کرتب


 

ہم اصل میں ایک تماشبین قوم ہیں۔ مختلف مداری آتے ہیں تماشا دکھاتے ہیں ہم خوب تالیاں بجاتے ہیں اور پھر ایک اور نیا مداری آ جاتا ہے۔ روز نئے نئے تماشے لگتے رہتے ہیں اور ہم کسی بھی تماشے سے سبق نہیں سیکھتے بس تالیاں بجاتے رہتے ہیں۔ میری زندگی کے پچھلے چون برس میں مداری آئی جا رہے ہیں اور اک تماشا ہے کہ لگا ہوا ہے۔ میرے ہاتھ تالیاں بجا بجا سوج کر سرخ ہو گئے ہیں کئی دفعہ تو خون بھی نکل آتا ہے پر یہ مداری چھٹی ہی نہیں کرتے۔ یار درخواست ہے کوئی تو چھٹی کر لیا کرو ہاتھوں کو ہی آرام مل جائے گا۔

کچھ احباب کے خیال میں خلیل الرحمٰن قمر ایک اعلی درجے کے لکھاری ہیں وہ ڈرامہ اور فلم کا سکرپٹ بہت اچھا لکھتے ہیں۔ لیکن وہ کچھ ڈراموں اور فلموں تک محدود ہیں۔

میں تو ان فلموں کے رائٹر، ڈائریکٹر، پروڈیوسرز اور فنکاروں کی بات کر رہا ہوں جو ون مین شو کر رہے ہیں۔ جن کو سب پتہ ہے۔

وہ خود ہی دعویٰ کرتے ہیں اور خود ہی تصدیق کرتے ہیں اگر آپ اس کے چشم دید گواہ بننا چاہتے ہیں اور آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کی برداشت بھی مناسب ہے تو ہمارے سیاسی اور کچھ مذہبی راہنما جیسے ساحل ندیم صاحب، اوریا مقبول جان صاحب، ہارون الرشید صاحب، الیاس قادری صاحب، مولانا اشرفی صاحب، اور ان جیسے بہت سے خود ساختہ صاحب علم کے پروگرام دیکھئے، سنیے اور سر دھنیے، ۔

ان سب صاحبان کی خود ساختہ علمی دلیلیں اور خواب حیران کن ہیں۔

میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے علاوہ کسی کو فالو نہیں کرتا نہ ہی ضروری سمجھتا ہوں۔ میں پہلے ان کے احکامات پر عمل کرلوں اگر زندگی بچی تو پھر ان صاحبان پر بھی غور کر لیں گے فی الحال ضرورت نہیں۔

مجھے اوریا مقبول جان صاحب کا وہ خواب نہیں بھولتا جو انھوں نے دیکھا کہ دنیا کی سب سے معتبر ترین شخصیت ایک فائل جنرل باجوہ جیسے شخص کو عنائیت کر رہے ہیں۔ پھر ان کے پسندیدہ انسان کا باجوہ صاحب سے تعلقات مناسب نہیں رہتے تو وہ ان کے خلاف بیانات دینا شروع کر دیتے ہیں۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ ان کا کون سا خواب سچا ہے۔ میرے پاس ویڈیو موجود ہے اوریا مقبول جان صاحب کی۔

پھر ہمارے ذہنی مریض قسم کے پیر اس لیول کی پیشین گوئیاں اپنے بارے میں کرتے ہیں کہ ہر پڑھنے والے کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ رانگ نمبر ہے۔ محترم فرماتے ہیں میری قبر پر حاضری ثواب کا کام ہے اور حاضر ہونے والا مجھ سے جڑ جاتا ہے۔ اور اس پر میرا فیض شروع ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ایسے نام نہاد پیروں کے لئے اگلی منزلیں آسان فرمائے آمین۔ اور ان سے منتیں مرادیں لگانے والوں کو ہدایت دیں بے شک اللہ ہی بہتر ہدایت دینے والے ہیں۔

آپ کی تمام حاجتیں صرف اور صرف اللہ باری تعالیٰ ہی پوری کر سکتے ہیں اور وہی اس کی قدرت رکھتے ہیں۔ زندہ یا مردہ پیر اس میں کوئی مدد نہیں کر سکتا۔ اللہ کے علاوہ کسی اور کو مدد کے لئے پکارنا شرک کے علاوہ کچھ بھی تو نہیں۔ اللہ یکتا ہے اور اس کا کوئی ثانی نہیں۔ مہربانی فرما کر اللہ کی کسی بھی مخلوق کو وہ کام ہرگز نہ کہیں جو اللہ باری تعالیٰ کے ہیں۔

مداری کرتب دکھانے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں ان میں کچھ سیاسی اور کچھ ذہنی بیمار مذہبی مداری ہیں۔ احتیاط دونوں سے کرنی ہے۔ کیونکہ آپ اشرف المخلوقات ہیں۔ بچہ جمہورا نہیں۔ باقی مذہبی ٹچ بھی بہت مشہور ہوا اور ٹچ می ناٹ بھی۔

مرید و مرشد دونوں کا رب ایک ہی ہے اور دونوں اسی سے مانگتے ہیں۔ یہ بہترین طریقہ ہے اللہ اور رسول اللہ ﷺ کے بتائے ہوئے طریقہ پر عمل کیجئے۔ اگر ان سے آگے کوئی آپ کو محسوس ہوتا ہے تو کلمہ دوبارہ پڑھیں اور مسلمان بن جائیں۔ کیونکہ شرک اللہ کو ہرگز بھی پسند نہیں ہے۔ ساری کائنات اللہ کی مخلوق ہے اور محتاج ہے۔ دعا اور التجا اللہ تعالیٰ سے ہی کیجئے وہی بخشنے والا مہربان ہے۔

 

Facebook Comments HS