نئے اقتصادی معاہدے کی داغ بیل

دنیا میں ترقی جس بے ربط طریقہ سے ہوئی ہے اس نے اس کرہ ارض کی شکل بگاڑ دی ہے۔ کہیں تو انعامات و اکرام کی بارش اور کہیں محرومیوں کے پہرے۔ انسان اگر اس منظر کا بغور جائزہ لے تو دماغ چکرا سا جاتا ہے کہ ایک جانب ایسی بے بسی اور دوسری جانب ایسی بے حسی لیکن ہر فرعون کے ہاں کبھی نہ کبھی موسیٰ ضرور پیدا ہوتا ہے اور قدرت کا دست شفقت بے بس انسانوں کی بھی دادرسی کو آن پہنچتا ہے۔ اب اہم ترین ممالک میں بھی یہ سوچ اجاگر ہو رہی ہے کہ غریب ممالک کی حالت کو بدلا جائے اور ان کی حالت زار پہ اب سے پہلے خیال آیا بارباڈوس کے وزیراعظم میا موٹلے کو ان کی شبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے کہ اب جمعرات اور جمعہ کو ایک اہم ترین سربراہی اجلاس پیرس میں منعقد ہو رہا ہے اس میں 300 سے زائد وزراء اعظم، صدور، بڑے مالیاتی اداروں کے سربراہان، مخیر حضرات، این جی اوز کے سربراہان، ماحولیاتی محکموں کے سربراہان اور سول سوسائٹی کے اہم افراد شمولیت کریں گے اور دنیا کے معاشی معاملات کو درست ڈگر پہ استوار کرنے اور ماحولیات کی بہتری اور ترویج کے لئے نئے نئے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اس اہم کانفرنس کی اہمیت اس حقیقت سے بھی دو چند ہوجاتی ہے کہ اس میں چینی صدر، سعودی شہزادہ محمد بن سلمان، جنوبی افریقہ کے ساتھ رامپوسھا، فرانسیسی صدر ائمینول میکرون، جرمنی و امریکہ وفود شریک عمل ہوں گے اور ایک نئے عالمی اقتصادی معاہدے کی داغ بیل ڈالیں گے۔ ایسے فنڈ کے لئے کوشش کی جائے گی فضائی آلودگی کے حل کا مناسب بندوبست کیا جا سکے، اور عالمی جنوبی و شمالی خطوں کے مابین اتحاد و اتفاق کے لئے مربوط کوششیں کی جائیں گی۔
معاشرتی و معاشی ناہمواریوں کے خاتمے کے اقدامات لینے کا ارادہ ہے، تاکہ دنیا کے ان ممالک کی مدد کی جا سکے جو قرض میں جکڑے ہوئے ہیں، مہنگائی کے ستائے ہوئے ہیں، بڑھتی ہوئی بیروزگاری کی وجہ سے معاشرے مسلسل ایک ہنگامہ خیز صورتحال سے نبردآزما ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس خصوصی طور پہ مدعو ہیں اور توقع ہے کہ وہ اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔ امید ہے کہ اس موقع پر سمندری حیاتیات، بڑھتے ہوئے مالیاتی قرضوں اور عالمی کسادبازاری کے حوالے سے اہم اور مربوط لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ عالمی بینک کے صدر اجے بنگا، یورپی یونین کے سربراہ اور دیگر اہم ممالک کے ذمہ داران اہم ترین فیصلے کریں گے۔ شب ظلمت کے خاتمے کا اگرچہ کوئی فوری امکان تو ظاہر نہیں کیا جاسکتا ہے مگر درست سمت میں یہ شاید پہلا قدم ضرور ہو سکتا ہے۔
روشنی کی ایک کرن دیکھ کے ایک عجیب سی سرشاری ہو رہی ہے۔

