گورنر راج کی آئینی تشریح اور قانونی نفاذ
گورنر راج ایک ایسا آئینی و قانونی اقدام ہے جس کے تحت کسی صوبے کا انتظامی اور حکومتی نظام براہ راست وفاقی حکومت کے سپرد کر دیا جاتا ہے۔ آئین کے مطابق، صوبائی گورنر وفاقی حکومت کا نمائندہ ہوتا ہے جسے صدر مملکت، وزیر اعظم کی سفارش پر تعینات کرتا ہے۔
آئین کی شق 232 کے تحت گورنر راج کے نفاذ کی وجوہات اور شرائط متعین کی گئی ہیں۔
If a situation arises where the internal disturbances in a province are beyond the control of the provincial government, the President may impose an emergency.
سوال : اٹھارہویں ترمیم کے گورنر راج پر کیا اثرات ہو سکتے ہیں؟
اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت آرٹیکل 232 میں ترمیم کی گئی، جس میں گورنر راج کے نفاذ کو صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا۔
Amendment of Article 232 of the Constitution: Provided that for imposition of emergency due to internal disturbances beyond the powers of a Provincial Government to control, a Resolution from the Provincial Assembly of that Province shall be required.
یہ شرط وفاقی حکومت کو کسی صوبے میں اپنی مرضی سے گورنر راج نافذ کرنے سے روکتی ہے، بالخصوص اگر اس کا مقصد مخالف جماعت کی حکومت ختم کرنا ہو۔
آرٹیکل 232 کے مطابق اگر کسی صوبے میں داخلی یا خارجی خطرات کے سبب امن و امان کی صورتحال قابو سے باہر ہو اور صوبائی حکومت اسے کنٹرول کرنے میں ناکام ہو، تو صدر مملکت ہنگامی حالت نافذ کر کے گورنر راج لگا سکتے ہیں۔ تاہم، اس کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ صوبائی اسمبلی سادہ اکثریت سے قرارداد منظور کرے۔ اگر اسمبلی منظوری نہ دے، تو دس دن کے اندر قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں سے منظوری حاصل کرنا لازم ہو گا۔
سوال : عملی مشکلات کا سامنا وفاق کو کیا ہو سکتا ہے؟
خیبرپختونخوا میں گورنر راج نافذ کرنا عملی طور پر ناممکن ہے کیونکہ وہاں تحریک انصاف کی اکثریت ہے، جو اس کے خلاف ہے۔ اسی طرح، قومی اسمبلی میں منحرف اراکین اور سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت اس اقدام کی منظوری مشکل بناتی ہے۔ لیکن اکثریت حاصل کرنا سٹنگ گورنمنٹ کے لیے پہلے بھی مولانا فضل الرحمٰن کے ووٹوں کے حصول نے آسان کر دیا تھا، لیکن اب حالات مختلف اور شدید سیاسی ہونے کے باعث اس عمل کو کرنے میں دشواری پیش آ سکتی ہے۔
پاکستان کی تاریخ میں مختلف ادوار میں گورنر راج نافذ کیا گیا، جیسے کہ 2009 پنجاب میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی سفارش پر صدر آصف علی زرداری نے شہباز شریف کی حکومت کے خلاف گورنر راج نافذ کیا۔ اور 2013 بلوچستان کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے گورنر راج لگایا۔
گورنر راج کا نفاذ ایک حساس آئینی اقدام ہے، جو صرف غیرمعمولی حالات میں، سخت قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد ہی ممکن ہے۔ اٹھارہویں ترمیم نے اس عمل کو مزید جمہوری اور شفاف بنایا ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان اختیارات کا توازن برقرار رہے۔


