کے گھر پہنچ جائے گی۔ جس کی ایک مثال یہ ہے کہ کچھ لوگ اکثر کہتے رہتے ہیں۔ کہ انھیں سیاست سے سخت نفرت ہے۔ اور سیاستدانوں کے خلاف مغلظات بولتے ہیں۔

لیکن جب الیکشن ہوتے ہیں۔ تو سیاست سے نفرت کا برملا اظہار کرنے والے نہ صرف الیکشن مہم میں بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔ بلکہ ووٹ ڈالنے کے لئے ٹریکٹر ٹرالیوں، گدھا گاڑیوں، ٹوٹی پھوٹی کھنڈر نما سواری یا گھنٹوں پیدل چل کر اپنا ووٹ بھی کاسٹ کرتے ہیں۔ سیاسی عمل کا حصہ ہونا اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا۔ انتہائی اہم ہے۔ جس کے لئے موثر انداز میں سیاسی جماعتوں کی اہمیت اور سیاسی کارکن کے کردار اور رول پر آگہی کی مہم چلائی جائیں۔

کیونکہ ایک سیاسی جماعت اور ایک سیاسی کارکن ہی حقیقی معنوں میں عوام کے سامنے جوابدہ ہوتا ہے۔ کیونکہ جب وہ الیکشن میں حصہ لیتا ہے / حصہ لیتی ہے۔ تو عوام کی عدالت میں پیش ہوتے ہیں۔ عوام ووٹ کی طاقت سے انھیں منتخب یا مسترد کرتے ہیں۔ خیر اصل موضوع کی طرف آتے ہیں۔ کسی بھی سیاسی جماعت اور خاص کر کے ایک ترقی پسند سیاسی پارٹی کے مقاصد کے حصول اور معاشرے میں بامعنی تبدیلی لانے کے لیے کارکنوں میں اتحاد، اتفاق اور احترام بہت ضروری ہے۔

یہ اصول ایک مضبوط اور موثر سیاسی تنظیم کی بنیاد میں مددگار ہوتے ہیں۔ جو کارکنان اور حامیوں کو ایک مشترکہ وژن کی طرف مائل اور متحرک کرتے ہیں۔ اتحاد اجتماعی طاقت اور ہم آہنگی پیدا کرتا ہے۔ جب افراد اکٹھے ہوتے ہیں، مشترکہ اہداف اور اقدار کے لئے متحد ہوتے ہیں۔ تو وہ اجتماعی طور پر بہترین اور زیادہ موثر کام کر سکتے ہیں۔ اتحاد کارکنان میں تعاون اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ جس سے تعمیری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ اختراعی سوچ اور چیلنجوں اور رکاوٹوں پر زیادہ موثر طریقے سے قابو پانے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ پارٹی ممبران کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کے احساس کو فروغ دیتا ہے۔ جب پارٹی کے اندر افراد متحد ہوتے ہیں، تو وہ پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنی متنوع صلاحیتوں، نقطہ نظر اور تجربات کو جمع کرتے ہوئے ہم آہنگی سے کام کر سکتے ہیں۔ اتحاد ایک مضبوط اجتماعی قوت پیدا کرتا ہے۔ جو کہ ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی دباؤ کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ اور مشکلات کے باوجود ایک موثر اور مربوط محاذ برقرار رکھ سکتا ہے۔ اتحاد پر توجہ مرکوز کر کے ایک ترقی پسند سیاسی جماعت کمیونٹی اور اپنے مقاصد کا مضبوط احساس پیدا کر سکتی ہے۔ اپنے اراکین کو مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دے سکتی ہے۔ اتحاد کے ساتھ ساتھ ایک ترقی پسند سیاسی جماعت کے اندر اتفاق رائے پیدا کرنا بھی بے حد اہم ہے۔ جس کے لئے پارٹی منشور کے عین مطابق مشترکہ اقدار اور مقاصد تک پہنچنے کے لیے کھلی، جامع اور جمہوری بات چیت، اور تعمیری بحث مباحثہ کا باقاعدگی سے انعقاد ضروری ہے۔

سوال پوچھنے اور سوالات اٹھانے کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ جو کہ سیکھنے اور سمجھنے کی کنجی ہے۔ پارٹی کارکنان پر لازم ہے۔ کہ ایک دوسرے کا احترام اور عزت نفس کا خیال کریں۔ ان کی گفتگو مدلل اور شائستہ ہو۔ کسی کی دل آزاری مقصود نہ ہو۔ الفاظ کا چناؤ ایسا ہو۔ جس سے ایک سیاسی کارکن کی عمدہ خاندانی پرورش، سیاسی تربیت، تعلیم اور شعور کی جھلک دکھائی دیتی ہو۔ اتفاق رائے کی قدر کرتے ہوئے۔ ایک ترقی پسند کارکن کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے۔

کہ تمام آوازیں سنی جائیں اور ان کا احترام کیا جائے۔ یہ رویہ تعاون کی ثقافت کو فروغ دیتا ہے۔ جس سے متنوع آراء اور خیالات کی قدر بڑھتی ہے۔ اتفاق رائے سے تعمیر شفافیت اور جوابدہی کو بھی فروغ ملتا ہے۔ ایک جامع نقطہ نظر پارٹی کی جمہوری اقدار کو مضبوط کرتا ہے۔ اور اس کے اراکین اور عوام دونوں کے درمیان اس کی شخصیت اور ساکھ کو بڑھاتا ہے۔ باہمی عزت و احترام ایک صحت مند اور منظم سیاسی جماعت کی بنیاد ہے۔ احترام کا مطلب ہے کہ پارٹی کے اندر ہر فرد کی قدر اور وقار کو پہچاننا چاہے اس کا پس منظر کچھ بھی ہو۔

اس میں دوسروں کے ساتھ ہمدردی، احساس اور شائستگی کے ساتھ سلوک کرنا شامل ہے۔ لیکن ایک سیاسی کارکن پر یہ بھی لازم ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً خود احتسابی کرے۔ اور اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو پہچانے۔ ایک ترقی پسند سیاسی جماعت میں ایک محفوظ اور معاون ماحول کو فروغ دینے کے لیے احترام ضروری ہے۔ جہاں ہر کوئی اپنی بہترین شراکت کے لیے قابل قدر اور با اختیار محسوس کرتا ہو۔ جہاں احترام کو برقرار رکھا جاتا ہے۔ وہاں کارکنان میں کھلے عام تعاون کرنے اپنے خیالات کا اظہار کرنے، اور تعمیری مباحثوں میں مشغول ہونے کا زیادہ امکان پیدا ہوتا ہے۔ مزید یہ کہ احترام پارٹی کے اندر اعتماد اور وفاداری کا احساس پیدا کرتا ہے مجموعی قوت، حوصلے اور ہم آہنگی کو بڑھاتا ہے۔

اتحاد، اتفاق، اور احترام وہ بنیادی اصول ہیں۔ جو کسی بھی سیاسی جماعت بالخصوص ترقی پسند سیاسی جماعت کی کامیابی کے ضامن ہیں۔ ان اقدار کو اپنانے سے پارٹی کارکنان ایک مربوط تعاون پر مبنی اور جامع قوت تشکیل دے سکتے ہیں۔ جو مثبت اور دیرپا تبدیلی لانے پر قادر ہو۔ جو سیاسی پارٹی اتحاد، اتفاق اور احترام کی قدر کرتی ہے۔ وہ نہ صرف باصلاحیت لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ بلکہ عوام کے درمیان اعتماد اور احساس ذمہ داری بھی پیدا کرتی ہے۔ جو بالآخر ایک زیادہ خوشحال اور مساوی معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہوتی ہے۔

اگر بنیادی چند باتوں پر توجہ مبذول کی جائے۔ اور چند اصولوں کو اپنانا جائے تو معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائے جا سکتی ہے۔ ماضی قریب میں لفظ تبدیلی کو اتنا بے توقیر کر دیا گیا ہے۔ کہ لفظ تبدیلی لکھتے وقت خود کی ہنسی نکل جاتی ہے۔ خیر ٹیم ورک اور تعاون: جب سیاسی کارکن ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ تو اس سے پارٹی کے اندر ٹیم ورک اور تعاون کے کلچر کو فروغ ملتا ہے۔

جذبہ اور لگن: ایک سیاسی کارکن کے پاس سماجی اور سیاسی تبدیلی کے لیے حقیقی جذبہ ہونا چاہیے۔ انہیں اپنے مقصد کے حصول کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔

علم اور آگاہی: ایک سیاسی کارکن کو حالات حاضرہ، تاریخ اور ان مسائل کے بارے میں اچھی طرح سے آگاہ ہونا چاہیے جن کا وہ پرچار اور وہ وکالت کر تا ہے /کرتی ہے۔ علم مسائل کو باریک بینی سے سمجھنے میں مدد کرتا ہے۔ پیغام کو موثر طریقے سے پہنچانے کے قابل بناتا ہے۔

موثر گفتگو اور اظہار رائے : ایک سیاسی کارکن کے لیے موثر واضح اور پرتاثیر طریقے سے خیالات کو بیان کرنے کے قابل ہونا بہت ضروری ہے۔ جو انہیں متنوع پس منظر کے لوگوں کے ساتھ مشغول ہونے، موثر طریقے سے اپنا پیغام پہنچانے اور دوسروں کو عملی ترغیب دینے کے قابل بناتا ہے۔

بہترین حکمت عملی کی ضرورت۔ سیاسی سرگرمی میں اکثر محتاط منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی ضرورت ہوتی ہے۔ کارکنوں کو سیاسی منظر نامے کا تجزیہ کرنے، دوستوں اور دشمنوں کے درمیان خط امتیاز کی صلاحیت، اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے موثر حکمت عملی تیار کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ اسٹریٹجک سوچ، بہتر حکمت عملی سیاسی کارکنوں کی کوششوں کو عملی جامہ پہنانے میں مددگار ہوتی ہے۔

لچکدار رویہ اور استقامت: حالات و واقعات اور سیاسی سرگرمی بعض اوقات مشکل اور مایوس کن بھی ہو سکتے ہیں۔ کارکنوں کو انتقام، مخالفت، ناکامی اور سست پیش رفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ان رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے لچکدار رویہ اور استقامت کا ہونا ضروری ہے۔ اپنے مقاصد کے حصول اور نظریات کے پرچار کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کی تحریک کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

تعلیم و آگہی۔ حالات حاضرہ اور تاریخ کے بارے میں تعلیم اور آگاہی سیاسی کارکن کی نظریاتی اور فکری صلاحیتوں، اور سحر انگیز شخصیت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم اور آگاہی تاریخی واقعات، سیاسی نظام، اور سماجی مسائل کی وسیع تر تفہیم فراہم کرتی ہے۔ اور کارکنوں کو درست تجزیہ کرنے، فیصلہ سازی اور حکمت عملی بنانے میں مدد کرتی ہے۔

مناسب تعلیم کارکنوں کو معلومات کا تنقیدی تجزیہ کرنے، باخبر رہنے اور عقل و شعور سے لیس کرتی ہے۔ انھیں حقائق کو غلط معلومات سے الگ کرنے کی صلاحیت دیتی ہے، اور زیادہ موثر انداز میں اپنا پیغام دوسروں تک پہنچانے کے قابل بناتی ہے۔ اور ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارتی ہے۔

سحر انگیز طریقے سے بات چیت کرنا، حالات حاضرہ اور تاریخ کے بارے میں آگاہی کارکنوں کو مدلل مثالیں، کیس اسٹڈیز، اور ثبوت فراہم کرتی ہے۔ جو ان کے دلائل کی حمایت کے حصول کا ذریعہ بنتی ہے۔ ان کے پیغام کی قبولیت اور ناظرین اور سامعین کے اعتبار کو تقویت دیتی ہے۔ اس کے علاوہ تعلیم کارکنوں کو سماجی اور سیاسی مسائل کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنے میں مدد کرتی ہے۔ تاریخی سیاق و سباق کو سمجھ کر، کارکن تنظیمی، اور انتظامی مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔ اور صرف مسائل کی نشاندہی کے بجائے۔ ان مسائل کے پائیدار حل کے لیے کام کر سکتے ہیں۔

با معنی گفتگو، بامعنی تبادلہ خیال، حالات کا درست تجزیہ، مثبت اور تعمیری سوچ و فکر کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اور کارکنان کو مشترکہ مقاصد کے لیے مل کر کام کرنے کے قابل بناتے ہیں۔

بہتر کارکردگی اور قائدانہ صلاحیت کو بڑھاتے ہیں۔

سیاسی کارکنوں کے درمیان باعزت رویہ ان کے حوصلوں کو بڑھاتا ہے۔ اور صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔ جب سیاسی کارکن اور لوگ قدر اور عزت محسوس کرتے ہیں۔ تو وہ پارٹی کے مقاصد کے حصول کے لئے اپنی بہترین کوششوں اور مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہیں۔ اس سے سیاسی سرگرمیوں کو انجام دینے میں بہتر صلاحیت اور قائدانہ قابلیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ترقی پسند کارکنان کے درمیان اعتماد اور اتحاد پیدا کرنے کے لیے احترام بہت ضروری ہے۔ جب افراد ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں۔ تو وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور ارادوں پر اعتماد پیدا کرتے ہیں۔ یہ اعتماد تعاون، وفاداری، اور اجتماعی عمل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ جو پارٹی کو اپنے مشن کے لیے ہم آہنگی سے کام کرنے کے قابل بناتا ہے۔

خود اعتمادی۔ سیاسی سرگرمی میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ کیونکہ یہ فرد کے اعتماد اور لچکدارانہ رویہ کو بڑھاتی ہے۔ ایک مثبت خود نمائی اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھنے سے سیاسی کارکنوں کو چیلنجز، تنقید اور ناکامیوں کو عزم اور استقامت کے ساتھ سامنا کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اعلیٰ خود اعتمادی کے حامل سیاسی کارکنان میں موثر قائدانہ خصوصیات کا مظاہرہ کرنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ وہ اپنی فیصلہ سازی کی صلاحیتوں میں پراعتماد ہوتے ہیں۔

اپنی بات چیت میں مدلل دلائل پر زور دیتے ہیں۔ اور اپنی خود اعتمادی کے ذریعے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں۔ اس سے پارٹی کے اراکین اور وسیع تر عوام کے درمیان اعتماد اور اتفاق کو فروغ ملتا ہے۔ خود اعتمادی کا جذباتی اور ذہنی پختگی سے گہرا تعلق ہے۔ جب سیاسی کارکنوں میں خود کی قدر کا صحت مند احساس ہوتا ہے۔ تو وہ نامساعد حالات، تناؤ، اضطراب اور غیر معمولی حالات میں متوازن ذہنی اور جذباتی حالت کو برقرار رکھنے کے قابل ہوتے ہیں۔

جس سے ان کی سیاسی، اخلاقی، معاشرتی اور سماجی رؤیہ میں زیادہ استحکام اور تاثیر پیدا ہوتی ہے۔ ایسے سیاسی کارکن جو شائستگی اور احترام کے ساتھ برتاؤ کرتے ہیں۔ وہ اپنی اور اپنی پارٹی کی مثبت تصویر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شائستہ رویہ سیاسی حلقوں اور عام لوگوں کے درمیان اعتماد، اعتبار اور پسندیدگی کو فروغ دیتا ہے۔ جو پارٹی کے نظریات کے لیے عوام کی اکثریت کو حمایت اور پارٹی نظریات کی طرف راغب کر سکتا ہے۔ اور مستقبل کے لیے متبادل قیادت کی صورت میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناتا ہے۔

سیاسی سرگرمی میں شائستگی بہت ضروری ہے۔ جب کارکن مثبت، شائستہ اور باعزت گفتگو میں مشغول ہوتے ہیں۔ تو انہیں دوسروں کو سننے اور سمجھنے کا زیادہ موقع ملتا ہے۔ چاہے ان کی رائے مختلف ہی کیوں نہ ہو۔ اس سے کارکنان کے درمیان مضبوط رشتہ استوار ہو تا ہے۔ مشترکہ بنیاد تلاش کرنے اور تعمیری مکالمے کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ شائستگی سے برتاؤ کرنے اور گفتگو کرنے سے سیاسی کارکن دوسروں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ جب وہ قابل احترام رویوں و اقدار کے لیے رول ماڈل کے طور پر کام کرتے ہیں۔ تو نہ صرف یہ پارٹی کے ساتھی اراکین، حامیوں، حتیٰ کہ مخالفین کو بھی شائستہ طرز عمل کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ جو ایک زیادہ مہذب، تعمیری اور سیاسی ماحول کو فروغ دیتا ہے۔

عموماً عوام اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے والی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں اس میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔ جب پارٹی متحدہ ہوتی ہے تو یہ استحکام، بھروسے اور بامعنی تبدیلی لانے کی صلاحیت کا اشارہ دیتی ہے۔ یہ عوام کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ جو اپنے مسائل کے حل اور مفادات کے حصول اور نمائندگی کے لیے ایک مضبوط اور مربوط سیاسی قوت کی تلاش میں ہوتے ہیں۔

اتحاد کا ہرگز مطلب یکسانیت نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے پارٹی کے اندر متنوع نقطہ نظر کا احترام، اس سے سیکھنا اور فائدہ اٹھانا۔ جب مختلف خیالات، تجربات اور پس منظر اکٹھے ہوتے ہیں، تو یہ اختراعی حل اور زیادہ جامع پالیسیوں کی طرف لے جاتا ہے۔ اتحاد پارٹی کو اپنے اراکین کی اجتماعی حکمت سے فائدہ اٹھانے اور عوام کی اکثریت کو راغب کرنے میں مدد دیتا ہے۔ جو ایک ایسے معاشرے کے قیام

معاون اور مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اتحاد بہت بڑی طاقت ہے۔ ایسا مثبت اور تعمیری اتحاد۔ جو تمام انسانوں کی جان و مال کی تحفظ کا ضامن ہو۔ جو استحصال سے پاک ہو۔ جہاں تمام انسانوں کو ان کی صلاحیت اور اہلیت کی بنیاد پر تعمیر و ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ جہاں بلا امتیاز عقیدہ، مذہب، رنگ، نسل، علاقہ، زبان، قبیلہ، جنس، نظریہ تمام انسانوں کو مساوات اور برابری کی بنیاد پر جینے کا حق حاصل ہو۔ جہاں انسانیت اور صرف انسانیت سب کی معراج ہو۔ جہاں پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کے مطابق سب کو برابری کی بنیاد پر جینے کا حق حاصل ہو۔

ایک سادہ سی بات ذہن نشین کر لیجیے۔ دوسروں کی عزت و احترام کرنے سے خود کے عزت و احترام و تکریم میں کمی نہیں ہوتی۔ بلکہ اس میں اضافہ ہی ہوتا ہے۔

Facebook Comments HS