تلاش، محنت اور صحیح رہنمائی: کامیابی کا سنہری اصول
زندگی کی حقیقت بھی انٹرنیٹ کی سرچ انجن جیسی ہے۔ ہر شخص اپنی تلاش میں مصروف ہے، کوئی کامیابی ڈھونڈ رہا ہے، کوئی خوشحالی، کوئی سکون اور کوئی دولت۔ لیکن ہر انسان کو وہی کچھ ملتا ہے جس کی وہ واقعی تلاش کر رہا ہوتا ہے۔ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی نے انٹرنیٹ پر ”گاڑی“ تلاش کی ہو اور نتیجے میں ”پہاڑ“ آ گیا ہو۔ بالکل اسی طرح، زندگی میں بھی ہمیں وہی کامیابی، وہی مواقع اور وہی حالات نصیب ہوتے ہیں جن کے لیے ہم شعوری یا لاشعوری طور پر کوشاں ہوتے ہیں۔
کچھ لوگوں کو اپنی کوششوں کا نتیجہ فوراً مل جاتا ہے جبکہ کچھ کو کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے اور اگر کوئی شخص اس چیز کو جانے کہ کمی کہاں رہ گئی جس سے صحیح نتائج حاصل نہیں ہو رہے تو یقین جانیے صحیح رہنمائی، صحیح محنت اور صحیح تلاش کے علاوہ شاید ہی اس کو کچھ اور ملے گا جس کی وجہ سے اس کو کامیابی نہیں ملی۔ لیکن ایک چیز ہمیشہ کام آتی ہے۔ مسلسل جدوجہد اور صحیح رہنمائی۔ اگر سمت درست ہو، تو سفر چاہے لمبا بھی ہو، منزل ایک نہ ایک دن ضرور حاصل ہوتی ہے۔ یہی اصول کاروباری دنیا، خصوصاً سیلز اور مارکیٹنگ میں سب سے زیادہ لاگو ہوتا ہے۔
کاروبار کا اصل مقصد یہ سمجھنا ہوتا ہے کہ کسٹمر کو کیا چاہیے، کب چاہیے اور کس انداز میں چاہیے۔ ایک کامیاب بزنس مین یا سیلز پرسن وہی ہوتا ہے جو نہ صرف درست مارکیٹ کو سمجھتا ہے بلکہ خود کو بدلتے حالات کے مطابق ڈھالتا ہے۔
ایک اچھا سیلز پرسن وہی ہوتا ہے جو پہلے یہ سمجھے کہ مارکیٹ میں کس چیز کی مانگ ہے، اور گاہک کی ضرورت کیا ہے۔ اگر وہ غلط پروڈکٹ، غلط جگہ، یا غلط لوگوں کو بیچنے کی کوشش کرے گا، تو اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مثال کے طور پر، اگر کوئی شخص کسی ایسی جگہ گھر بیچنے کی کوشش کرے جہاں لوگوں کے پاس پہلے ہی بہتر ین آپشنز موجود ہیں، تو وہ سیلز میں ناکام رہے گا۔ لیکن اگر وہ ان لوگوں کو ہدف بنائے جو حقیقت میں نئی رہائش کے متلاشی ہیں، تو کامیابی یقینی ہوگی۔
بہت سے لوگ جلدی ہار مان لیتے ہیں، لیکن کامیاب سیلز پرسن وہی ہے جو مشکلات کے باوجود ہمت نہ ہارے۔ یہ حقیقت ہے کہ سیلز میں کامیابی صرف پہلے رابطے پر نہیں ملتی بلکہ مستقل مزاجی اور مسلسل فالو اپ کی ضرورت ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق، 80 % سیلز پانچویں فالو اپ کے بعد مکمل ہوتی ہیں، لیکن 44 % سیلز مین صرف ایک بار رابطہ کرنے کے بعد ہار مان لیتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ زیادہ تر گاہک پہلے رابطے پر فیصلہ نہیں کرتے، بلکہ انہیں اعتماد حاصل کرنے اور معلومات کو پرکھنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔
کامیاب سیلز مین وہی ہوتے ہیں جو صبر، مستقل مزاجی اور درست حکمت عملی کے ساتھ گاہک کے ساتھ تعلق استوار کرتے ہیں۔ اگر ایک سیلز پرسن پہلے، دوسرے یا تیسرے فالو اپ پر ہار مان لے، تو وہ 80 % ممکنہ سیلز کے مواقع کھو دیتا ہے۔ بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہر فالو اپ میں گاہک کو کچھ نیا اور قیمتی فراہم کیا جائے، جیسے مزید معلومات، کسٹمر ریویوز، یا پرسنلائزڈ آفرز، تاکہ ان کی دلچسپی برقرار رہے اور وہ حتمی فیصلہ کر سکیں۔
یہی اصول عام زندگی میں بھی لاگو ہوتا ہے۔ اگر ہم کسی علاقے میں جائیں اور اپنے کسی عزیز کا گھر تلاش کریں اور وہاں انٹرنیٹ میسر نہیں، فون موجود نہیں تو آپ اپنے اردگرد موجود ایسے افراد سے رہنمائی حاصل کریں جو مقامی ہوں یا علاقہ کو اچھی طرح سے جانتے ہوں ان کی صحیح رہنمائی میں، بار بار صحیح سمت میں کوشش کرنے سے ہو سکتا ہے کئی ناکامیوں کے باوجود آپ کو صحیح راستہ مل جاتا ہے۔
اگر کسی کو انٹرنیٹ پر کوئی مشکل معلومات تلاش کرنی ہو، تو وہ یا تو ماہر سے مشورہ لے گا، یا وہ تحقیق کرے گا۔ اگر وہ کسی غلط ذریعے سے معلومات حاصل کرے گا، تو اس کے نتائج بھی غلط نکلیں گے۔
بالکل یہی اصول کاروبار میں بھی لاگو ہوتا ہے۔ اگر سیلز ٹیم کو صحیح ٹریننگ، جدید مارکیٹنگ ٹولز، اور موثر حکمت عملیوں سے آگاہی نہ ہو، تو وہ کبھی اپنی کمپنی کی ترقی میں مثبت کردار ادا نہیں کر سکتی۔
سیلز اور زندگی میں کامیابی کے 3 بنیادی اصول:
1۔ صحیح تلاش کریں → اپنے ہدف اور گاہک کی ضروریات کو سمجھیں۔
2۔ مسلسل جدوجہد کریں → ایک یا دو ناکامیوں کے بعد ہار نہ مانیں، بلکہ تجربے سے سیکھیں۔
3۔ صحیح رہنمائی حاصل کریں → اپنے اردگرد ایسے لوگ رکھیں جو آپ کو بہتر مشورہ دے سکیں۔
اگر ہم ان اصولوں کو زندگی اور کاروبار میں اپنا لیں، تو نہ صرف سیلز میں بلکہ ہر میدان میں کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔


