اقلیتوں کے بارے میں ہمارے کیا وچار ہیں ؟ (مکمل کالم)


سنا ہے آج اقلیتوں کا قومی دن ہے ، یہ معجزہ کب ہوا ، معلوم نہیں ، شاید قائد اعظم کی گیارہ اگست کی آئین ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر اِس کی شان ِ نزول ہے ، اگر ایسا ہے تو غنیمت ہے ، یہ دن نہ بھی مناتے تو اقلیتیں کیا کر لیتیں ، اب منا رہے ہیں تو ان کی صحت کتنی بہتر ہوگی،یہ جاننے کے لیے کسی جوتش کے پاس جانےکی ضرورت نہیں ، یہ بندہ ناچیز ہی آپ کی خدمت میں عرض کردے گا۔

جسے آج ہم پاکستان کہتے ہیں ، سن 47 میں یہ مغربی پاکستان تھا اور اس وقت اِس ٹکڑے کی آبادی تقریباً سوا تین کروڑ تھی جس میں سے ستر فیصد مسلم اور باقی غیر مسلم تھے۔آج اسی خطے کی آبادی ماشا اللہ 23 کروڑ 69 لاکھ ہے جس میں سے الحمد اللہ 23 کروڑ کے قریب مسلم ہیں اور انشا اللہ اگلی دو تین دہائیوں میں یہ دگنے ہوجائیں گے۔گویا 1947 میں جس غیر مسلم آبادی کا تناسب 30 فیصد تھا اب وہ سکڑ کر تین فیصد رہ گیا ہے، آئیے اب اقلیتوں کا قومی دن مناتے ہیں۔

ایک روز یونہی بیٹھے بیٹھے دل میں خیال آیا کہ غیر مسلم اقلیتوں کے بارے میں ہمارے وچار کیا ہیں ، ہم اِن کے مذاہب کے بارے میں کیا جانتے ہیں اور ان کو کس حد تک سمجھتے ہیں ؟ ہمارے ہاں اقلیتوں میں زیادہ تعداد چونکہ مسیحیوں کی ہے تو انہی سے شروع کرتے ہیں۔مسیحیوں کے تین بڑے تہوار ہیں، کرسمس، گڈ فرائڈے اور ایسٹر۔ کرسمس کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ یہ حضرت عیسیٰ ؑ کا یوم پیدائش ہے جو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جبکہ باقی دو تہواروں کا ہمیں کچھ خاص علم نہیں۔گڈ فرائڈے اس دن کی یاد میں منایا جاتا ہے جب حضرت عیسٰی ؑ مصلوب ہوئے اور ایسٹر ایک طرح سے عید کا دن ہے جب مصلوب ہونے کے تیسرے دن حضرت عیسیٰ ؑخدا کی قدرت سے مردوں میں سے جی اٹھے۔ مسیحیوں کے عقیدے کے مطابق چالیس دن بعد انہیں خدا وند نے آسمان پر بلا لیا اور اب وہ قیامت کے روز ظاہر ہوں گے۔ اِس ضمن میں مسلمانوں کا عقیدہ قرآن کی سورة النسا آیت 157 اور 158 سے واضح ہے :”اور یہ کہا کہ : ہم نے اللہ کے رسول مسیح ابن مریم کو قتل کر دیا تھا حالانکہ نہ انہوں نے عیسیٰ ؑ کو قتل کیا تھا ، نہ انہیں سولی دے پائے تھے ، بلکہ انہیں اشتباہ ہو گیا تھا۔ اور حقیقت یہ ہے کہ جن لوگوں نے اس بارے میں اختلاف کیا ہے ، وہ اِس سلسلے میں شک کا شکار ہیں ، انہیں گمان کے پیچھے چلنے کے سوا اِس بات کا علم حاصل نہیں ہے، اور یہ بالکل یقینی بات ہے کہ وہ عیسٰی کو قتل نہیں کر پائے۔۔۔ اور نہیں رہے گا اہل کتاب میں سے کوئی بھی مگر اس پر ایمان لا کر رہے گا ،اس کی موت سے قبل۔“ڈاکٹر اسرار احمدنے اِس آیت کی تفسیر یوں بیان کی ہے کہ ”حضرت مسیح مرے نہیں ہیں،زندہ ہیں ، وہ دوبارہ آئیں گے اور دوبارہ جب آئیں گے تو اہلِ کتاب میں سے کوئی شخص نہیں رہے گا جو ان پر ایمان نہ لے آئے۔۔۔“مسلمانوں کا عمومی عقیدہ یہی ہے۔اب فرق صرف اتنا ہے کہ مسیحی سمجھتے ہیں کہ حضرت عیسیٰ کو مصلوب تو کیا گیا مگر خدا نے انہیں تیسرے دن زندہ کر دیا اور بعد ازاں آسمانوں پر اٹھا لیا ، مسلمان کہتے ہیں کہ مصلوب تو نہیں ہوئے البتہ آسمان پر اٹھا لیے گئے۔اور رہی بات حضرت عیسیٰ کے یوم پیدایش کی تو اس میں کوئی اختلاف کم از کم میرے علم میں نہیں ہے۔ اب ایسے میں ہم کیوں مسیحیوں کے تہواروں میں شرکت نہیں کرتے یا انہیں مبارکباد کیوں نہیں بھیجتے ، یہ بات سمجھ سے باہر ہے۔مسیحی اہل ِ کتاب ہیں اور اِس ناطے سے ہمارے پیٹی بند بھائی ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو ہم بھی پیغمبر مانتے ہیں اور اِن دو تین تہواروں کی حد تک ہمارے عقیدے میں بھی کوئی جوہری فرق نہیں ہے، تو پھر ہم سانجھی خوشی کیوں نہیں منا سکتے!

دوسری بڑی اقلیت ہندووں کی ہے ، اِن کے بارے میں ہمارے وچار خاصے قابل اعتراض ہیں ،عام لوگوں کی کیا بات کروں اچھے خاصے پڑھے لکھے لوگ ہندوو ں سے سر عام نفرت کااظہار کرتے ہیں۔ دو مثالیں پیش خدمت ہیں۔ ایک تو عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس گزرے ہیں جن کا نام تاریخ میں بہت سے ’کارناموں‘ کی وجہ سے کوئلے سے لکھا جائے گا (اسے نسل پرستانہ بات نہ سمجھا جائے ) ، موصوف نے ایک مرتبہ تقریر میں ہندووں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں تو اِن کا نام بھی اپنی زبان سے نہیں لینا چاہتا۔ یقینا آپ جان گئے ہوں گے کہ یہ کن صاحب کی بات ہو رہی ہے۔دوسری مثال ایک سابق جرنیل کی ہے جنہیں مشرف دور میں سول سروس افسران کی تربیت سے وابستہ ادارے میں بطور ریکٹر تعینات کیا گیا تھا ،موصوف کو زیر تربیت افسروں کو خطاب کرنے کا بہت شوق تھا ، ان کا خطاب صبح شروع ہوتا تھا اور شام تک جاری رہتا تھا ، اِس دوران وہ سوائے ہندووں کے خلاف نفرت پھیلانے کے اور کوئی بات نہیں کرتے تھے۔اِن دو باتوں سے اندازہ لگائیں کہ اگر نام نہاد پڑھی لکھی اشرافیہ کا یہ حال ہے تو عام آدمی کیا سوچتا ہو گا!

ہندو دھرم میں وید سب سے قدیم اور مقدس سمجھے جانے والے صحیفے ہیں جو ہزاروں سال پرانے ہیں ، اِن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ براہ راست روحانی تجربے کے ذریعے قدیم بابوں (رشیوں) پر نازل ہوئے تھے۔یہ وید بھجن، رسومات اور منتروں کا مجموعہ ہیں جو ہندو مذہبی اور فلسفیانہ فکر کی بنیاد ہیں اور اعلی شاعرانہ زبان میں لکھے گئے ہیں، رگِ وید کا ایک نمونہ دیکھیں : ”جب نہ عدم تھانہ وجود ، نہ اقلیم ِخلا تھی اور نہ ہی اس پار افلاک کی تہیں۔ کس شے نے تحرک پیدا کیا! کہاں؟ کسی کی حفاظت میں ؟ کیا وہاں پانی تھا ، بے انت گہرا؟ جب نہ فنا تھی نہ بقا ، جب دن اور رات کی کوئی تفریق نہیں تھی۔ وہ سانس لیتا تھا ، بغیر ہوا کے،اپنی قوت ِ متحرکہ کے سہارے۔اِس کے علاوہ اور کچھ نہ تھا۔۔۔یہ کب تخلیق پذیر ہوئی ، غالباً اِس نے خود اپنی تخلیق کی ، یا شاید ایسا نہیں۔ وہ جو عرشِ معلی کی جانب سے نیچے کی طرف دیکھتا ہے ،صرف وہی جانتا ہے ، یا شاید وہ بھی نہیں جانتا۔“ہزاروں سال پہلے لکھے گئے اِس نغمہ تخلیق میں وہی سوالات کیے گئے ہیں جو آج بھی انسانوں کے لیے معمہ بنے ہوئے ہیں ، زمان و مکان اور singularity کے تصور پر اِس سے عمدہ تبصرہ بھلا کیا کیا جا سکتا ہے!وید کے علاوہ بھگود گیتا بھی ہندووں کی مقدس کتاب ہے جو مہا بھارت کا حصہ ہے، یہ خیر و شر کے درمیان کشمکش کی کہانی ہے ،اسے بھگوان کرشن اور ارجن کے درمیان ہونے والی گفتگو کی شکل میں لکھا گیا ہے، اِس گنجلک اور تہہ در تہہ پیچیدہ کہانی میں بھی گہرے فلسفیانہ اور اخلاقی سوالات کو پیش کیا گیا ہے جو ازل سے انسانی دماغ کو جھنجھوڑ رہے ہیں ،اِس کے علاوہ بھگود گیتا میں دھرما، کرما، یو گا اور خالق اور خلق کی خصوصیات جیسے موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔

مدعا فقط یہ ہے کہ ہم اقلیتوں کا دن تو منا رہے ہیں ،ہمارے آئین میں اِن کے حقوق بھی لکھ دیے گئے ہیں اور ہمارا مذہب بھی اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے ،لیکن کیا ہم پاکستانی اقلیتوں کے رسوم و عقائد کے بارے میں کچھ جانتے بھی ہیں ؟ کیونکہ اگر ہم جانتے ہوں تو ہمارا رویہ اقلیتوں کے ساتھ ویسا نہ ہو جیسا اب ہے۔جس خطے میں ہم رہتے ہیں وہ کبھی متحدہ ہندوستان تھا اور یہاں مساجد ، مندر، گوردوارے اور گرجاگھر تھے ، کچھ رہ گئے ، کچھ ڈھا دیے گئے اور کچھ تاریخ کے جبر کا شکار ہوگئے۔ ہزاروں سال کی جس تہذیب اور تاریخ پر ہم فخر کرتے ہیں وہ تاریخ صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ دیگر تمام غیر مسلم قوموں کی بھی ہے جو قدیم صحیفوں ، مقدس عمارتوں اور عبادت گاہوں سے عبارت ہے۔اِس بچی کھچی تاریخ کو سمیٹ لیں تو کچھ بچت ہوجائے گی ، ورنہ دیر تو پہلے ہی بہت ہو چکی ہے۔

Facebook Comments HS

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 610 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada