جہد مسلسل کا ایک اور باب


ایک اور سال اپنی تمام تر مسرتوں، غموں، ناکامیوں اور کامیابیوں کے ساتھ گزر گیا۔ یہ وقت میرے لیے فقط تقویمی تبدیلی کا نہیں، بلکہ اپنی ذات کے ساتھ ایک گہرے مکالمے کا ہے۔ میں نے اس سال کیا کھویا، کیا پایا، اور کہاں اپنی ذات سے انصاف کیا؟ یہ سوالات میری روح کو جھنجھوڑ رہے ہیں، اور ان کے جواب میں اپنے دل کے نہاں خانے ٹٹول رہا ہوں۔

سال کی ابتداء میں میرے پاس خواب تھے اور اُن کو پور کرنے کا بے پناہ جوش و ولولہ۔ کچھ میں نے پایۂ تکمیل تک پہنچا دیے اور کچھ ابھی بھی ان صفحات پر موجود ہیں، جن پر میری امیدوں کی روشنائی کمزور پڑ چکی ہے۔ کچھ مواقع میری کمزوریوں کے ہاتھوں ضائع ہو گئے اور کچھ میری غفلت کا شکار ہوئے۔ مگر ایک بات یقینی امر ہے کہ ہر ناکامی نے مجھے وہ سبق دیا، جو کسی کتاب میں موجود نہیں۔ اور اِس بات پر بھی صادق ایمان ہو چکا کہ وقت کے حالات و مشکلات اور اُن سے بنرد آزما ہونے سے بڑا کوئی استاد نہیں۔ یہ سال میرے لیے ایک ایسا آئینہ تھا، جس نے میری حقیقت کو میرے سامنے عیاں کیا۔ میری خامیاں، میری کوتاہیاں اور میرے وہ پہلو، جو ہمیشہ میری نظر سے اوجھل رہے، سب اس آئینے میں واضح ہو گئے۔

اس سال نے مجھے سکھایا کہ صبر کے بغیر کامیابی کا حصول ممکن نہیں، اور شکر کے بغیر خوشی بے معنی ہے۔ یہ سال میرے لیے فطری استاد ہے جس نے کئی خود ساختہ مخلصوں کے چہروں کے پردے فاش کیے اور کئی نیک بخت چاہتوں کے پول کھولے۔ اس سب کے باوجود 2025 میرے سامنے ہے، جیسے ایک خالی کتاب ہو، جس کے صفحات پر میں اپنی کہانی لکھنا چاہتا ہوں۔ مگر اس بار، میں اپنے قلم کی طاقت کو جان چکا ہوں۔

میں نے خود سے عہد کیا ہے کہ میں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق لوں گا، مگر انہیں اپنے حال پر حاوی نہیں ہونے دوں گا۔ میں نے طے کیا ہے کہ ہر دن کو ایک نئی امید، ایک نئی روشنی، اور ایک نئی کامیابی کے امکان کے طور پر اپناؤں گا۔ قلب سے اٹھتے اور سوچ سے الجھتے کئی سوال پھن پھیلائے مجھے ڈس رہے ہیں لیکن اُس زہر کا تریاق ڈھونڈتے ہوئے میں اگلے سال میں داخل ہو رہا ہوں۔

2024 نے مجھے مایوس کیا، آزمایا، اور کہیں کہیں تھکا دیا۔ مگر یہ سال مجھے مضبوط تر بھی کر گیا۔ میں نے اپنی ذات کی گہرائیوں میں جھانکنا سیکھا، اپنی کمزوریوں کو طاقت میں بدلنے کا ہنر سیکھا، اور اپنی منزل کو مزید واضح پایا۔
اب 2025 میرے سامنے ہے۔ ایک نیا موقع، ایک نیا آغاز، اور ایک نئی زندگی کا وعدہ۔ میں اس نئے سال کے لیے تیار ہوں، اپنی تمام تر طاقت، عزم، اور یقین کے ساتھ۔

میں اپنی زندگی کا معمار ہوں، اور اس تعمیر کا ہر پتھر میری محنت اور میرے خواب ہیں۔ دعا گو ہوں کہ یہ سال میرے وطن، میرے والدین و اہل خانہ اور میرے لیے عافیت کا سبب بنے۔

Facebook Comments HS