پرما کی اٹھارہویں سالگِرہ پہ فینی کے محبت بھرے خطوط (سلسلہ وار 17 )
زندگی میں جب ہم کوئی مقام حاصل کرتے ہیں تو اس میں بہت سے لوگوں کی دعائیں اور کوششیں شامل ہوتی پیں۔ والدین، اساتذہ، دوست اور بہت سے ایسے لوگ جن کا کوئی نام اور چہرہ نہیں ہوتا مگر جو اس سفر میں ہماری مدد کرتے ہیں ان سب کو یاد رکھنا چاہیے اور کوشش کرنی چاہیے کہ ہم بھی اسی طرح لوگوں کے کام آئیں اور ان کو منزل تک پہنچنے میں مدد کریں۔
پرما جب تم راتوں کو جاگ کر مختلف تقریری مقابلوں کے لئے اپنے اسکول کے بچوں کی مدد کر رہی ہوتی ہو تو خوشی ہوتی ہے۔ کئی دفعہ یہ فکر بھی ہوتی ہے کہ تمہاری اپنی نیند پوری نہیں ہو رہی اور تم تھک رہی ہو میں تم سے کہتی بھی ہوں کہ اب سو جاؤ مگر تم یہی جواب دیتی ہو کہ میں ڈبیٹ کوچ ہوں مجھے ان کی مدد کرنی ہے آپ فکر نہیں کریں یہ احساس ذمہ داری بہت اچھی بات ہے۔ زندگی ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلنے کا نام ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ تم اور فرجاد اپنے ارد گرد لوگوں کے کام آتے ہو۔ تمہیں اپنی منزل حاصل کرنے کے لئے جن لوگوں نے مدد کی وہ شاید کل نہ ہوں تم دوسروں کے کام آنا اور یہ قرض ضرور اتارنا۔


