قاقلشٹ میڈوز۔ چترال کا سرسبز جنت نما منظر


چترال، اپنی قدرتی خوبصورتی، پرامن فضا اور بلند و بالا پہاڑوں کی وجہ سے پاکستان کا ایک اہم سیاحتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ ان ہی حسین مقامات میں سے ایک ہے۔ قاقلشٹ میڈوز، جو اپنی دلکش وسعت، ہریالی اور فطری حسن کی وجہ سے ہر سال ہزاروں سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔

قاقلشٹ میڈوز، لوئر چترال شہر سے تقریباً 75 اور بونی شہر سے صرف پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں تک پہنچنے کا راستہ نسبتاً آسان اور قابلِ رسائی ہے، خاص طور پر مارچ اور اپریل کے دوران جب برف پگھل چکی ہوتی ہے اور ہریالی اپنے عروج پر ہوتی ہے۔

قاقلشٹ میڈوز کا سب سے منفرد پہلو یہ ہے کہ یہاں ایک ایسا بلند مقام موجود ہے جہاں سے آپ تقریباً 15 کلومیٹر تک پھیلے ہوئے سرسبز میدانوں کا نظارہ کر سکتے ہیں۔ یہ منظر اتنا واضح، کھلا اور حسین ہوتا ہے کہ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ ڈرون کیمرے سے پورے علاقے کو دیکھ رہے ہوں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں کھڑے ہو کر انسان قدرت کی عظمت کا دل سے اعتراف کرتا ہے۔

مارچ کے آخر سے لے کر اپریل کے وسط تک قاقلشٹ میڈوز اپنے عروج پر ہوتی ہیں۔ ہریالی، پھولوں کی خوشبو، نیلا آسمان اور ٹھنڈی ہوائیں سیاحوں کو سحر میں مبتلا کر دیتی ہیں۔ اس دوران مقامی لوگ یہاں میلوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں جن میں روایتی کھیل، ثقافتی موسیقی، کھانے پینے کے اسٹالز اور دیگر رنگا رنگ سرگرمیاں شامل ہوتی ہیں۔

قاقلشٹ کے ارد گرد بسنے والی مقامی کمیونٹی نہایت مہمان نواز اور خوش اخلاق ہے۔ سیاحوں کا خیرمقدم ان کے خلوص اور روایتی انداز میں کیا جاتا ہے، جو اس سفر کو مزید یادگار بنا دیتا ہے۔

اگرچہ قاقلشٹ ایک قدرتی مقام ہے، لیکن مقامی حکومت اور انتظامیہ کی کوششوں سے یہاں تک رسائی ممکن ہو گئی ہے۔ فور بائی فور گاڑیوں کے ذریعے آسانی سے یہاں پہنچا جا سکتا ہے۔ بعض مقامات پر سادہ گاڑیاں بھی جا سکتی ہیں، لیکن بارش یا برف باری کے بعد سڑک کی صورتحال دیکھنا ضروری ہے۔

یہ مقام ان لوگوں کے لیے مثالی ہے جو کیمپنگ، ہائیکنگ اور قدرتی خاموشی کو پسند کرتے ہیں۔ یہاں رات گزارنے کا تجربہ چاندنی رات، ٹھنڈی ہوا اور تاروں بھرے آسمان کے ساتھ ناقابلِ فراموش ہو سکتا ہے۔

اگرچہ قاقلشٹ میڈوز سیاحوں میں مقبول ہو چکی ہیں، لیکن اب بھی یہاں کچھ بنیادی سہولیات کی کمی ہے جیسے مستقل واش رومز، صاف پانی کے ذرائع، اور رہنمائی کے لیے بورڈز۔ حکومت اگر اس طرف توجہ دے تو یہ مقام بین الاقوامی سیاحتی مقام بن سکتا ہے۔

قاقلشٹ میڈوز کو اللہ تعالیٰ نے تمام خوبصورتی اور نعمتوں سے نوازا ہے، لیکن سیاح اور مقامی لوگ اکثر شکایت کرتے ہیں کہ لوئر چترال سٹی سے بونی یا شندور تک کی سڑک انتہائی خراب اور خستہ حال ہے۔ اگرچہ اس پر تعمیراتی کام جاری ہے، مگر یہ سست روی کا شکار ہے۔ اگر یہ سڑک مکمل ہو جائے تو قاقلشٹ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سیاحتی مقام بن سکتا ہے اور یہ راستہ بین الاقوامی سیاحتی روٹ کی حیثیت بھی حاصل کر سکتا ہے۔

قاقلشٹ میڈوز قدرت کی طرف سے چترال کے دامن میں چھپی ایک ایسی نعمت ہے جو اپنے سیاحوں کو حیران، خوش اور متاثر کرتی ہے۔ اگر آپ قدرتی خوبصورتی، سکون، اور فطری مناظر کے متلاشی ہیں تو قاقلشٹ آپ کے لیے بہترین منزل ہے۔

Facebook Comments HS