اسلام میں خدا کا تصور: الفارابی


یہ بات ناقابل یقین ہے کہ رسول اللہ ﷺ کی وفات کے دو سو سال کے اندر خدا، نبوت اور قرآن جیسے مذہبی معاملات کو عقلی اور فلسفیانہ دلائل کے ذریعے سمجھنے کی ایک مضبوط تحریک چلی تھی۔ الکندی کا خدا کا ثبوت ایسی کوششوں کی ایک شاندار مثال ہے۔ بلاشبہ، جیسا کہ پہلے ذکر کیا گیا ہے، مسلمانوں کی اکثریت فلسفی نہیں تھی اور اس کے لیے پیچیدہ، اور بعض اوقات ناقابل فہم، فلسفیانہ دلائل کو سمجھنا مشکل تھا۔ تاہم، حقیقت یہ ہے کہ فلسفیانہ تحریک کو حکمران طبقے اور عوام دونوں کی حمایت حاصل تھی، یہ نویں صدی کے مسلم معاشرے کی روشن خیالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ وہ چیز ہے جس کا آج کے دور میں مسلمان صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں۔ ہم ایسے دور میں زندہ ہیں جہاں قرآن اور رسالت کی تشریح کی کسی بھی عقلی کوشش کو گستاخانہ امر تصور کیا جاتا ہے۔

اس مضمون میں، میں الفارابی کی خدمات پر بحث کروں گا جو اسلام کے اندر فلسفیانہ تحریک کی ایک روشن مثال ہیں۔ خدا کے بارے میں ان کی فلسفیانہ سوچ نے مستقبل کے فلسفیوں، خاص طور پر ابن سینا کو متاثر کیا۔

ابو نصر الفارابی 870 عیسوی میں فاراب میں پیدا ہوئے جو اس وقت موجودہ قازقستان کا ایک حصہ ہے۔ ان کے بچپن کے بارے میں بہت کم معلوم ہے۔ الفارابی نے اپنی علمی زندگی کا بیشتر حصہ بغداد میں گزارا۔ انھوں نے منطق، موسیقی، فلسفہ، مابعدالطبیعات اور تعلیم کے دوسرے شعبوں میں اپنا حصہ ڈالا۔ انھوں نے 950 عیسوی میں وفات پائی۔

الفارابی کو اسلامی سنہری دور کے سب سے زیادہ با اثر فلسفیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ علم میں ارسطو کے بعد دوسرے نمبر پر شمار کیے جاتے تھے۔ ارسطو کے اول ہونے کے ساتھ انہیں ”دوسرے استاد“ کا خطاب دیا گیا تھا۔ انھوں نے ارسطو کے فلسفہ اور منطق پر تفصیلی تبصرے لکھے۔ فلسفہ اور تصوف کے موضوعات پر ان کے کام نے ابن سینا کی راہ ہموار کی جس پر میں اگلے مضمون میں بات کروں گا۔

الفارابی نے مذہب کو سچائی کی علامت کے طور پر دیکھا۔ ان کا مقصد قرآن کی تعلیمات کو فلسفیانہ سچائیوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ تاہم، الکندی اور بہت سے دوسرے مسلم فلسفیوں کے برعکس، وہ عقل کو وحی سے افضل سمجھتے تھے۔ وہ فلسفے کو سچائی کا ماخذ اور مذہب کو سچائی کی علامتی وضاحت سمجھتے تھے۔ ان کا مقصد قرآن میں نازل کردہ سچائی کو فلسفیانہ سچائی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا تھا۔

الفارابی کی رائے میں، اگرچہ فلسفہ حقیقت کو سمجھنے کا ایک اعلیٰ طریقہ ہے، لیکن یہ مشکل ہے اور عوام کو آسانی سے نہیں سمجھایا جا سکتا۔ الفارابی کے نزدیک انبیاء کا کردار سچائی کو شاعرانہ استعاراتی انداز میں اس طرح پیش کرنا تھا جو ہر کسی کی رسائی میں ہو۔

افلاطون کا استدلال تھا کہ ایک مثالی معاشرے میں ایک فلسفی کی حکمرانی ہونی چاہیے کیونکہ وہ عقلی اصولوں کے مطابق حکومت کرے گا۔ الفارابی نے حضرت محمد ) ص ( کو ایسا حکمران مانا جو اسلام کے ذریعے ابدی سچائی کو اس طرح لے کر آئے جس کو عام لوگ سمجھ سکیں۔ ان کے مطابق افلاطون نے جس مثالی معاشرے کا تصور کیا تھا وہ اسلامی معاشرہ تھا۔

الکندی کی طرح الفارابی کی تلاش خدا کی بنیاد قرآن پر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ خدا کے اسلامی تصور نے، جیسا کہ قرآن میں بیان کیا گیا ہے، سب سے زیادہ زور توحید کی خصوصیت پر دیا ہے۔ خدا کا وجود جگہ اور وقت کی حدود سمیت ہر چیز سے آزاد ہے۔ وہ کائنات میں موجود ہر چیز کا پہلا سبب ہے۔ وہ ہر چیز کا سبب ہے، لیکن وہ کسی چیز کی وجہ سے نہیں ہے۔ وہ واحد بے وجہ ہے۔ اس کے وجود کی کوئی وجہ یا وضاحت نہیں ہے۔

خدا سادہ ہے۔ وہ کسی ترکیب یا پیچیدگی سے خالی ہے۔ الفارابی کے مطابق، خدا کی طرف کوئی شکل منسوب نہیں کی جا سکتی کیونکہ اس کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ مادے سے بنا ہے۔ اس کا فطری نتیجہ یہ ہو گا کہ مادہ خدا کے وجود کا سبب ہے۔ یہ اس کے بے سبب ہونے کی صفت اور اس کی پہلی وجہ کے طور پر اس کی حیثیت کے خلاف ہو گا۔ الفارابی کے نزدیک خدا کا جوہر الہی نوعیت کا ہے اور اس میں کوئی مادی یا دنیاوی صفات نہیں ہیں۔

سب سے بڑھ کر وہ ناقابل فہم ہے۔ خدا کو تفویض کردہ کسی بھی انسانی خصوصیات کو صرف علامتی سمجھا جانا چاہیے۔

الفارابی کا کائناتی ڈھانچہ جیسا کہ ذیل میں زیر بحث آئے گا، ان قرآنی متون سے محرک تھا:

چنانچہ اس نے دو دن میں سات آسمان بنا دیے، اور اس نے ہر آسمان پر اپنا حکم وحی کر دیا۔ اور ہم نے آسمان دنیا کو چراغوں جیسے ستاروں سے آراستہ کیا اور اس کی خوب حفاظت کی۔ یہ قادر مطلق، سب کچھ جاننے والے، کا ڈیزائن ہے۔ (قرآن 41 : 12 )

وہی ہے جس نے سات آسمان بنائے، ایک دوسرے کے اوپر۔ آپ رحمٰن کی تخلیق میں کبھی کوئی نقص نہیں دیکھیں گے۔ تو دوبارہ دیکھیں : کیا آپ کو کوئی خامیاں نظر آتی ہیں؟ (قرآن 67 : 3 )

تاہم، الفارابی کا فلسفہ یونانیوں، خاص طور پر ارسطو اور پلوٹینس سے ماخوذ تھا۔

الفارابی کے خدا اور کائنات کے تصور کو سمجھنا آسان نہیں ہے۔ لیکن میں کوشش کرتا ہوں، کہ سادہ انداز میں بیان کر سکوں۔

الفارابی کے مطابق جو چیزیں موجود ہیں ان کا وجود کسی ایسے سبب سے ہوتا ہے جو ہر چیز سے بالاتر ہے۔ خدا اور کائنات کے بارے میں ان کا تصور پلاٹینس کے تجویز کردہ تصور سے ملتا جلتا تھا۔ اس لیے الفارابی کو اسلامی نیوپلاٹونزم کا بانی سمجھا جاتا ہے۔ پلاٹینس کے فلسفے میں، صرف تین پرتیں تھیں جو ”ایک“ سے نکلتی ہیں، یعنی شعور، روح اور مادی دنیا۔ الفارابی نے ایک وسیع تر درجہ بندی کی تجویز پیش کی جس کے مطابق اعلیٰ ترین وجہ نچلی مخلوق کے وجود کا تعین کرتی ہے۔

الفارابی نے فلسفیانہ اور فلکیاتی ماڈل کی بنیاد پر یہ خیال کیا کہ کائنات میں دس دائرے ہیں اور ہر دائرہ ایک مادی جسم اور ایک روح پر مشتمل ہے۔ ہر کرہ بطلیمی جغرافیائی نظام میں بیان کردہ سیاروں سے مطابقت رکھتا ہے۔ یونانی ماہر فلکیات بطلیموس کے تجویز کردہ ماڈل کے مطابق زمین کائنات کے مرکز میں ساکن ہے اور تمام فلکی اشیاء بشمول چاند، سیارے، سورج، اور ستارے اس کے گرد حرکت کر رہے ہیں۔

الفارابی کے مطابق سب سے باہر ستاروں کا کرہ ہے جس کے بعد پانچ سیارے بشمول سورج اور چاند ہیں۔ الفارابی کے دور میں صرف چھ سیاروں کے بارے میں علم تھا۔ اس طور کروں کی ترتیب ستاروں، زحل، مشتری، مریخ، سورج، زہرہ، عطارد اور چاند کے دائروں پر مشتمل تھی۔ سب سے نچلا کرہ زمین کا ہے جہاں انسان، حیوان اور دیگر جاندار رہتے ہیں۔

یہ نو دائرے آسمانوں میں ہیں جو پیاز کی تہوں کی طرح ایک دوسرے کے گرد لپٹے ہوئے ہیں۔ دسواں کرہ سب سے باہر ہے اور ستاروں پر مشتمل کرہ سے بھی باہر ہے۔ اس میں کوئی سیارہ، کوئی ستارہ اور کوئی نظر آنے والی چیز نہیں ہے۔ الفارابی نے اسے فلک لافلاک کا نام دیا۔

کائنات کے اس ماڈل میں الفارابی نے پلاٹینس کی پیروی کرتے ہوئے فرض کیا کہ ہر دائرے سے وابستہ روح پر ایک عقل کا غلبہ ہے جو اس کی حرکت کا تعین کرتی ہے۔ عقل جو فلک لافلاک پر حکومت کرتی ہے وہ سب سے اعلیٰ تخلیق کردہ چیز ہے۔ فلک لافلاک سے آگے وہ ہستی ہے جو اس سب کا سبب بنتی ہے۔ یہ ہستی پہلا اصول ہے جو الفارابی کے نزدیک خدا ہے۔

خدا ایک واحد ہستی ہے جو سب سے بالا ہے۔ وہ صرف اس پہلی عقل پر عمل کرتی ہے جو فلک الافلاک پر حکومت کرتی ہے۔ خدا کی وحدانیت اسے انسانوں سمیت کسی بھی ایسی چیز پر عمل کرنے سے روکتی ہے جو اس درجہ بندی کی نچلی سطح پر موجود ہیں۔ فلک الافلاک پر حکومت کرتی پہلی عقل اس کے بالکل نیچے کرہ، یعنی مقررہ ستاروں کے کرہ، کی عقل کا سبب بنتی ہے۔ اسی طرح، مقررہ ستاروں کے دائرہ کی عقل اس کے نیچے کے کرہ، یعنی زحل کے کرہ، کی عقل کا سبب بنتی ہے۔ یہ سلسلہ سب سے نیچے موجود کرہ تک جاری رہتا ہے۔ وہ کرہ جسے ہم زمین کہتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عصر حاضر کے اسماعیلیوں نے اس تصویر کو امامت کے اپنے عقیدے سے ہم آہنگ کیا۔ ان کے لیے فلک الافلاک پر حکومت کرتی پہلی عقل حضرت محمد ﷺ سے مماثل تھی، دوسرا دائرہ علیؓ ابن ابو طالب کا تھا اور اس کے بعد چھ دائرے اماموں کے زیر اقتدار تھے۔ آخری کرہ پر رسول اللہ ﷺ کی بیٹی فاطمہؓ کی حکومت تھی جو علیؓ کی بیوی اور تمام آئمہ کی والدہ تھیں۔

الفارابی کے فلسفہ سے جو تصویر ابھرتی ہے وہ یہ ہے کہ خدا نے ”سبب اولیٰ“ ہونے کے ناتے دنیا کو تخلیق کیا اور پھر اس دنیا کو ثانوی اسباب کے ایک سلسلے کی صورت میں پیدا کر کے اسے کنٹرول کیا۔ خدا اور کائنات کے اس ماڈل کو اکثر مسلمان فلسفیوں نے چھوٹے تغیرات کے ساتھ اپنایا۔ تاہم، اس تصور کی بنیاد اس بات پر مبنی ہے کہ خدا کے پاس کائنات کی تخلیق کرنے یا نہ کرنے کا اختیار نہیں تھا۔ کائنات اس کے اپنے وجود سے پیدا ہوئی ہے۔ اس نظریہ کا مطلب یہ ہے کہ کائنات ابدی ہے۔ ان دونوں نکات کو الغزالی نے فلسفیوں پر اپنی تنقید میں نشانہ بنایا۔

الفارابی کا روح کا تصور یونانی مفکرین، خاص طور پر ارسطو کے تصور سے مماثلت رکھتا ہے۔ ان کی رائے میں، انسانی روح چار فیکلٹیز پر مشتمل ہے : اشیاء کی خواہش، اشیاء کا ادراک، اشیاء کی تصاویر کو برقرار رکھنا، اور سوچنے کی صلاحیت۔ آخری، یعنی سوچنے کی صلاحیت، انسانوں کے لیے منفرد ہے اور انہیں دوسری جاندار چیزوں سے الگ کرتی ہے۔ نیز، یہ انسان کا واحد حصہ ہے جو مرنے کے بعد زندہ رہتا ہے۔

الفارابی کی پیروی کرنے والے سب سے اہم فلسفی ابن سینا تھے جنھوں نے یونانی فلسفیانہ اور سائنسی سوچ کو ابتدائی اسلامی افکار کے ساتھ ہم آہنگ کر کے ایک فلسفیانہ نظام تیار کیا جو اسلام کے اندر مذہبی اور صوفیانہ روایات کی وضاحت کرتا ہے۔ یہ میرے اگلے مضمون کا موضوع ہو گا۔

Facebook Comments HS

ڈاکٹر سہیل زبیری

ڈاکٹر سہیل زبیری ٹیکساس یونیورسٹی میں کوانٹم سائنس  کے Distinguished Professor ہیں اور اس ادارے میں کوانٹم آپٹکس کے شعبہ میں Munnerlyn-Heep Chair پر فائز ہیں۔

suhail-zubairy has 93 posts and counting.See all posts by suhail-zubairy