ایک سال میں بھی کامیابی ممکن ہے


ابھی کچھ وقت پہلے ہی کی بات ہے کہ ہم 2023 ء میں تھے اور اب 2024 میں موجود ہیں۔ بظاہر گھڑی کی سست رفتاری سے چلنے والی سوئیاں بھی کیسے دنوں کو مہینوں اور مہینوں کو سالوں میں بدل رہی ہیں۔ اس سے کم از کم یہ تو ثابت ہوتا ہے کہ زندگی میں چلتے رہنا اہم ہے رفتار معنی نہیں رکھتی۔ اگر آپ سست رفتاری سے بھی چلتے ہیں تو بھی آپ کہیں نہ کہیں پہنچ ہی جاتے ہیں۔ نقصان میں تو وہ لوگ رہتے ہیں جو کبھی چلتے ہی نہیں۔ کسی منزل کی طرف سفر ہی نہیں کرتے۔

نیا سال شروع ہو چکا ہے۔ آپ کو مبارک کہ آپ نے اپنی زندگی میں اس نئے سال کے سورج کو طلوع ہوتے دیکھا، یقیناً بہت سے لوگوں کا بھی یہ خواب ہو گا کہ وہ نئے سال میں فلاں فلاں کام کریں گے مگر ان سے سانسوں نے وفا نہیں کی۔ اور وہ اس دنیا میں موجود نہیں ہیں۔

مگر یہاں سوچنے کی بات یہ ہے کہ گزشتہ سال آپ نے کیسے گزارا، اور میں کیا حاصل کیا، کیا آپ گزشتہ سال میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں، کیا آپ نے اتنا اچیو کیا ہے جتنا کہ آپ کر سکتے تھے۔

یہ آرٹیکل پڑھنے والوں میں چند ہی لوگ ایسے ہوں گے جو اس سوال کا فخر سے ہاں میں جواب دے سکیں گے، اکثریت ایسے لوگوں کی ہوگی جن کے پاس کوئی واضح جواب نہیں ہو گا۔

یہاں پر میں آپ سے ایک اور سوال پوچھنا چاہوں گا کہ کیا آپ اس سال کو بھی گزشتہ سال کی طرح ہی گزارنا چاہیں گے، وہی ساری سرگرمیاں وہی سارے کام کرنا چاہیں گے جو 2023 میں آپ کرتے رہے ہیں۔

اگر آپ کا جواب میں ایک واضح ”ہاں“ میں نہیں ہے تو آپ کو اس سال اپنی کامیابی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے۔

خود سے ایک سے بار پوچھیں تو سہی کہ مزید کتنے سال اسی طرح گزر جائیں گے، کیا آپ مزید اسی طرح اسی روش پر وقت گزارنا افورڈ بھی کر سکتے ہیں، وہ سارے خواب کب حقیقت میں بدلیں گے جو برسوں سے آپ کی آنکھوں میں سجے ہیں، مگر آپ ان کو حقیقت میں بدلنے کے لئے ایکشن لینے سے ہمیشہ سے ہی گھبراتے رہے ہیں۔

یقین کیجیئے کہ صرف ایک سال میں بھی آپ کی زندگی میں خاطر خواب تبدیلیاں آ سکتی ہیں، صرف ایک سال میں بھی وہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں جنھیں حاصل کرنے کی تمنا گزشتہ کئی سالوں سے آپ کے اندر موجود ہے۔

مگر ایسا صرف عزم کرنے یا خواہش کرنے سے نہیں ہو گا۔ یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ کامیابی ایسی چیز نہیں ہے جسے کوئی پلیٹ میں سجا کر آپ کو پیش کرے گا اور آپ اسے پورے وقار کے ساتھ نوش کر جائیں گے۔

یہ ایسی چیز ہے جس کے لئے آپ کو خاک چھاننی پڑے گی، دن رات محنت کرنا ہو گی، خواہش ِ نفس کو ترک کرنا پڑے گا۔ مستقل مزاجی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ صرف ایسا کرنا ہی آپ کو ہر سال کے اختتام پر اس بار شرمندگی سے بچا سکتا ہے۔

مگر آپ سوچ رہے ہوں گے کہ میں تو تیار ہوں مگر میں کیسے اپنی مسلسل ناکامیوں کی کہانی کو کامیابی میں بدل سکتا ہوں۔

اگر آپ صدقِ دل سے کامیاب ہونے کا عہد کرتے ہیں تو اسی آرٹیکل میں آپ کو ایسا فریم ورک فراہم کروں گا جو آپ کے سارے سال کو ورلڈ کلاس بنا سکتا ہے۔

تو پھر آپ اس ورلڈ کلاس فریم ورک کے بارے میں جاننے کے لئے تیار ہیں؟
٭خود اعتمادی پیدا کریں :

کسی بھی کامیابی کی ابتدا خود اعتمادی سے ہی ہوتی ہے۔ یوں سمجھیں کہ کامیابی کی عمارت میں اگر آپ داخل ہونا چاہتے ہیں تو خود اعتمادی اس کا صدر دروازہ ہے۔ ایک شخص جس کو اپنی صلاحیتوں پر ، اور اپنی ذات پر ہی یقین نہیں ہے، کوئی اور اس پر کیسے یقین کرے گا۔ اس سے پہلے کہ دوسرے لوگ آپ کی صلاحیتوں کا لوہا مانیں، آپ کو خود آگے بڑھ کر اپنے کندھے پر تھپکی کا ہاتھ رکھنا ہو گا۔ اپنی امید اپنا حوصلہ خود بننا ہو گا۔ تبھی آپ زندگی میں آگے بڑھ سکیں گے۔

٭واضح طور پر طے کریں کہ آپ چاہتے کیا ہیں؟

لوگوں کو نتائج نہ ملنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ان کا کوئی واضح ہدف ہی نہیں ہوتا۔ انھیں اس بات کا پتہ ہی نہیں ہوتا کہ وہ زندگی سے چاہتے کیا ہیں، وہ پہنچنا کہاں چاہتے ہیں اور ان کی منزل کیا ہے۔ ایسے لوگ کسی بھی ایک کام میں جان نہیں لگاتے اور بہت سے کام آدھے ادھورے کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے ہمیشہ سٹرگل میں بھی رہتے ہیں۔

اگر آپ اس سال میں یقینی کامیابی چاہتے ہیں تو آپ کو جاننا ہو گا کہ آپ چاہتے کیا ہیں، کہاں پہنچنا چاہتے ہیں۔ کامیابی سے آپ کی مراد کیا ہے۔ جب تک آپ کو واضح طور پر اس چیز کا علم نہیں ہو گا آپ آگے نہیں بڑھ سکتے۔

٭تیزی سے ایکشن لیں :

کہتے ہیں کہ ایک حقیر سا عمل بھی بہت عظیم خیال سے بہتر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو طاقت عمل میں ہے وہ خیال میں نہیں ہے۔ اگر آپ اپنے خیالوں کو ، عمل میں نہیں ڈھال سکتے تو ہو بے کار ہو جاتے ہیں، ضائع ہو جاتے ہیں۔

اس سال میں یقینی طور پر کامیاب ہونے کے لئے آپ کو تیزی سے ایکشن لینے کی عادت اپنانا ہوگی۔ اپنے اندر شدت اور جوش و جذبہ پیدا کرنا ہو گا۔ اپنے اہداف کو ہمیشہ اپنے ذہن میں اور آنکھوں کے سامنے رکھنا ہو گا۔ تبھی آپ منزل کی جانب گامزن ہو سکیں گے۔ اہداف آنکھوں سے اوجھل ہونے کی صورت میں ایکشن کی رفتار سست ہونے لگ پڑے گی اور قوی امکان ہے کہ کچھ ہی ہفتوں یا مہینوں بعد آپ واپس پہلے والی ڈگر پر چل پڑیں۔ تیر تبھی نشانے پر لگتا ہے جب نشانہ آنکھوں کے سامنے ہو، آپ کا ہدف بھی آپ کا نشانہ ہی ہے، اسے آنکھوں سے اوجھل نہ ہونے دیں۔

٭وقت کی کمی کا احساس رکھیں :

اس حقیقت کو سمجھیں کہ آپ کا پہلے ہی بہت قیمتی وقت ضائع ہو چکا ہے مزید اب وقت ضائع کرنے کے آپ متحمل نہیں ہوسکتے، اور نہ ہی آپ کے پاس مزید ضائع کرنے کے لئے وقت ہے۔

خود پر ایمرجنسی طاری کریں، ہر کام تیزی سے کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے وقت کا سختی سے نوٹس لیں جاننے کی کوشش کریں کہ کہاں کہاں آپ کا وقت ضائع ہو رہا ہے اور کیسے آپ ان لمحوں کو بچا کر ان سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

٭اپنی روٹین طے کریں :

آپ اس وقت تیزی سے منزل کی جانب بڑھ سکتے ہیں جب آپ کی ایک واضح متعین شدہ روٹین ہو، جس کے تحت آپ کو اپنے کاموں اور اپنی مصروفیات کا بخوبی اندازہ ہو۔ خاص کر صبح کا وقت بہت قیمتی ہوتا ہے۔ اس وقت کے لئے بالخصوص انتظام کریں، جس انداز میں آپ اپنے دن کا آغاز کریں گے اسی طرح آپ کا سارا دن گزرے گا۔ اس لئے اپنی صبح کو مثبت اور پراثر بنائیں تاکہ آپ سارا دن پروڈکٹیو رہ سکیں اور اچھے نتائج پیدا کر سکیں۔

خود احتسابی کی عادت اپنائیں :

کہتے ہیں جو شخص خود اپنا احتساب کرتا ہے دنیا اس کا احتساب کم ہی کرتی ہے۔ اگر آپ نے کامیاب ہونا ہے اور 2024 ء میں ورلڈ کلاس لائف کی بنیاد رکھنی ہے تو آپ کو خود احتسابی کی عادت لازمی اپنانا پڑے گی۔ اپنے کاموں، اپنی سرگرمیوں اور اپنی عادات کا خود احتساب کریں، اگر آپ اپنے ساتھ سختی سے پیش آئیں گے تو دنیا آپ کے لئے راحت کا سامان پیدا کرے گی اور اگر آپ خود اپنے ساتھ نرمی کا رویہ رکھتے ہیں تو دنیا کی سختیاں آپ کو سہنا پڑیں گی۔ فیصلہ آپ نے کرنا ہے کہ آپ نے اپنی مرضی سے خود پر سختی کرنی ہے یا پھر دنیا کی سختیاں جبراً سہنی ہیں۔

یاد رکھیں کہ کامیابی کبھی بھی ایک دن یا ایک رات میں نہیں ملتی۔ اس کے لئے مسلسل اور لگاتار کسی ایک ہی کام کو کرنا پڑتا ہے، کسی ایک شعبے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کرنا پڑتی ہیں۔

اس بات کا یقین رکھیں کہ درجہ بالا اقدامات کرنے سے آپ ایک سال میں اگر عالمی سطح پر نام نہ بھی بنا سکے تب بھی اتنی کامیابی ضرور حاصل کر لیں گے کہ آپ ہم پلہ لوگوں سے کم از کم پانچ سال آگے نکل جائیں اور آنے والے زندگی کی ایک ورلڈ کلاس بنیاد رکھ سکیں۔

اگر آپ، منزل کی جانب بڑھتے رہے، راستے کی مشکلات سے گھبرائے بغیر آپ کے قدم اٹھتے رہے، آپ نے اپنے خوفوں پر قابو پا لیا، لوگوں کی باتوں کی پروا کرنے کی بجائے وہ کام کیا جو آپ کرنا چاہتے تھے اور ہیں تو یقین کیجیے کہ آپ کا یہ سال انتہائی مبارک ثابت ہونے والا ہے۔

Facebook Comments HS