کینال اور کارپوریٹ فارمنگ: سی سی آئی میٹنگ ریاستی فراڈ اور وفاقی آمریت کا نیا ہتھیار
سندھ کے عوام کو ایک بار پھر ریاستی فراڈ کے ذریعے وفاقی مرکزیت کے شکنجے میں جکڑنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل (CCI) کا حالیہ فیصلہ سندھ دشمنی کی ایک اور گھناؤنی قسط ہے۔ یہ فیصلہ دراصل سندھ کے پانی، زمین، اور خودمختاری پر اسلام آباد کی آمریت کا تازہ ترین حملہ ہے جس کا مقصد سندھ کی عوامی مزاحمت کو وقتی طور پر دبانا اور آنے والے دنوں میں سندھو دریا پر قابض ہونے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ مگر سندھ کے عوام اپنا فیصلہ دے چکے ہیں۔ کینال منصوبہ مکمل اور غیر مشروط طور پر منسوخ ہونا چاہیے۔ اب نہ کوئی مشروط منظوری، نہ کوئی جعلی وفاقی ڈرامہ، نہ کوئی مزید CCI کی میٹنگ۔ سندھ کے عوام کے فیصلے کے سامنے یہ سب کاغذ کے بے جان ٹکڑے ہیں۔
”چاروں صوبوں کی منظوری“ کا راگ دراصل سندھ کے عوام کی سیاسی بے حرمتی ہے۔ جب سندھ اپنے مستقبل پر واضح اور دو ٹوک فیصلہ دے چکا ہے تو کسی اور صوبے کسی اور مرکز یا کسی اسلام آبادی دربار کے فتوے کی کوئی حیثیت نہیں۔ اور اگر ایسا کیا گیا تو یہ سراسر اکثریتی جبر ہو گا جس کی ہر سطح پر شدید ترین مزاحمت کی جائے گی۔ CCI کا حالیہ فیصلہ وفاقی مرکزیت کی بدترین شکل ہے اور سندھ ان دھوکہ دہی کی چالوں کو اب کسی خاطر میں نہیں لائے گا۔ کیونکہ یہ کینال محض ایک نہر نہیں یہ سندھ کی زمینوں پر عالمی مالیاتی اداروں اور کارپوریٹ منافع خوروں کے قبضے کا راستہ ہے۔ گرین پاکستان انیشیٹو اور کارپوریٹ فارمنگ جیسے سامراجی منصوبے سندھ کے دریاؤں اور زمینوں کو اسلام آباد کے اشاروں پر سرمایہ داروں کے حوالے کرنے کا پروگرام ہیں۔ اگر یہ کینال مکمل ہوتی ہے تو سندھ کی زرخیز زمینیں سستی قیمت پر انٹرنیشنل ایگرو کارپوریشنز کی جاگیریں بن جائیں گی اور سندھ کے کسان اپنی ہی مٹی میں اپنی ہی دھرتی پر اجنبی بنا دیے جائیں گے۔ یہ کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں یہ سامراجی قبضے کا جدید ترین روپ ہے ایک ”گرین سامراج“ جو گرین انیشیٹو کے نام پر سندھ کو معاشی غلامی میں جھونکنے آ رہا ہے۔
اب بات بالکل صاف ہو چکی ہے اسلام آباد کی آمریت کو سندھ کے عوام کے فیصلے پر کوئی حق نہیں۔ سندھ کے عوام کا مطالبہ ہے کہ کینال منصوبے کی غیر مشروط مکمل اور فوری منسوخی کی جائے۔ کارپوریٹ فارمنگ اور زمینوں کی نیلامی کا منصوبہ بند کیا جائے۔
سندھ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اب مزید کسی CCI اجلاس یا اسلام آباد کے کسی حکم نامے کی ضرورت نہیں۔ سندھ کا فیصلہ حکمرانوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔ جو اسے نہ مانے گا وہ تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا۔ سندھ اٹھ کھڑا ہوا ہے اور سندھ فتح حاصل کرے گا۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).