بہترین ائر کنڈیشنر کا انتخاب کیسے کریں؟


اپنے گھر یا آفس کے لیے اے سی خریدنا ایک مشکل کام ہے کیونکہ مارکیٹ میں کئی برانڈز کے مختلف ماڈلز دستیاب ہیں۔ ان میں سے آپ کے لیے کون سا صحیح رہے گا جس میں وہ تمام خصوصیات ہوں جن کی آپ کو ضرورت ہے اور قیمت میں بھی مناسب ہو؟ آئیے اس کا جواب ڈھونڈتے ہیں۔

کمرے کا سائز

اپنے کمرے کے سائز کی بنیاد پر مناسب ٹھنڈک کی صلاحیت والے اے سی کا انتخاب کریں۔ اے سی کی ٹھنڈک کی صلاحیت بی ٹی یو یعنی برٹش تھرمل یونٹس میں ماپی جاتی ہے۔ ایک چھوٹے کمرے میں کم ٹھنڈک پیدا کرنے والی مشین کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ ایک بڑے کمرے کے لیے زیادہ بی ٹی یو والا اے سی درکار ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے کمرے کے لیے 1.5 ٹن یعنی 18000 بی ٹی یو والا اے سی درکار ہے لیکن آپ 1 ٹن یعنی 10000 بی ٹی یو والا اے سی لگا لیتے ہیں تو بظاہر آپ نے پیسے بچا لیے، لیکن حقیقت میں آپ نے خسارے کا سودا کیا۔ کم صلاحیت والا اے سی زیادہ توانائی خرچ کرے گا، جس کی وجہ سے بجلی کا بل زیادہ آئے گا نیز پرفارمنس بھی کم ہو گی۔

توانائی کی کارکردگی

اے سی کی کارکردگی کو انرجی ایفیشینسی ریشو ای ای آر سے ماپا جاتا ہے، جو سٹارز سے بھی ظاہر کیا جاتا ہے، جتنی زیادہ ای ای آر کی درجہ بندی ہو گی، اے سی اتنا ہی زیادہ موثر ہو گا۔ اس لیے ہمیشہ زیادہ ای ای آر یا سٹار والا اے سی خریدیں تاکہ بجلی کا خرچ کم ہو۔

اے سی کی قسمیں

گھروں میں لگانے والے اے سی تین اقسام کے ہوتے ہیں : ونڈو، سپلٹ، اور انورٹر۔
ونڈو اے سی: اب کم استعمال ہوتے ہیں۔
سپلٹ اے سی: زیادہ بجلی خرچ کرتے ہیں۔

انورٹر اے سی: بہترین انتخاب ہیں کیونکہ یہ کم توانائی استعمال کرتے ہیں اور مستقل درجہ حرارت کو برقرار رکھتے ہیں۔

شور کی سطح

زیادہ تر لوگ نہیں چاہتے کہ ان کے ائر کنڈیشنر چلتے ہوئے شور کریں۔ اس لیے ائر کنڈیشنر کی آواز کی سطح زیادہ سے زیادہ 40۔ 60 ڈیسیبل کے درمیان ہونی چاہیے۔ پرسکون نیند کے لیے ایسے ائر کنڈیشنر کا انتخاب کریں جس کی آواز کی سطح 40 ڈیسیبل سے کم ہو۔

ہوا صاف کرنے کی صلاحیت

ایسے ائر کنڈیشنر کا انتخاب کریں جس میں ہوا صاف کرنے والے فلٹرز ہوں۔ یہ فلٹرز اندر کی ہوا سے دھول، مٹی اور بال وغیرہ کو دور کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ تاہم، فلٹرز کو باقاعدگی سے صاف کرنا ضروری ہے تاکہ یہ بہتر طریقے سے کام کریں۔

سمارٹ کنیکٹیوٹی

سمارٹ کنیکٹیوٹی کے حامل اے سی کو موبائل، ٹیب، وائس اسسٹنٹس اور دیگر سمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، آپ آفس سے گھر کے لیے نکلتے وقت اپنے موبائل کے ذریعے ائر کنڈیشنر چلا سکتے ہیں تاکہ گھر پہنچنے پر آپ کو اپنا کمرہ ٹھنڈا ملے۔

آفٹر سیل سروس اور وارنٹی

ایسے برانڈ کا اے سی خریدیں جس کی وارنٹی کلیم اور آفٹر سیل سروس کی شہرت اچھی ہو۔ اگر ائر کنڈیشنر میں خرابی ہو جائے تو فوری رسپونس ملے نہ کہ آپ خوار ہوتے رہیں۔

بجٹ

ہمیشہ اچھی چیز خریدیں، تھوڑی مہنگی ضرور ملے گی لیکن آپ کو بہت ساری پریشانی اور تکلیف سے بچائے گی۔ ایسے ائر کنڈیشنر کا انتخاب کریں جس میں اوپر بیان کی گئی تمام خصوصیات موجود ہوں تاکہ آپ اپنی خریداری سے مطمئن رہ سکیں اور زندگی سے لطف اٹھا سکیں۔

ان نکات پر عمل کرتے ہوئے آپ ایک بہترین ائر کنڈیشنر کا انتخاب کر سکتے ہیں جو آپ کی ضروریات کو پورا کرے اور طویل مدت تک کارآمد ثابت ہو۔

Facebook Comments HS

فیصل پاکستانی

فیصل پاکستانی بزنس مینجمنٹ کی تعلیم اور ڈیڑھ دہائی پر محیط انتظامی تجربہ رکھتے ہیں۔ ایک معروف ادارے میں کلیدی ذمہ داریاں سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ایک سرگرم سوشل ایکٹوسٹ بھی ہیں۔ ’ہم سب‘ جیسے معتبر فورمز پر کرنٹ افیئرز، کھیل، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آن لائن فراڈ اور سماجی موضوعات پر مستقل لکھتے ہیں۔

faysal-pakistani has 26 posts and counting.See all posts by faysal-pakistani