گرمی کے مضر اثرات سے بچاؤ کی ممکنہ تدابیر
آج کل پاکستان میں گرمی اپنے عروج پہ ہے اور یہ مختلف طرح سے انسانی زندگی کو متاثر کر رہی ہے۔ میں آپ لوگوں کو پہلے تھوڑا سا اس کے اثرات کے بارے بتاؤں گی اور ساتھ ہی وہ ممکنہ تدابیر بھی جس سے ہم گرمی کے مضر اثرات سے بچ سکتے ہیں۔
گرمی میں چونکہ پسینہ بہت زیادہ آتا ہے اس لیے جسم میں پانی کی شدید کمی ہو جاتی ہے اس کے علاوہ چند ضروری نمکیات کی تعداد بھی جسم میں کم ہو جاتی ہے۔
گرمی کی شدت اور پانی کی کمی بیک وقت انتہائی مضر ثابت ہو سکتے ہیں اس کی وجہ سے شدید چکر، متلی ہونا اور سر درد جیسی شکایات ہو سکتی ہیں۔
جب بھی شدید گرمی ہو تو دھوپ میں باہر نہ نکلیں اور اگر آپ باہر ہیں آپ کو اس طرح کے چند حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تو فوراً کسی سائے والی جگہ بیٹھ جائیں اور کچھ ٹھنڈا شربت یا جوس وغیرہ پی لیں اس کے علاوہ جب آپ گرمیوں میں باہر جائیں تو اپنے ساتھ ایک ٹھنڈے پانی کی بوتل رکھیں یا جوس گھر سے بنا کر لے جائیں۔
ڈی ٹاکس واٹر بھی گرمی کے اثرات سے بچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔
اس کو بنانے کا طریقہ انتہائی آسانی ہے اپنی پانی کی بوتل میں ایک عدد لیموں کاٹ کر ڈالیں، ایک کھیرا کٹا ہوا، تھوڑا سا پودینہ اور اپنی مرضی کا کوئی بھی چھوٹا سا پھل آپ سارا دن اس پانی کو استعمال کر سکتے ہیں، اس میں تھوڑی سی مقدار میں ادرک کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
اس سے آپ لوگوں کو گرمی میں چکر آنے کی شکایات کم ہو جائیں گی اور جسم میں پانی کی کمی بھی پوری ہو جائے گی، نظامِ انہضام درست ہو گا، پانی کی کمی نہیں ہوگی اور جلد بھی خوبصورت رہے گی۔
گرمیوں میں اس بات کا خیال رکھیں کہ ہر ایک گھنٹہ کے بعد آپ ایک گلاس پانی ضرور پئیں اور اگر آپ کو پانی پینا یاد نہیں رہتا تو پلے سٹور سے کوئی ایپ انسٹال کر سکتے ہیں جو آپ کو وقفے وقفے سے آگاہ کرتی رہے گی کہ آپ نے پانی پینا ہے۔
مزید یہ کہ سب کو پتہ ہے گرمیوں میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہو جاتا ہے اور جب ہم باہر نکلتے ہیں تو سورج کی روشنی اور تپش کی شدت سے ہماری جلد بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے جس کی وجہ سے اکثر چہرے کی رنگت خراب ہو جاتی ہے اور ایکنی وغیرہ کی شکایات ہو سکتی ہیں اور اس سے صرف چہرے کی نہیں بلکہ ہاتھوں اور پاؤں کی جلد بھی متاثر ہوتی ہے جیسا کہ ہاتھوں اور پاؤں کی جلد کی رنگت کا خراب ہونا۔
چہرے کی جلد کو سورج کی خطرناک شعاعوں سے بچانے کے لیے آپ کسی اچھی کمپنی کا سن بلاک استعمال کر سکتے ہیں جبکہ ہاتھ اور پاؤں کے لیے کسی لوکل برانڈ کا سن بلاک استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ لوگوں کے خاندان میں کوئی بزرگ افراد ہیں تو ان کا خصوصی خیال رکھیں ان کے کمرے کا درجہ حرارت معتدل رہے اور جتنا ہو سکے انہیں گرمی کی شدت سے بچائیں۔ فروٹس وغیرہ ٹھنڈے کرنے انہیں کھلائیں، ان کی ہائیڈریشن کا خیال رکھیں کیونکہ بزرگ افراد اس سے بہت زیادہ ایفیکٹڈ ہوتے ہیں اس لیے اپنا اور اپنے اردگرد لوگوں کا خیال رکھیں۔
امید کرتی ہوں یہ سب معلومات آپ کے لیے لوگوں کے لیے فائدہ مند ہوں گی ۔

