بچے ذہین ہوتے ہیں


ذہانت اللہ کی دی ہوئی ایک انمول نعمت ہے۔ جو اللہ تعالی نے ہر انسان خواہ وہ مرد ہو یا عورت سب کو برابر دی ہے۔ بس انسان اپنی ذہانت کو اپنے ان معاملات میں استعمال کرتا ہے جس میں اس کی دلچسپی ہوتی ہے۔ اگر میں یہ کہوں کہ ہر بچہ ذہین ہے تو یہ غلط نہیں ہو گا۔ اگر ہم اسے امتحان میں حاصل کردہ نمبر کو معیار بنا کر پرکھنے کی کوشش نہ کریں۔ ہر بچہ یا طالب علم امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوا۔

اور نہ ہی کم نمبر حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ کا بچہ نالائق ہے۔

آپ کا ہر بچہ ذہین ہے۔ بس اس کی ذہانت کی دلچسپی کا میدان دوسرے بچوں سے مختلف ہو سکتا ہے۔ اگر ایک بچہ تعلیمی میدان میں کوئی خاص قابلیت نہیں رکھتا تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ نکما ہے کام چور ہے سست ہے وغیرہ وغیرہ۔

یہ بھی ممکن ہے۔ کہ آپ اکھاڑے میں لڑنے والے پہلوان کو دفتری کاموں میں دھکیل رہے ہوں؟ کہ آپ ایک سمندر کی مچھلی کو صحرا میں بھگانے کی کوشش کر رہے ہوں؟ آپ ہوائی جہاز کو سڑک پر بھگانے کی کوشش میں مصروف ہوں؟ ہو سکتا ہے کہ آپ

لائبریری میں ٹک کہ بیٹھ کر پڑھنے والے کو فاسٹ باولنگ، بلے باز یا تیراکی کرنے کو کہہ رہیں ہوں؟ آلات سے کھیلنے والے ٹیکنیکل بندے کو کتاب پڑھنے پر مجبور کر رہے ہوں؟
اگر آپ کا بچہ غیر نصابی سرگرمیوں میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے تو جان لیجیے کہ اس کی قابلیت اور ذہانت کا میدان یہی ہے۔ اس کی مثال میں یوں دینا چاہوں گا کہ اگر فٹ بال کا گول کروانے کے لئے اگر صرف ایک صحت مند جسم ہی چاہیے ہوتا تو فٹبال ٹیم میں صرف پہلوان حصہ لیتے۔ ایک صحت مند شخص اگر ذہنی طور پر مفلوج ہو تو وہ کبھی بھی پہلوان نہیں بن سکتا۔ یہاں جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صلاحیتوں کا ہونا ضروری ہے۔

تو جناب میں پھر سے یہی کہوں گا کہ آپ کا ہر بچہ ذہین ہے صرف یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کی ذہانت کا میدان کون سا ہے۔ اپنے ہر بچے کو امتحان میں اول آنے کی نظر سے پرکھنے کی کوشش مت کریں ورنہ آپ اس بچے کو کسی قابل نہیں چھوڑیں گے۔ وہ اگر اپنے تعلیمی میدان میں آپ کی امید کے مطابق نہیں چل رہا تو رہنے دیں۔

جیسے کیسے وہ پڑھ رہا ہے چلنے دیں بس اسے اپنی بنیادی تعلیم حاصل کرنے دیں۔ اگر آپ اسے سوچنے سمجھنے کے قابل رہنے دیں گے تو زندگی کے کسی میدان میں وہ ایک دن ضرور کامیاب ہو جائے گا جن غیر نصابی سرگرمیوں میں وہ دلچسپی رکھتا ہے اسے کرنے دیں یہی اس کی کامیاب زندگی کا آغاز ہو گا۔

ایک بات یاد رکھیں ڈپریشن اور فرسٹریشن کے ساتھ کامیابی ناممکن ہے۔ جبکہ کم نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرنا ممکن ہے۔

Facebook Comments HS