سٹریٹیجک ڈیپتھ


ہمارے خاندان کا نوکری کا سفر فوج سے شروع ہوا، جو مُجھے بتایا گیا اُس کے مطابق خاندان میں سے جو پہلا بندا فوج میں بھرتی ہوا وہ میرے دادے ولی داد کا بھائی غلام محمد تھا۔ یہ وہی غلام محمد تھا جِس کا بیٹا انگریزی فوج سے میجر کے عہدے سے پینشن ہوا اور میجر قدرداد کے نام سے مشہور ہوا۔ میرے چاچے تائے سارے فوجی ملازم تھے اور ہیں۔ دادوں سے فوجی نوکری کا سفر شروع ہوا جو اب بھی جاری و ساری ہے۔

جو پڑھ جائے وہ افسر جو نہ پڑھ سکے وہ سپاہی بن جاتا ہے۔

میرے فوجی چچیرے بھائی، عید وغیرہ پر چھٹی آتے ہیں تو خوب رونق لگتی ہے۔ وہ اپنی نوکری اور سفر کے اپنے رنگ رنگیلے تجربات اور بہت سی کہانیاں سُناتے ہیں۔ اُن میں سے ایک دو ایسے بھی ہیں جو اپنی بات میں انگریزی اور اُردو کے الفاظ کا تڑکا نہ لگائیں تو اُن کے خیال میں مخاطب نے اُن کی بات کو پورا سمجھا ہی نہیں۔

اُن کی باتوں سے پتہ چلتا ہے کہ افسروں کی باتیں سُن سُن کے سپاہیوں کو بھی اچھے بھلے انگلش اور اُردو کے الفاظ یاد ہو جاتے ہیں، خاص طور پر جو دفتری ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔ میرے ایک ہٹویں تائے کا بیٹا فوجی نوکری کرتا تھا۔ جب پینشن آیا تو اُس نے حویلی بنائی اور بھینسیں، گائیاں، گھوڑیاں اور گدھیاں ملا کے کوئی پندرہ جانور اکٹھے کر لیے۔ اُن کی حفاظت کے لیے ساتھ کُتا نسل کا جوڑا بھی رکھ لیا۔ اس کا کہنا یہ تھا کہ اب میں نے کوئی جانور باہر سے نہیں خریدنا، اب یہی اپنی تعداد بڑھاتے جائیں گئے۔ اگلے چھے ماہ میں کسی جانور نے کوئی بچہ نہ دیا اور کُتیا نے سات بچے دے کر ساری کسریں نکال دیں۔

ساون کا موسم تھا، بارش ہوئی، موسم بڑا مزے دار ہو گیا، شام کو بیٹھ کر سارے گپیں ہانک رہے تھے، تائے کا بیٹا کُچھ پریشان دکھائی دیا، پریشانی کی وجہ پوچھنے پر اس نے بتایا کہ ’کُتیا کے سارے بچے بارش کی وجہ سے مر گئے ہیں‘ ۔

پوچھا کیا وجہ ہوئی، کہنے لگا کہ ”وہ کُتیا کی سٹریٹیجک ڈیپتھ فیل ہو گئی ہے“ ۔ پُوچھا! ’یہ سٹریٹیجک ڈیپتھ کیا بلا ہوتی ہے‘ ؟

پہلے تو اُس نے ہماری نالائقی پر افسوس کا اظہار کیا کہ تم ”سٹریٹیجک ڈیپتھ“ کو بھی نہیں جانتے۔ پھر اُس نے بتایا کہ کُتیا اپنے بچوں کو نظرِ بد سے بچانے کے لیے حویلی کے اندر ایک سے دوسری پھر تیسری جگہ لے کر گھومتی رہی۔ رات کو بارش آئی، وہ بارش سے بچنے کے لیے بچوں کو لے کر اپنے ڈربے کی طرف گئی تو اُس نے دیکھا کہ کُتا پہلے ہی بارش سے دفاع کے لیے ڈربے پر قبضہ کر چُکا تھا۔

کُتیا کی سٹریٹیجک ڈیپتھ فیل ہو گئی اُسے ساری رات بارش میں گزارنی پڑی، جس کی وجہ سے سارے بچے مر گئے۔

تائے بھائی کی بات سننے کے بعد کافی وقت ہم کُتیا اور سٹریٹجک ڈیپتھ کی خوبیوں، خامیوں پر بحث کرتے رہے۔

Facebook Comments HS