ثنا یوسف: انکار کی سزا موت کیوں؟
اسلام آباد میں سوشل میڈیا سے وابستہ نوجوان انفلوئنسر ثنا یوسف کا بے رحمانہ قتل صرف ایک فرد کی موت نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی سماجی و فکری زوال کی سنگین علامت ہے۔ ایک پڑھی لکھی، باہمت اور پُرامید لڑکی، اس لیے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی کہ اس نے ایک رشتہ، ایک تعلق اور ایک جذباتی دباؤ کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ انکار، جو انسان کا بنیادی حق ہے۔ ایک ایسا حق جسے معاشرتی، اخلاقی اور دینی اعتبار سے مکمل تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔ اس انکار کا نتیجہ ایسا خونی انجام کیوں بنا؟ یہ سوال صرف قانون کا نہیں، پورے معاشرے کی سوچ کا ہے۔
قاتل عمر حیات کا کردار محض فردِ واحد کا عمل نہیں بلکہ ان سماجی رویوں کی پیداوار ہے جہاں خواتین کو انکار کا حق نہیں دیا جاتا، اور مردانہ انا کو اگر چیلنج کیا جائے تو اسے ”غیرت“ یا ”انتقام“ کے نام پر قتل کے لائسنس میں بدل دیا جاتا ہے۔ یہ طرزِ فکر صرف تعلیمی فقدان یا طبقاتی فرق کی پیداوار نہیں، بلکہ گہرے ثقافتی اور ذہنی بگاڑ کا مظہر ہے۔ یہ سوچ نہ صرف قاتل کے ذہن میں پنپتی ہے، بلکہ وہ معاشرہ جو ایسے جرائم پر ”لیکن“ اور ”اگر“ لگا کر تجزیہ کرتا ہے، اسے عملی جواز فراہم کرتا ہے۔
مجرم نے ثناء یوسف کو مسترد کیے جانے پر قتل کیا، لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ قتل کے بعد سوشل میڈیا پر ایسے تبصرے بھی سامنے آئے جن میں مقتولہ کے اندازِ زندگی پر سوالات اٹھائے گئے۔ ”اس نے خود کو اس انجام تک پہنچایا“ ، ”ٹک ٹاک پر آنے والی لڑکیوں کو ایسا ہی انجام ملتا ہے“ ۔ یہ تبصرے دراصل قاتل کی سوچ کا توسیع شدہ ورژن ہیں، جو سماجی طور پر ”بظاہر مہذب“ الفاظ میں خواتین کو خاموشی کا پیغام دیتے ہیں۔ ان تبصروں میں چھپی نفسیاتی پرتشدد فضا دراصل قاتلانہ رویے کی اجتماعی توثیق کرتی ہے، جو بذاتِ خود ایک سماجی جرم ہے۔
نفسیاتی طور پر ایسے واقعات معاشرتی عدمِ تحفظ کو جنم دیتے ہیں، خاص طور پر ان خواتین کے لیے جو اپنے خیالات، فن، یا شناخت کو عوامی سطح پر پیش کرتی ہیں۔ خوف، اضطراب، اور خود پر مسلسل تنقیدی نظر، یہ سب علامات ایک وسیع پیمانے پر نفسیاتی دباؤ کا سبب بنتی ہیں، جسے ”social trauma“ کہا جا سکتا ہے۔ جب معاشرہ اجتماعی طور پر ایسے واقعات پر مبہم ردعمل دیتا ہے، تو یہ خود عورت کی نفسیاتی سلامتی کے خلاف ایک مسلسل حملہ بن جاتا ہے۔
ضرورت اب صرف قاتل کو سزا دینے کی نہیں، کیونکہ ریاستی سطح پر اس طرح کے جرائم صرف قانونی مسئلہ نہیں ہوتے، یہ تعلیمی، نفسیاتی اور سماجی اصلاح کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جب تک میڈیا، تعلیمی، مذہبی و سماجی اداروں اور ریاستی پالیسیوں میں خواتین کی مرضی اور خودمختاری کو جائز اور محفوظ تسلیم نہیں کیا جائے گا، ایسے قاتل پیدا ہوتے رہیں گے۔ اور ان کے حامی سوشل میڈیا پر دلیلیں دیتے رہیں گے۔ ریاست، ادارے، میڈیا، والدین، اساتذہ اور مذہبی طبقات، سب کو ایک موثر اصلاحی بیانیہ تشکیل دینا ہو گا۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو سکھانا ہو گا کہ انکار برداشت کرنا اخلاقی پختگی ہے، نہ کہ کمزوری۔ اور کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ انکار کا جواب گولی سے دیں۔
ثناء یوسف کا قتل ہم سب کے لیے ایک اجتماعی امتحان ہے۔ کہ ہم اپنے معاشرتی سانچوں، ذہنی تربیت، اور آن لائن بیانیوں کو ازسرنو دیکھیں۔ یہ وقت ہے کہ ہم بطور قوم واضح کریں۔ کہ کسی کو قتل، دھمکی یا کردارکشی کا حق نہیں۔ انکار ایک انسانی حق ہے، نہ کہ موت کا جواز۔ جب تک ہم یہ سچ کھل کر تسلیم نہیں کرتے، ہم قاتلوں کے ساتھ ساتھ ان کے نظریاتی حامیوں کو بھی تحفظ فراہم کرتے رہیں گے۔


