رستم کیانی کی کچہری اور انصاف کا ٹویٹ

سوال تو یہ بھی ہے کہ ساری قوم عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی منتظر ہے۔ ریاست کے ایک ادارے کو خاص طور پر اپنا مو ¿قف بیان کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ۔اس کا پس منظر سمجھنے کے لیے تاریخ میں کچھ پیچھے جانا ہو گا۔ برصغیر پاک و ہند پر نوآبادیاتی حکومت کے دو سو برس میں انگریزوں کی افرادی قوت کبھی تیس ہزار سے زیادہ نہیں ہو سکی۔ قانون آزادی ہند کی منظوری کے وقت بھی ہندوستان کی آبادی چالیس کروڑ اور برطانیہ کی کل آبادی صرف چار کروڑ تھی۔ غیر ملکی حکمرانوں کے لیے اتنی کم تعداد کے ساتھ اپنا اقتدار قائم رکھنے کے دو ہی ذرائع تھے۔ مقامی افراد پر مشتمل فوج اور پولیس ۔ نو آبادیاتی نظام میں فوج اقتدار کا سرچشمہ تھی۔ برطانیہ سے آنے والے سول انتظامی اہلکار ، تاجر اور پادری درجہ بندی میں کہیں نیچے آتے تھے۔ پہلی عالمی جنگ کے بعد تک کسی ہندوستانی کے لیے فوج میں کمیشن حاصل کرنا ممکن نہیں تھا۔ داخلی امن و امان کا بندوبست پولیس کے سپرد تھا اور اس کا کام تشدد اور جبر کے ذریعے مقامی آبادی کو محکوم رکھنا تھا۔ نوآبادیاتی نظام میں حکومت اقتدار کا نشان تھی اور عوام محکوم ۔ اقتدار فوج اور پولیس کی طاقت سے قائم رکھا جاتا تھا۔ آزادی کی لڑائی محض اس لیے نہیں تھی کہ پارلیمنٹ کے ایوانوں میں نندا لال اور عبدالکریم آکے بیٹھ جائیں۔ آزادی کا مفہوم عوام کی حاکمیت کا اقرار تھا۔ عوام حکمران ہوں تو فوج اور پولیس سمیت حکومت کا نصب العین شہریوں کا تحفظ اور ترقی قرار پاتے ہیں ۔ آزادی حاکم اور محکوم کی لکیر ختم کرنے کا نام ہے۔ اگرآپ ناراض نہ ہوں تو عرض کیا جائے کہ 12مارچ 1949 ءکو ہم نے حاکمیت کے اصول پر خاک ڈال دی۔ حاکمیت یا تو عوام کی ملکیت ہوتی ہے یا کسی بھی بلند تر تصور کی آڑ میں شخصی اقتدار قائم کیا جاتا ہے۔ عوام کی حاکمیت سے انکار ہم نے کر دیا ۔ غلام محمد اور سکندر مرزا سے ہوتے ہوئے ایوب خان تک کا سفر ناگزیر تھا۔ عوام کی حاکمیت سے انکار آئین کی بالادستی سے انحراف کا اعلان ہے۔ آپ چاہیں تو اسے نظریہ ضرورت کہہ لیں۔ جنرل ضیاءاور پرویز مشرف دو ٹوک سوال کیا کرتے تھے کہ پاکستان زیادہ اہم ہے یا آئین؟ کینیڈا والے شیخ الاسلام بھی یہی نقارہ بجاتے تشریف لائے تھے کہ سیاست نہیں ، ریاست بچاﺅ۔ آزاد ریاست کو آئین کے تسلسل اور سیاسی عمل پر اعتماد سے مفر نہیں۔ 31 جولائی 2009 ءکو ٹکا اقبال کیس کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے انصاف کے آئین اور قانون سے ماورا تصور کو رد کر دیا تھا ۔
دوسری جنگ عظیم کے بعد سے علمی حلقوں میں قانون اور انصاف کے تعلق پر بحث جاری رہی ہے۔ 1958 ءمیں کیمپ ایلن نے Aspects of Justice لکھی۔ 1951 ءمیں پوٹر (Potter ) نے Quest for Justice لکھی ۔ایچ ایل ہارٹ نے 1962 ءمیں Concept of Law لکھی۔ جان رالز نے 1971 ءمیں A Theory of Justice لکھی۔ قانون کے طریقہ کار اور انصاف کے تصور میں یہ بحث بنیادی طور پر ڈیوڈ ہیوم اور عمانویل کانٹ میں تقابل پر مبنی رہی ہے۔ ڈیوڈ ہیوم نے انصاف کے طریقہ کار پر زور دیا جبکہ کانٹ کسی تنازع میں فریقین کی صورت حال کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔ جان رالز نے آزادی اور مساوات میں ممکنہ سمجھوتے کا امکان پیش کیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ کسی تنازع کے فریق منصفانہ انتخاب کے اصولوں کی روشنی میں تصفیے تک پہنچ سکتے ہیں۔ 2010 ءمیں امرتیاسن نے اپنے استاد جان رالز کے نقطہ نظر کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سماجی انصاف کو قطبی یعنی سیاہ اور سفید کے پیمانوں پر طے نہیں کیا جا سکتا۔ سماجی انصاف کے درجے ہوتے ہیں اور انہیں تاریخی تسلسل سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ جدید اصول قانون میں انصاف کی اس بحث کوقانون کے طریقہ کار کے تابع رکھا گیا ہے۔ انصاف کی کسی مثالی اور تجریدی صورت کی تلاش بند گلی کی طرف لے جاتی ہے۔ ہمیں عدالت پر غیر مشروط بھروسہ کرنا چاہیے۔ ہمیں فرمان کی بجائے فراست کی طرف بڑھنا چاہیے۔ عدالت کا راستہ کچہری سے ہو کر گزرتا ہے۔

