اسکالرشپ کی اہمیت اور فائدے
جب بات تعلیمی سرگرمیوں کی ہو تو اسکالرشپ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا پھر چاہے طالب علم کوئی بھی ہو’ کسی بھی ادارے سے تعلق رکھتا ہو یا پھر کسی بھی تعلیمی دور سے گزر رہا ہو ـ یہ ایک اعزاز ہوتا ہے جس سے نہ صرف طلبہ کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ اُن کے اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کے خواب بھی پورے ہوتے ہیں ـ
اگر کسی طالبِ علم کو اسکول کی جانب سے بہترین تعلیمی یا غیر نصابی کارکردگی کی بنیاد پر اسکالرشپ حاصل ہوتا ہے تو یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہوتی ہے کہ بچہ مسلسل محنت کر کے نمایاں پوزیشن حاصل کرتا ہے اور اُس کو اسکول کی جانب سے فیس میں کمی یا رعایت (ڈسکاؤنٹ) کی بدولت ایک خاص مقام ملتا ہے ـ پھر چاہے ادارہ پرائیویٹ ہو یا سرکاری’ اسکالرشپ سے نہ صرف بچے کے اعتماد اور وقار میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ بچے میں یہ تحریک زور پکڑ لیتی ہے کہ آگے بھی اُس نے اِسی طرح نہ صرف محنت کرنی ہے بلکہ اپنی اِس پوزیشن کو برقرار رکھنا ہے کیونکہ اُس کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ تو بہت بڑی بات ہے اور اس کو اس کی محنت کا پھل بھی مل رہا ہے اور اساتذہ اور دیگر ہم جماعتوں سے عزت بھی مل رہی ہے اس کے علاوہ والدین بھی خوش ہیں یہی نہیں بلکہ ان کا کچھ مالی بوجھ بھی کم ہو جاتا ہے ـ مالی بوجھ کم ہو یا نہ ہو لیکن اسکالرشپ حاصل کرنا وہ بھی اپنی محنت اور میرٹ کے بل بوتے پر یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے جو وہی سمجھ سکتے ہیں جو لوگ محنت کرتے ہیں اور دن رات ایک کر کے اپنی منزل کے قریب ہوتے چلے جاتے ہیں ـ
میرٹ اسکالرشپ کی تو بات ہی کچھ اور ہوتی ہے خصوصی طور پر اسکول کے طلباء و طالبات کے لئے یہ بے حد سود مند ثاببت ہوتا ہے ـ کم عمر میں ہی یہ اعزاز حاصل کرنے سے بچے مثبت اثر لیتے ہیں اور شروع سے ہی انتھک محنت کے ثمرات سے واقف ہو جاتے ہیں اورجب بچے میں چھوٹی جماعت سے ہی پڑھنے’ اپنی برتری برقرار رکھنے کا احساس جنم لے لے تو اسے کوئی بھی طاقت آگے بڑھنے سے روک نہیں سکتی کیونکہ اس کے اندر محنت کا بیج بویا جا چکا ہوتا ہے جو اسے آگے بڑھنے اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے کی طرف مائل کرتا ہے اور جو کامیابی دن و رات کی محنت سے حاصل کی جائے اس کا مزہ ہی الگ ہوتا ہے ـ
چھوٹے’ درمیانے اور بڑے یعنی ہر درجے کے اسکول اور کالج میں میرٹ اسکالرشپ کا بندوبست کیا جاتا ہے ـ جن کا مقصد طلباء میں جوش و خروش اور ولولہ انگیزی پیدا کرنا ہوتا ہے ـ جس طرح جماعت کے امتحانات میں اعلیٰ پوزیشن لے کر طلباء خوش ہو کر مزید محنت کرتے ہیں اسی طرح میرٹ اسکالرشپ حاصصل کرنے والے خوش نصیب بچے آئندہ سالوں میں مزید کامیابیوں کے لئے کوشاں ہو جاتے ہیں ـ
میرٹ اسکالرشپ حاصل کرنے کے لئے انتھک محنت کرنی پڑتی ہے ـ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اعلٰی کارکردگی پیش کرنا ضروری ہوتا ہے اس لئے میرٹ پر اسکالرشپ حاصل کرنے والوں کی بہت قدر کی جاتی ہے اور انھیں یہ وقار بے حد مسرور رکھتا ہے ـ
والدین کا بھی اپنے بچوں کا میرٹ اسکالرشپ حاصل کرنے کی وجہ سے نہ صرف سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے بلکہ دلی خوشی اور سکون کا باعث بنتا ہے اور اس بچے پر اساتذہ اور والدین کی توجہ بڑھ جاتی ہے تاکہ اُن کا یہ کامیابی کا سفر جاری رہ سکے ـ اُن کا ہر طرح سے خیال رکھا جاتا ہے تاکہ بچے ذہنی طور پر مضبوط محسوس کر سکیں ـ
اسکالرشپ کی اہمیت اس طرح بھی ہے کہ جب طالبِ علم اسکول سے اسکالرشپ حاصل کر چکا ہو تو اسے کالج اور آگے یونیورسٹی میں داخلے کے وقت دِقَت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اور اسی طرح روزگار تلاش کرتے وقت بھی اُن طلبا کو اہمیت دی جاتی ہے ـ اس طرح بچوں کا پروفائل بھی بہتر بن جاتا ہے جو ان کو زندگی کے ہر میدان میں فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ نمایاں بھی کرتا ہے ـ
دوسری طرف جو طلباء اعلی تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے باہر کے ممالک کا رخ کرتے ہیں ان کے لئے بھی اسکالرشپ کئی طرح سے معاون ثابت ہوتا ہے ـ ایک تو ان کا خواب پورا ہوجاتا ہے ‘ دوسرا ان کے اخراجات کم ہو جاتے ہیں جس کی بدولت وہ آسانی سے نہ صرف تعلیم حاصل کر لیتے ہیں بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں ـ
غرض اسکالرشپ بچوں کے بہتر مستقبل میں اپنا بہت کلیدی کردار ادا کرتے ہیں لیکن اس کو حاصل کرنا اس قدر آسان نہیں ہوتا ـ زندگی میں کچھ بھی حاصل کرنا ہو ‘ کوئی بھی مقام پانا ہو اس کے لیے راستہ محنت کی تنگ گلی سے ہو کر ہی گزرتا ہے ـ محنت وہ کنجی ہے جو بند تالے کھولتی ہے ـ جو لوگ محنت سے گھبراتے ہیں وہ کبھی اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کر سکتے او اور ہر موڑ پر ناکام رہتے ہیں ـ
محنت’ مسلسل محنت اور پھر درست سمت میں کی گئی محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی ـ محنت کا پھل دینے کا وعدہ تو ہمارے رب نے بھی کیا ہے ـ
دیکھنے میں یہ آتا ہے کہ لوگ خواب تو دیکھتے ہیں لیکن اس کے حصول کے لیے محنت سے جی چرانے لگتے ہیں اور کئی دفعہ ناکامی سے دل برداشتہ ہو کر اپنے خوابوں کو بس خواب ہی رہنے دیتے ہیں ـ ناکامی تو کامیابی کی طرف بڑھنے کا پہلا قدم ہے اس لیے ہمیں اس سے گھبرانا نہیں چاہئیے کبھی کبھار نتائج ہماری توقع کے عین مطابق نہیں ہوتے لیکن اپنی غلطی سے سیکھتے ہوئے ہم اپنے مطلوبہ مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں ـ
اگر کامیابی نہیں بھی ملتی تب بھی یہ ملال تو نہیں رہے گا کہ ہم نے محنت نہیں کی جیسے کرنی چاہئیے تھی یا کاش ممیں تھوڑی سی اور محنت کر لیتا تو آج مجھے بھی اسکالرشپ مل جاتا یا مطلوبہ نمبر یا نتائج حاصل ہو جاتے ـ
ہماری حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھی چاہئیے کہ طالب علموں کے لیے ان کی بہترین کارکردگی کی بناء پر زیادہ سے زیادہ اسکالرشپ دینے کا اہتمام کریں تاکہ ان کی مالی مدد بھی ہو سکے اور ان کے اندر محنت کرنے اور علم حاصل کرنے کی تحریک بھی چلائی جا سکے ـ یہ وہ اعزازی اور پر وقار طریقہ ہے جو بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے پھر تعلیم کا کوئی بھی میدان ہو بچے کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا ـ


